تھوڑا صبر کر لیں

33

تحریر:سہیل بشیر منج

مسلم لیگ کی حکومت بنے ابھی سو دن نہیں ہوئے لیکن ان دنوں کی کارکردگی کا اگر ایمانداری سے جائزہ لیا جائے تو بلا شبہ حکومت کا گراف بہتر ہو رہا ہے لیکن میرے ہم وطنوں میں سے ایک طبقہ یہ چاہتا ہے کہ حکومت راتوں رات ہتھیلی پر سرسوں جما کر دکھائے تو مانیں ان سے یہی امید کی جا سکتی ہے کیونکہ ان کا نجات دہندہ سو دن تو کیا ایک ہزار دنوں میں بھی عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہا تھا خدانخواستہ اگر ان کے مسیحا کو دس سال بھی مل جاتے تو بھی سوائے ملک کو دیوالیہ کرنے کے کچھ نہ کر تا خیر چھوڑیں ان کا مقدر تو ہے ہی رونا پیٹنا تو یہ کام وہ بخوبی سر انجام دے رہے ہیں
ان بانوے دنوں میں سب سے اہم اشیائے خرد و نوش کی قیمتوں میں کمی لانا ہے جس میں حکومت کافی حد تک کامیابی حاصل کر چکی ہے لیکن اس میں ابھی مزید کام کرنا باقی ہے آٹا گھی دالیں چینی گندم چاول سبزیاں پیاز ٹماٹر ہری مرچ لہسن ادرک اور فروٹ بلاشبہ سستے ہوئے ہیں لیکن اس کا اثر عام آدمی تک بہت کم منتقل ہوا ہے جس طرح آئے روز خبروں میں سننے کو ملتا ہے کہ دس ارب کا بوجھ عوام پر منتقل کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے برائے کرم اسی طرح ریلیف کو بھی عوام تک منتقل کرنے کے لیے ڈیڑھ کروڑ کی گاڑی والے انتظامی افراد کو پابند کریں کہ وہ اپنے ایئر کنڈیشنڈ دفتر سے باہر نکلیں اور دکانداروں سے سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق اشیاء عوام کے لیے ممکن بنائیں ہر تاجر نے اپنی دکان کے سامنے ریٹ لسٹ لگائی ہوئی ہے لیکن اس کے مطابق سامان نہیں دے رہا
برائلر گوشت کی قیمت میں تقریبا تین سو روپے فی کلو تک کمی ہو چکی ہے لیکن انڈوں کی قیمت اپنی جگہ برقرار ہے اس پر بھی انتظامیہ نوٹس لے لے تو شاید ان کی قیمتوں میں بھی کمی واقع ہو جائے گی
کافی دنوں سے ڈالر کی قدر اپنی جگہ پر مستحکم ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ جیسے ہی یو اے ای کی دس ارب ڈالر کی رقم پاکستان منتقل ہونا شروع ہوگی ڈالر اپنی قدر تیزی سے کھونا شروع کر دے گا اس لیے پاکستان میں جن لوگوں نے ڈالر چھپا رکھے ہیں اگر وہ کسی بڑے نقصان سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں تو ان سے گزارش ہے کہ فورا” اپنے ڈالر مارکیٹ میں فروخت کر دیں
سٹاک ایکسچینج ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح 7500 انڈیکس پر بند ہوئی جو کہ بلا شبہ حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے یا عوام کا اپنی حکومت پر اعتبار
اسی معاشی استحکام کی وجہ سے موبائل فونز الیکٹرانکس گاڑیاں بھی سستی ہونا شروع ہو گئی ہیں
ان تمام اچھی خبروں کے ساتھ بری خبر یہ ہے کہ عوام جنہوں نے مہنگی بجلی سے بچنے کے لیے
سو لر لگوائے تھے حکومت ان کے ساتھ ہاتھ کرنے جا رہی ہے یہ کیسی پابندی ہے کہ اگر آپ سولر بھی لگوا رہے ہیں تب بھی تقریبا بارہ گھنٹے حکومت سے مہنگی بجلی ضرور خریدیں گے میرے خیال میں مہنگائی کی چکی میں بری طرح پسی ہوئی عوام کے ساتھ سراسر زیادتی ہے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے عوام نے نہیں بلکہ آ پ نے کیے تھے اس میں غریب عوام کا کوئی قصور نہیں ہے حکومت کو چاہیے کہ گھریلو صارفین سے زیادہ سے زیادہ بجلی خریدے اور انڈسٹری کو منتقل کرے تاکہ انڈسٹری کے لیے وافر بجلی سسٹم میں موجود ہو بجائے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے برائے کرم اپنے وزیر انڈسٹری سے کہیں کہ ایسی پالیسیز بنائیں کہ پہلے مرحلے میں بند انڈسٹری چلنا شروع ہو اور دوسرے مرحلے میں زیادہ سے زیادہ نئی انڈسٹری لگائی جائے تاکہ ملک میں ایکسپورٹ کا ماحول پیدا کیا جا سکے اور ملکی زر مبادلہ میں تیزی سے اضافہ کیا جا سکے
ہسپتالوں کی حالت پہلے سے بہت بہتر ہو رہی ہے لیکن ابھی تک مفت ادویات کا سٹاک پورا نہیں ہوا اس پر مزید کام کی ضرورت ہے
آ پ کا نیا منصوبہ موبائل ہسپتال ابھی تک سمجھ سے بالاتر ہے کہ ان ہسپتالوں کا قیام کن علاقوں کے لیے عمل میں لایا گیا ؟جبکہ پنجاب کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بے شمار ہسپتال موجود ہیں پھر اتنی خطیر رقم سے ہسپتال ان ویل کی کیا ضرورت کیوں پڑی
آ پ کے وزیر تعلیم بلا شبہ بہت محنتی انسان ہیں ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے جنہوں نے صدیوں سے موجود با اثر بوٹی مافیا کی جڑیں اکھاڑ دیں اور بہت سی کالی بھیڑوں کو پکڑ کر جیلوں میں ڈالا
جناب وزیراعظم ان چھوٹے چھوٹے حربوں سے باہر نکلیں یہ آ پ کے معیار کے مطابق نہیں ہے آ پ یہ سوچتے پھریں کہ سولر لگانے والوں سے پیسے کس طرح نکلوائے جائیں برائے کرم آپ انڈسٹری چلانے اور نئی لگانے پر کام کریں جس سے بجلی کی کھپت کی گنجائش پیدا ہو جائے اور بے روزگاری کا خاتمہ بھی ممکن ہو پائے نئے نئے ٹیکس لگانے کی بجائے نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں شامل کریں تاکہ آئی ایم ایف کے چنگل سے آ زادی حاصل کی جا سکے ہنر مند افراد کی تعداد کو بڑھانے کے لیے چائنیز ماڈل پر عمل کریں ہر فرد ہنر مند ہوگا تو ریاست ترقی کرے گی
اپنے تعلیمی نظام کو عالمی معیار کے مطابق کریں جس طرح آ پ کے ملک میں ڈگری ہولڈر پیدا کیے جا رہے ہیں ایک دن ایسا آئے گا کہ مریض کم اور ڈاکٹر زیادہ ہو جائیں گے
ملکی آبادی کو اپنا ہتھیار بنا لیں اس کی مثال آ پ کے سامنے چائنہ اور ہندوستان کی ہے انہوں نے بڑھتی ہوئی آبادی کو ہی اپنا ہتھیار بنا لیا وہاں پر ہر فرد ہنرمند ہوتا جا رہا ہے اور اس وقت چائنہ ہندوستان بنگلہ دیش ایشیا کے سب سے بڑی آبادی والے ممالک میں شمار کیے جاتے ہیں لیکن دیکھ لیں انہوں نے بجائے بے نظیر کارڈ بنانے کے فیکٹریاں لگائیں اور اپنی عوام کے لیے باعزت روزگار کمانے کے راستے ہموار کیے میری آپ سے التجا ہے کہ پچیس کروڑ کے اس ہجوم کو ایک ہنر مند قوم بنانے کے لیے پالیسیز بنائیں انہیں سہولتیں دیں نئے ادارے بنائیں آپ نے آ ج ایسا نہ کیا تو کروڑوں کا یہ روٹی کھانے والا ہجوم وطن عزیز کے لیے وبال جان بن جائے گا اور اپنی عوام سے بھی گزارش ہے کہ آ پ نے بہت مشکلات برداشت کر لیں لیکن تھوڑا صبر اور کر لیں بہت جلد وقت بہتر ہو جائے گا اور آپ کے حالات بدلنا شروع ہو جائیں گے انشاءاللہ

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.