آئ سی سی ٹورنامنٹس میں ہماری شکست کی وجوہات
جدید ٹی ٹوئنٹی کرکٹ اب
محض بلا گھمانے اور گیند پھینکنے کا کھیل نہیں رہا، یہ مکمل منصوبہ بندی، ذہنی تیاری اور سائنسی تقسیم کا امتحان بن چکا ہے۔ بیس اوورز کو چار واضح حصوں میں بانٹا جاتا ہے اور ہر حصہ اپنی الگ سوچ اور حکمتِ عملی کا تقاضا کرتا ہے۔
پہلے چھ اوورز، یعنی پاور پلے، جارحانہ آغاز کا وقت ہوتے ہیں۔ فیلڈنگ پابندیوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہی کامیاب ٹیموں کا شعار ہے۔ ساتویں سے چودھویں اوور تک ذمہ دارانہ کھیل، اسٹرائیک کی گردش اور مضبوط شراکت داری بنیاد فراہم کرتی ہے۔ پندرہویں سے سترہویں اوور رفتار بڑھانے کا مرحلہ ہوتا ہے، جبکہ آخری تین اوور فیصلہ کن ضرب لگانے کے لیے مخصوص ہوتے ہیں۔
یہ ہے جدید ٹی ٹوئنٹی کا سادہ مگر مؤثر فارمولا۔
لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ہم اس فارمولے پر عمل کر پا رہے ہیں؟
بدقسمتی سے نہیں
جب پاکستان میدان میں اترتا ہے تو یہ ترتیب بکھری ہوئی دکھائی دیتی ہے۔ پاور پلے میں جہاں ہمیں مخالف پر دباؤ ڈالنا چاہیے، ہم خود دباؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ درمیانی اوورز میں جہاں سنبھل کر کھیلنے کی ضرورت ہوتی ہے، ہم غیر یقینی کا شکار نظر آتے ہیں۔ اور جب رفتار بڑھانے کا وقت آتا ہے تو محتاط انداز اختیار کر لیتے ہیں۔ نتیجہ یہ کہ آخری اوورز میں وہ دھماکہ خیز کارکردگی نظر نہیں آتی جو میچ جتوا سکے۔
یہ مسئلہ صرف شاٹس کے انتخاب یا گیند بازی کی ترتیب کا نہیں، یہ سوچ اور حکمت عملی کا مسئلہ ہے۔
ہمیں دنیا کی کامیاب ٹیمیں اس سائنس پر اچھے طریقے سے عمل پیرا کرتی نظر آتی ہیں۔ اگر ہم اپنے کھلاڑیوں کا موازنہ دنیا کے باقی کھلاڑیوں سے کریں تو ہمیں باڈی لینگویج میں واضح فرق محسوس ہو گا۔ہمارے کھلاڑی میدان میں ڈرے ڈرے اور سہحمے ہوے دکھائی دے گے جبکے باقی دنیا کے بیشتر کھلاڑی ایوریج ہونے کے باوجود موثر دکھائی دے گے اور ان کی اس تیاری کا سہرا ٹیم مینجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف کو جاتا ہے جبکے ہماری مینجمنٹ ابھی تک کھلاڑیوں کو یہی بات نہیں۔ سمجھا سکی کے ہر کھلاڑی کا انفرادی کردار کیا ہے۔ کسی بھی میچ کی کامیابی کے لئے یہ وہ ایریاز ہیں جن پر ہمیں کام کرنے کی شاید سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
دوسرا ہماری ٹیم میں اچھی قیادت کا فقدان بھی نمایاں نظر آتا ہے ماضی قریب میں ہم نے بہت سے جیتے ہوے میچ ناقص منصوبہ بندی اور کمزور لیڈر شپ کی وجہ سے ہارے ہیں۔ہمارے ہاں قیادت کو ایک اعزاز سمجھا جاتا ہے جب کے یہ ایک بڑی ذمداری والی جاب ہے ۔ بد قسمتی سے ہمارے ہاں یہ ذمداری اسے تھما دی جاتی ہے جو شاید خود اپنا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہے اور خود ان کی جگہ ٹیم میں نہیں بنتی ۔ہمارے موجودہ کپتان اس کی زندہ بلکہ شاندار مثال ہیں۔
کامیاب ٹیمیں اتفاق سے نہیں بنتیں۔ وہ ہوم ورک کرتی ہیں، حالات کے مطابق منصوبہ بناتی ہیں، اور ہر کھلاڑی کو اس کا واضح کردار دیتی ہیں۔ میدان میں فیصلے جذبات سے نہیں بلکہ شعور سے کیے جاتے ہیں۔ یہی فرق ایک اچھی اور ایک عظیم ٹیم میں ہوتا ہے۔
پاکستان کے پاس صلاحیت کی کمی نہیں۔ ہمارے کھلاڑی باصلاحیت ہیں، مگر ٹیلنٹ تبھی نکھرتا ہے جب اسے درست سمت ملے۔ اگر حکمتِ عملی واضح نہ ہو، اگر تیاری مکمل نہ ہو، تو محض امیدوں کے سہارے کامیابیاں حاصل نہیں کی جا سکتیں۔
قوم کی توقعات بہت بڑی ہیں۔ کروڑوں دلوں کی دھڑکنیں اس ٹیم سے وابستہ ہیں۔ مگر خوشیاں صرف جذبے سے نہیں، منصوبہ بندی اور ذہنی مضبوطی سے آتی ہیں۔
جب تک کھیل میں مکمل تیاری، بروقت فیصلے اور ذہنی پختگی شامل نہیں ہوں گے، ہم بڑے اعزازات سے محروم رہیں گے۔
کیونکہ یاد رکھیے —
جوش ایک میچ میں فتح دلوا سکتا ہے،
مگر دلیر اور زہین قیادت اور جدید حکمتِ عملی ہہی ٹورنامنٹ کی فتح کا سبب بنتی ہے۔






