خواتین پر تشدد کے خاتمے کی سولہ روزہ مہم 2026،تشدد سے پاک معاشرہ: انصاف کی فراہمی، متاثرہ خواتین کا تحفظ اور مجرموں کا احتساب
شاہنواز خان
ہر سال 25 نومبر سے 10 دسمبر تک دنیا بھر میں خواتین اور بچیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے سولہ روزہ عالمی مہم (16 Days of Activism Against Gender-Based Violence) منائی جاتی ہے۔ یہ محض چند تقریبات، سیمینارز، واکس یا سوشل میڈیا پیغامات تک محدود مہم نہیں بلکہ خواتین کے بنیادی انسانی حقوق، عزت، وقار، تحفظ، مساوات اور انصاف کے حصول کی ایک عالمی تحریک ہے۔ اس مہم کا بنیادی مقصد معاشرے میں موجود ان رویوں، روایات، سماجی رکاوٹوں اور نظامی کمزوریوں کو تبدیل کرنا ہے جو خواتین اور بچیوں کو تشدد، استحصال اور امتیازی سلوک کا شکار بناتے ہیں۔2026ء میں اس عالمی مہم کا مرکزی پیغام ہے: “UNiTE to End Violence Against Women and Girls: Ensure Justice, Protect Survivors, End Impunity.” یعنی خواتین اور بچیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے متحد ہوں، انصاف یقینی بنائیں، متاثرین کا تحفظ کریں اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں۔ اس سال کا پیغام اس حقیقت کی نشاندہی کرتا ہے کہ تشدد کے خاتمے کے لیے صرف قوانین بنانا کافی نہیں، بلکہ ان پر مو¿ثر عمل درآمد، متاثرہ خواتین کو فوری تحفظ اور تشدد کرنے والوں کا بلاامتیاز احتساب بھی ضروری ہے۔سولہ روزہ عالمی مہم کا آغاز 1991ء میں امریکہ کی رٹگرز یونیورسٹی (Rutgers University) کے سینٹر فار ویمنز گلوبل لیڈرشپ (Center for Women’s Global Leadership) کے تحت منعقد ہونے والے پہلے ویمنز گلوبل لیڈرشپ انسٹی ٹیوٹ میں خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم کارکنوں نے کیا تھا۔ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی خواتین رہنماو¿ں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے فیصلہ کیا کہ خواتین کے خلاف تشدد کو نجی یا گھریلو مسئلہ سمجھنے کے بجائے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے طور پر عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے۔اس مہم کے لیے 25 نومبر سے 10 دسمبر تک کی تاریخیں منتخب کی گئیں۔ 25 نومبر خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کا عالمی دن ہے، جبکہ 10 دسمبر انسانی حقوق کا عالمی دن ہے۔ ان دونوں تاریخوں کو آپس میں جوڑنے کا مقصد یہ واضح کرنا تھا کہ خواتین کا تحفظ، عزت اور تشدد سے آزادی بنیادی انسانی حقوق کا لازمی حصہ ہیں۔ گزشتہ تین دہائیوں میں یہ تحریک دنیا بھر میں ہزاروں تنظیموں اور لاکھوں افراد کی شمولیت سے ایک عالمی جدوجہد کی شکل اختیار کر چکی ہے۔پاکستان میں خواتین اور بچیوں کو مختلف نوعیت کے تشدد اور امتیازی رویوں کا سامنا ہے۔ گھریلو تشدد، جسمانی اور جنسی ہراسانی، غیرت کے نام پر قتل، جبری شادی، کم عمری کی شادی، تیزاب گردی، معاشی استحصال، کام کی جگہ پر ہراسانی اور خواتین کو وراثت سے محروم رکھنا ایسے مسائل ہیں جو معاشرے کے مختلف طبقات میں کسی نہ کسی صورت موجود ہیں۔ہمارے ہاں اکثر خواتین سماجی دباو¿، خاندانی روایات، معاشی انحصار، بدنامی کے خوف اور انصاف کے پیچیدہ نظام کی وجہ سے اپنے ساتھ ہونے والے تشدد کی شکایت درج نہیں کرواتیں۔ بعض اوقات متاثرہ خاتون کو تحفظ اور ہمدردی فراہم کرنے کے بجائے اسی سے سوالات کیے جاتے ہیں، اسے خاموش رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے یا صلح پر مجبور کیا جاتا ہے۔ یہ رویہ متاثرہ خاتون کے لیے مزید مشکلات پیدا کرتا ہے اور تشدد کرنے والے عناصر کی حوصلہ افزائی بھی کرتا ہے۔پاکستان میں خواتین کے تحفظ کے لیے قانون سازی اور ادارہ جاتی اقدامات ضرور کیے گئے ہیں، تاہم اصل ضرورت ان قوانین پر مو¿ثر عمل درآمد کی ہے۔ پولیس، عدلیہ، محکمہ سماجی بہبود، خواتین کی ترقی کے محکموں، قومی کمیشن برائے وقارِ نسواں (NCSW)، صوبائی کمیشن برائے خواتین، وومن پروٹیکشن اتھارٹی ،سول سوسائٹی اور میڈیا کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔موجودہ دور میں انٹرنیٹ، سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے تعلیم، کاروبار، روزگار اور سماجی رابطوں کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں، لیکن ان کے ساتھ خواتین اور بچیوں کے خلاف تشدد کی نئی شکلیں بھی سامنے آئی ہیں۔ ڈیجیٹل تشدد (Digital Violence) یا ٹیکنالوجی کے ذریعے صنفی بنیادوں پر تشدد اب ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔اس میں سوشل میڈیا پر ہراسانی، غیر اخلاقی پیغامات، سائبر اسٹاکنگ، جعلی اکاو¿نٹس بنانا، تصاویر اور ویڈیوز کا غیر قانونی استعمال، تصاویر کو تبدیل کرکے پھیلانا، بلیک میلنگ، دھمکیاں دینا، ذاتی معلومات افشا کرنا اور کردار کشی جیسی سرگرمیاں شامل ہیں۔ بعض اوقات خواتین کو صرف اس وجہ سے آن لائن ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر اپنی رائے کا اظہار کرتی ہیں، صحافت کرتی ہیں، سماجی سرگرمیوں میں حصہ لیتی ہیں یا اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی ہیں۔ڈیجیٹل تشدد کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ خواتین اور بچیوں کو ڈیجیٹل لٹریسی اور آن لائن تحفظ کے حوالے سے تربیت دی جائے۔ انہیں اپنے سوشل میڈیا اکاو¿نٹس کی پرائیویسی سیٹنگز، مضبوط پاس ورڈز، دو مرحلوں پر مشتمل تصدیق (Two-Factor Authentication)، نامعلوم لنکس اور مشکوک اکاو¿نٹس سے بچاو¿ اور ذاتی معلومات کے محفوظ استعمال کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔اگر کسی خاتون کو آن لائن ہراسانی یا بلیک میلنگ کا سامنا ہو تو اسے خاموش رہنے یا خوفزدہ ہونے کے بجائے ثبوت محفوظ کرنے چاہئیں۔ متعلقہ پیغامات، اسکرین شاٹس، پروفائل لنکس، فون نمبرز اور دیگر شواہد محفوظ رکھنا ضروری ہے۔ ایسے مواد کو مزید پھیلانے سے گریز کیا جائے اور متعلقہ ادارے سے رجوع کیا جائے۔ متاثرہ خاتون کو الزام دینے، اس کی کردار کشی کرنے یا اس کی نجی تصاویر شیئر کرنے کے بجائے اس کی رازداری اور عزت کا تحفظ کیا جائے۔پنجاب میں گزشتہ کچھ عرصے کے دوران خواتین کے تحفظ، ان کے حقوق کے فروغ اور تشدد کے خاتمے کے لیے مختلف سرکاری اداروں نے قابلِ ذکر اقدامات کیے ہیں۔اگر ہم پولیس کے کردار کی بات کریں تو پنجاب پولیس کی ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی خواتین کو تحفظ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں ویمن ورچوئل پولیس اسٹیشن کا قیام ایک اہم پیش رفت ہے، جہاں خواتین 15 پر کال کرنے کے بعد آپشن 2 کا انتخاب کرکے براہِ راست ویمن ورچوئل پولیس اسٹیشن سے رابطہ کر سکتی ہیں اور اپنی شکایات درج کروا سکتی ہیں۔اسی طرح پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کے تحت خواتین کے تحفظ کے لیے ضلعی سطح پر ویمن پروٹیکشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ سابقہ کرائسس سینٹرز کو بھی خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام اور متاثرہ خواتین کو معاونت فراہم کرنے کے لیے ویمن پروٹیکشن سینٹرز میں تبدیل کیا گیا ہے۔ یہ مراکز متاثرہ خواتین کو تحفظ، رہنمائی اور متعلقہ خدمات تک رسائی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ پنجاب کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن (PCSW) کی ہیلپ لائن 1043 اور ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی ہیلپ لائن 0800-01737 بھی خواتین کو شکایات درج کروانے اور مدد حاصل کرنے کے لیے اہم پلیٹ فارم فراہم کرسکتی ہیں۔پاکستان میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) ڈیجیٹل جرائم کی تحقیقات کے لیے متعلقہ ادارہ ہے۔ متاثرہ افراد ہیلپ لائن 1799 یا سرکاری ویب سائٹ complaint.nccia.gov.pk کے ذریعے شکایت درج کروا سکتے ہیں۔اسی طرح پنجاب میں خاتون محتسب (Ombudsperson Punjab) کا ادارہ بھی خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔یہ ادارہ بالخصوص دو اہم شعبوں میں خواتین کو قانونی معاونت اور داد رسی فراہم کرتا ہے۔1۔ کام کی جگہ پر ہراسانی سے تحفظ:اگر کسی خاتون کو کسی سرکاری یا نجی ادارے، دفتر یا کام کی جگہ پر ہراسانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو وہ خاتون محتسب پنجاب سے رجوع کرکے اپنی شکایت درج کروا سکتی ہے اور قانونی داد رسی حاصل کر سکتی ہے۔2۔ وراثتی جائیداد میں خواتین کے حق کا تحفظ:اگر کسی خاتون کو اس کے قانونی وراثتی حق سے محروم کیا جاتا ہے اور اسے جائیداد میں حصہ نہیں دیا جاتا تو وہ خاتون محتسب پنجاب کے ادارے سے رجوع کر سکتی ہے۔ وہ اپنی شکایت سادہ کاغذ پر تحریر کرکے بھی پیش کر سکتی ہے تاکہ اسے اپنے قانونی حق کے حصول میں مدد مل سکے۔اس طرح خاتون محتسب کا ادارہ خواتین کو نہ صرف کام کی جگہ پر ہراسانی سے تحفظ فراہم کرنے بلکہ ان کے معاشی اور جائیداد سے متعلق حقوق کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔قانون سازی اور پالیسی سازی کے حوالے سے بھی پنجاب اسمبلی میں خواتین کاکس، ویمن ڈویلپمنٹ سے متعلق قائمہ کمیٹیاں اور خواتین پارلیمانی سیکرٹریز اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان فورمز کے ذریعے خواتین کے حقوق، تحفظ، مساوی مواقع اور صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کے لیے قانون سازی اور پالیسی اقدامات کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی آرگنائزیشنز، انسانی حقوق کی تنظیمیں اور کمیونٹی بیسڈ ادارے بھی خواتین میں آگاہی پیدا کرنے، متاثرہ خواتین کو معاونت فراہم کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہیں۔تاہم، میرے نزدیک اصل ضرورت صرف اداروں کے قیام یا ہیلپ لائنز کی موجودگی نہیں بلکہ ان قوانین اور پالیسیوں پر مو¿ثر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ضروری ہے کہ ان تمام اداروں، ان کی خدمات، ہیلپ لائنز اور شکایات درج کروانے کے طریقہ کار کے بارے میں معلومات عام خواتین، بالخصوص دیہی اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والی خواتین تک پہنچائی جائیں۔ہمیں سرکاری اداروں، پولیس، عدلیہ، پارلیمنٹ اور سول سوسائٹی کے درمیان مو¿ثر رابطہ کاری اور اشتراک کو فروغ دینا ہوگا تاکہ خواتین کو صرف قانونی تحفظ ہی نہیں بلکہ فوری انصاف، عزت، وقار اور محفوظ ماحول بھی میسر آ سکےمیرا پیغام یہ ہے کہ خواتین کا تحفظ صرف حکومت یا کسی ایک ادارے کی ذمہ داری نہیں، بلکہ یہ ہم سب کی مشترکہ سماجی، اخلاقی اور قومی ذمہ داری ہے۔اس سولہ روزہ عالمی مہم میں نارنجی رنگ (Orange Colour) کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ یہ رنگ ایک روشن مستقبل، امید، مثبت تبدیلی اور خواتین و بچیوں کے لیے تشدد سے پاک دنیا کی علامت ہے۔ دنیا بھر میں سرکاری عمارتوں، تعلیمی اداروں، دفاتر اور اہم مقامات کو نارنجی روشنیوں سے منور کیا جاتا ہے۔ اس رنگ کے ذریعے معاشرے کو یہ پیغام دیا جاتا ہے کہ خواتین کا تحفظ صرف خواتین کی ذمہ داری نہیں بلکہ پوری انسانیت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔۔ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ خواتین کے خلاف تشدد صرف خواتین کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ پورے معاشرے کی ترقی، سماجی انصاف اور انسانی وقار کا مسئلہ ہے۔ اگر ہم ایک پ±رامن، ترقی یافتہ اور منصفانہ پاکستان چاہتے ہیں تو خواتین اور بچیوں کے تحفظ کو قومی ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا۔آئیے! 25 نومبر سے 10 دسمبر تک جاری سولہ روزہ مہم کے موقع پر یہ عہد کریں کہ ہم تشدد کے خلاف آواز اٹھائیں گے، متاثرہ خواتین کا ساتھ دیں گے، ڈیجیٹل دنیا کو محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے اور انصاف کی فراہمی کے لیے اجتماعی جدوجہد جاری رکھیں۔






