مسلمان فلسطینیوں، کشمیریوں کو دعاؤں میں یاد رکھیں، عید پر وزیراعظم کا پیغام

33
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں عید الفطر کے موقع پر پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے بعد عید اللہ تعالی کا اپنے مومنین کیلئے تحفہ ہے، عید معاشرے میں خوشحالی کیلئے رنجشیں بھلا کر اکٹھا ہونے کا نام ہے۔ عید اپنے کمزور…

انھوں نے کہا کہ مہنگائی کے پیش نظر معاشی طور پر کمزور لوگوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں، ملکی سلامتی کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت پر ماموربہادر سپوتوں کو سلام کرتے ہیں۔ دنیا بھر میں مسلمان فلسطینیوں اور کشمیریوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

دریں اثنا صدر مملکت آصف زرداری کا عید کے موقع پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ عیدالفطر پر قوم اور امت مسلمہ کیلئے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔

آصف زرداری نے کہا کہ دعا گو ہوں کہ یہ دن ڈھیروں برکتیں، خوشیاں، امن اور سلامتی لائے۔ اللہ کا شکر ہے کہ ہمیں رمضان کی سعادتیں اور خوشیاں نصیب ہوئیں۔ عید خوشیاں بانٹنے، معاشرے کے محروم طبقات کیلئے ایثار و قربانی کا دن ہے،

صدر نے کہا کہ غریبوں، یتیموں اور محتاجوں کی مدد کریں، عید کی خوشیوں میں انھیں شریک کریں۔ بحیثیت قوم رکاوٹیں دورکرنے اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی ضرورت ہے۔ اخوت اور باہمی اتحاد و یکجہتی سے سرشار ہوکر مضبوط قوم بننے کی کوشش کریں۔

صدر نے کہا کہ پاکستانی قوم غزہ و فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکرتی ہے۔ عالمی برادری غزہ میں فوری جنگ بندی اور امداد کی فراہمی یقینی بنائے۔ اسرائیل کا ظلم، بربریت اور نسل کشی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انھوں نے کہا کہ خوشی کے اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو نہیں بھولنا چاہیے۔ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کیلئے اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، ہر پاکستانی اور پوری امت مسلمہ کی بھلائی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہوں۔ اللہ تعالیٰ ہماری قوم پر رحمتیں نازل فرمائے، نیکی کی راہ پر گامزن فرمائے۔

تبصرے بند ہیں.