امریکا نے غزہ میں جنگ بندی اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی سے مشروط کردی

40
امریکی صدر جوبائیڈن نے غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے حماس کے سامنے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کی شرط رکھ دی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ اگر حماس تمام اسرائیلی یرغمالیوں کو فوری رہا کرتا ہے تو غزہ میں کل ہی جنگ بندی ہوجائے گی۔

امریکی صدر نے کہا کہ اگر اسرائیل نے رفح پر مزید حملے کیے تو ہم اسرائیل کو ہتھیار فراہم نہیں کریں گے کیونکہ ہم معصوم شہریوں کا قتل عام نہیں چاہتے۔

جوبائیڈن کا مزید کہنا تھا کہ ہم معصوم بچوں اور شہریوں کے قتل عام کے لیے اسرائیل کو گولہ بارود، توپ خانے اور دیگر ہتھیار نہیں دیں گے۔

دوسری جانب مختلف میڈیا رپورٹس میں یہ کہا جارہا ہے کہ امریکا نے رفح میں بڑا آپریشن روکنے کے لیے اسرائیل کو حماس رہنماؤں کی خفیہ معلومات فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 34 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 78 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں جن میں خواتین اور معصوم بچے بھی شامل ہیں۔

تبصرے بند ہیں.