افغانستان: مسلح افراد کی فائرنگ سے تین غیر ملکی سیاح ہلاک

34
افغانستان کے صوبے بامیان میں مسلح افراد کی فائرنگ سے تین غیر ملکی سیاح اور ایک مقامی شہری جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق طالبان حکومت کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ بامیان کے مرکزی علاقے میں فائرنگ سے غیرملکی سیاح ہلاک اور 3 مقامی افراد اور 4 غیرملکی شہری زخمی ہوگئے۔

وزارت داخلہ ترجمان عبدالمتین قانعی نے بیان میں کہا کہ مسلح افراد نے فائرنگ شروع کی، جس کے نتیجے یہ واقعہ پیش آیا تاہم 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

فائرنگ سے جاں بحق اور زخمی ہونے والے غیرملکیوں کی شہریت اور شناخت فوری طور پر نہیں ہوسکی اور حملہ آوروں سے متعلق بھی واضح نہیں ہوسکا۔

خیال رہے کہ بامیان یونیسکو کے تاریخی ورثے کے مراکز میں سے ایک ہے اور یہاں بدھا کے دو تاریخی مجسمے موجود ہیں، جس سے طالبان نے اپنے پہلے دور اقتدار کے دوران 2001 میں اڑا دیا تھا۔

طالبان نے 2021 میں افغانستان کی حکومت سنبھالنے کے بعدملک میں سیکورٹی کی صورت حال بہتر بنانے کا عزم ظاہر کیا تھا اور بڑی حد تک بہتری بھی آئی تھی، جس کے نتیجے میں ملک میں غیرملکی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور بدھا کے مجسمے دیکھنے کے لیے ٹکٹوں کی فروخت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.