مٹی کی خوشبو اور لہراتے کھیت ہماری تہذیب اور معیشت کی اصل بنیاد
تحریر: رشید احمد نعیم
جب ہلکی بارش کے بعد زمین سے اٹھتی ہوئی مٹی کی خوشبو فضا میں تحلیل ہوتی ہے اور ہوا کے نرم جھونکے کھیتوں کی سبز لہروں کو جنبش دیتے ہیں تو یہ منظر محض فطرت کا حسن نہیں رہتا بلکہ ہماری تہذیبی تاریخ اور معاشی حقیقت کا جیتا جاگتا عکاس بن جاتا ہے۔ یہ وہ لمحہ ہوتا ہے جب انسان کو احساس ہوتا ہے کہ اس کی شناخت بلند عمارتوں اور مصنوعی روشنیوں سے نہیں بلکہ اسی نم آلود زمین سے جڑی ہے جس کی کوکھ سے رزق بھی پھوٹتا ہے اور روایت بھی۔ لہراتے کھیت صرف فصل کی علامت نہیں بلکہ قومی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی اور ہماری تہذیب کی سانس ہیں۔ اسی مٹی میں ہمارے آباؤ اجداد کے قدموں کے نشان محفوظ ہیں اور اسی زمین پر آنے والی نسلوں کے خواب پروان چڑھتے ہیں۔
مٹی کی خوشبو اور لہراتے کھیتوں کا منظر محض ایک دیہی تصویر نہیں بلکہ ہماری تہذیبی شناخت کی جیتی جاگتی عکاسی و علامت ہے۔ ہلکی بارش کے بعد جب زمین سانس لیتی محسوس ہوتی ہے اور ہوا میں نمی گھل کر روح تک اترتی ہے تو انسان کو احساس ہوتا ہے کہ زندگی کی اصل حرارت شہروں کی چکاچوند میں نہیں بلکہ اسی سادہ اور بے تکلف فضا میں پوشیدہ ہے۔ یہ وہ لمحہ ہوتا ہے جب آسمان پر جھکے بادل کسی خاموش دعا کی صورت زمین کو چھوتے ہیں اور کھیتوں میں لہراتی فصلیں شکرگزاری کے انداز میں سر ہلاتی دکھائی دیتی ہیں۔
بارش کے قطروں سے بھیگی مٹی کی مہک ایک ایسی خوشبو ہے جس کا کوئی مصنوعی نعم البدل نہیں۔ یہ خوشبو نسلوں کے حافظے میں بسی ہوئی ہے۔ یہی وہ مہک ہے جو بچپن کی یادوں کو تازہ کرتی ہے اور بزرگوں کی کہانیوں کو معنی بخشتی ہے۔ دیہات کے کچے راستے جب بارش سے تر ہو جاتے ہیں تو ان پر چلنے والے قدموں کی چاپ ایک سادہ مگر بامعنی زندگی کی گواہی دیتی ہے۔ اس منظر میں کوئی بناوٹ نہیں، کوئی دکھاوا نہیں بلکہ فطرت اور انسان کا ایک خاموش مکالمہ جاری رہتا ہے۔
دیہات کی اصل دولت اس کی زمین نہیں بلکہ اس کے لوگ ہوتے ہیں۔ یہاں رشتے محض تعارف تک محدود نہیں رہتے بلکہ دلوں میں اتر کر سانس لیتے ہیں۔ ایک گھر کی خوشی پورے گاؤں کی خوشی بن جاتی ہے اور ایک آنگن کا غم سب کے چہروں پر اتر آتا ہے۔ دکھ ہو تو دروازے خود بخود کھل جاتے ہیں اور سکھ ہو تو صحن خود بخود بھر جاتے ہیں۔ دیہاتیوں کی محبت میں بناوٹ نہیں ہوتی، وہ سادہ مگر گہری ہوتی ہے جیسے بارش کے بعد بھیگی ہوئی مٹی کی خوشبو۔
وہ ایک دوسرے کو نام سے کم اور رشتوں سے زیادہ پکارتے ہیں۔ کوئی چچا ہے، کوئی تایا ہے، کوئی ماسی ہے، کوئی پھوپھی ہے۔ یوں پورا گاؤں ایک وسیع خاندان کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔ رواداری ان کے مزاج میں رچی بسی ہوتی ہے۔ اختلاف ہو بھی جائے تو دلوں میں دراڑ نہیں پڑتی کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ زمین کی طرح دل کو بھی نرم رکھنا ضروری ہے۔ مساوات کا احساس اس قدر فطری ہے کہ امیر اور غریب ایک ہی صف میں کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔
کھیتوں میں محنت ہو یا شادی بیاہ کی تقریبات، سب مل کر ہاتھ بٹاتے ہیں۔ کسی کے گھر دیوار اٹھانی ہو تو پورا گاؤں مزدور بن جاتا ہے اور کسی کے ہاں مصیبت آ جائے تو سب سہارا بن جاتے ہیں۔ یہی باہمی چاہت دیہی معاشرت کو استحکام دیتی ہے۔ یہی خلوص اس فضا کو پاکیزگی عطا کرتا ہے۔ ان کے درمیان رہ کر محسوس ہوتا ہے کہ محبت اگر سچی ہو تو وسائل کی کمی کبھی رکاوٹ نہیں بنتی۔ دیہاتیوں کا یہ باہمی پیار دراصل ہماری اجتماعی زندگی کا وہ روشن پہلو ہے جسے محفوظ رکھنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔
کھیتوں کی سبز لہریں صرف اناج کی پیداوار کا وسیلہ نہیں بلکہ قومی معیشت کی بنیاد ہیں۔ یہی کھیت کسان کی امید کا مرکز ہیں، وہ کسان جو صبح کی اذان کے ساتھ اٹھتا ہے اور زمین کے سینے پر ہل چلاتے ہوئے اپنے بچوں کے مستقبل کے خواب بوتا ہے۔ ہلکی بارش اس کے لیے رحمت بن کر آتی ہے۔ وہ جانتا ہے کہ پانی کا ہر قطرہ اس کی محنت کو ثمر بار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس کی آنکھوں میں تھکن ضرور ہوتی ہے مگر اس تھکن کے پیچھے ایک اطمینان بھی جھلکتا ہے کہ وہ رزقِ حلال کی تلاش میں مصروف ہے۔
دیہات کی سادگی دراصل ہمارے معاشرتی ڈھانچے کی اصل روح ہے۔ مٹی سے بنے گھر، جن کے دروازوں پر رنگین نقش و نگار سجے ہوتے ہیں، اپنی جگہ ایک ثقافتی ورثہ ہیں۔ ان گھروں کے صحن میں بچھی چارپائیاں صرف آرام کا سامان نہیں بلکہ باہمی گفتگو اور اجتماعی شعور کی علامت ہیں۔ بزرگ جب چارپائی پر بیٹھ کر گاؤں کے مسائل پر گفتگو کرتے ہیں تو وہ غیر رسمی مجلس دراصل ایک مقامی پارلیمان کی صورت اختیار کر لیتی ہے۔ یہاں فیصلے سادگی سے ہوتے ہیں مگر ان میں خلوص کی آمیزش غالب ہوتی ہے۔
ہلکی بارش کے دوران جب عورتیں گھروں کے صحن میں برتن سمیٹتی اور بچے پانی کے قطروں میں کھیلتے دکھائی دیتے ہیں تو زندگی کی اصل مسکراہٹ نمایاں ہوتی ہے۔ ان کے چہروں پر کوئی مصنوعی رنگ نہیں بلکہ محنت اور قناعت کی جھلک ہوتی ہے۔ دیہی عورت اپنی ذمہ داریوں کو جس وقار سے نبھاتی ہے وہ ہمارے معاشرے کے استحکام کی بنیاد ہے۔ وہ کھیت میں بھی شریکِ کار ہے اور گھر کی نگران بھی۔ اس کی ہمت اور صبر دیہی معاشرت کو متوازن رکھتا ہے۔
چلتی ہوا جب فصلوں کو چھوتی ہے تو ایک مترنم سرگوشی سنائی دیتی ہے، گویا قدرت اپنی حمد خود پڑھ رہی ہو۔ یہ ہوا نہ صرف موسم کو معتدل بناتی ہے بلکہ دلوں کی گرہ بھی کھولتی ہے۔ شہر کی بند فضا میں جہاں شور اور دھواں انسان کو تھکا دیتے ہیں وہاں دیہات کی کھلی فضا ذہن کو وسعت عطا کرتی ہے۔ یہی وسعت فکر






