#کالم

رویوں کی تہوں میں چھپے احساسات

Untitled 5

جاویدایازخان

صادق بازار رحیم یارخان برانچ جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی برانچ شمار ہوتی تھی جس کی خوبصورت اور کئی منزلہ عمارت کسی تعمیری شاہ کار سے کم نہ تھی۔اسکے دو نوں اطراف سڑکیں تھیں۔سامنے کی سڑک سے داخلے کاراستہ جہاں ساتھ ہی میرا منیجر کیبن ہوا کرتا تھا اور پیچھے قائم یوٹیلیٹی بلز کا کانٹر اور کھڑکی جو پچھلی جانب کی دوسری سڑک پر کھلتی تھی۔جہاں اس زمانے میں بجلی گیس اور ٹیلی فون کے بل جمع کرانے کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوتی تھیں۔اس لیے وہاں لوگوں کو مختلف شکایات بھی پیدا ہو جاتی تھیں۔ایک روز صبح مجھے وہاں سے شور غل سنائی دیا تو میں خود وہاں پہنچا دیکھا کہ ایک بزرگ شور کر رہا تھا کہ آج ادائیگی کی آخری تاریخ ہے اور بلز وصول کرنے والا اسٹاف قطاروں سے ہٹ کر بینک کے اندر سے سفارش پر بلز وصول کر ہا ہے اور لوگ شدید گرمی اور رش میں پسینے میں نہاے پریشان کھڑے ہیں ۔وہ شخص شدید غصے میں بینک اوراسٹاف کو برا بھلا کہہ رہا تھا۔اس کے ساتھ کھڑے لوگ بھی اس کی دیکھا دیکھی باقی لوگ بھی پریشان ہو رہے تھے۔میں نے موقع کی مناسبت سے ان بزرگ کو بلا کر اپنے کیبن میں بٹھایا اور اسے پانی پلانے کو کہا مگر اس کا غصہ کم ہونے کا نام ہی نہیں لیتا تھا۔اس کو تسلی دی اور بل جمع کرنے کے لیے مانگا اور بلکی رقم طلب کی تو اس نے بمشکل اپنی جیب سے رقم نکال کر گنی اور مجھے دی تو مجھے احساس ہوا کہ وہ بل کی پوری پوری رقم لے کر آیا تھا۔میں نے تسلی دیکر اس سے اتنے غصے کی وجہ پوچھی تو وہ ہمدردی کے دو لفظ سن کر وجہ بتاتے ہوے تقریبا” رو پڑا ہی اور کہنے لگا کہ ایک تو اتنی بڑی رقم کا بل جو مشکل سے قرض لے کر آیا ہوں اور پھر شدید گرمی اور حبس میں لمبی لائن میں کھڑا ہونا اس پر سونے پر سہاگہ یہ کہ بلز وصول کرنے والا اندر سے سفارشی بلز لے رہا ہے۔ مجھے فوری اندازہ ہو گیا کہ دراصل یہ شخص اس لیے زیادہ پریشان اور غصے میں ہے کہ بل کی رقم بہت زیادہ آئی ہے جس کی ادائیگی وہ آخری دن ادھار لے کر ادا کرنے پہنچا تھا اور جب بل کی بھاری رقم کے غصہ میں جمع کرانے کی تکلیف بھی شامل ہوئی تو غصہ بےقابو ہو کر بینک اور اسٹاف پر نکلا۔بینک میں ایسے ہی بہت سے لوگ اکثر بلاوجہ کسی چھوٹی سی بات پر غصے میں آجاتے ہیں تو ہمیشہ پس پردہ کوئی اور وجہ ہوتی ہے۔بظاہر غصے کے پیچھے چھپا کوئی اور درد یا دکھ بول رہا ہوتا ہے۔ان تلخ لہجوں کے پیچھے کوئی اداس کہانیاں ضرور ہوتی ہیں۔ہم اکثر انسان کے غصے کو تو دیکھ لیتے ہیں، مگر اس غصے کے پیچھے چھپی ہوئی تکلیف کو دیکھنے کی کوشش نہیں کرتے۔ ہم اس کے تلخ لہجے کا جواب تلخی سے دیتے ہیں، اس کی خاموشی کو غرور سمجھتے ہیں اور اس کے رویے کو بدتمیزی کا نام دے دیتے ہیں، حالانکہ ممکن ہے وہ اندر سے کسی ایسی جنگ میں مصروف ہو جس کا ہمیں اندازہ ہی نہ ہو۔ یاد رکھیے! ہر غصہ نفرت کی علامت نہیں ہوتا، بعض اوقات یہ محبت میں نظر انداز ہونے، اپنوں سے مایوس ہونے یا بار بار ٹوٹنے کا ردعمل بھی ہوتا ہے۔ اس لیے جب کوئی غصے میں ہو تو صرف اس کے الفاظ اور رویے کو نہ دیکھیے، اس کے احساسات کو بھی سمجھنے کی کوشش کیجیے۔ اس کی شخصیت کی تہوں میں اتر کر دیکھیے، شاید وہاں غصہ نہیں بلکہ کوئی زخمی دل آپ کی توجہ کا منتظر ہو۔ غصے کو دبانے سے پہلے اسے سمجھنے کی کوشش کریں، کیونکہ بعض اوقات غصے کا علاج جواب دینا نہیں بلکہ کسی کے درد کو سن لینا ہوتا ہے۔انسان کے غصے کا جواب دینے سے پہلے اس کے درد کو سمجھنے کی کوشش کریں ممکن ہے کہ جس رویے سے آپ کو تکلیف پہنچ رہی ہے وہ خود بھی کسی گہری تکلیف کا نتیجہ ہو ؟ہمارے معاشرے اور روزمرہ زندگی میں جابجا ایسی صورتِ حال دکھائی دیتی ہے جہاں لوگوں کا غصہ بظاہر کسی معمولی بات پر ہوتا ہے، لیکن اس کی اصل وجہ کچھ اور ہوتی ہے۔ کوئی ٹریفک میں راستہ نہ ملنے پر آپے سے باہر ہو جاتا ہے، کوئی دکان دار کی معمولی غلطی پر برس پڑتا ہے، کوئی گھر میں بچوں کی چھوٹی سی شرارت پر چیخنے لگتا ہے اور کوئی دفتر میں ماتحت کی معمولی کوتاہی پر اپنا سارا غصہ نکال دیتا ہے۔ بظاہر ان واقعات میں غصے کی وجوہات سامنے موجود ہوتی ہیں، لیکن کیا واقعی یہی ان کے غصے کی اصل وجوہات ہیں۔ ممکن ہے ٹریفک میں غصہ دکھانے والا شخص گھر کے کسی مسئلے سے پریشان ہو، دکان دار پر برسنے والا شخص معاشی دباو¿ کا شکار ہو، بچوں پر چیخنے والا والد یا والدہ اپنی محرومیوں اور ذہنی تھکن سے نبردآزما ہو، یا دفتر میں ماتحت کو ڈانٹنے والا افسر اپنی ناکامیوں اور عدم تحفظ کا بوجھ دوسروں پر ڈال رہا ہو۔ حقیقت یہ ہے کہ انسان ہمیشہ اپنے اصل دکھ کا اظہار نہیں کر پاتا۔ بعض اوقات وہ اپنی بے بسی کو غصے میں، تنہائی کو تلخی میں، محرومی کو شکایت میں اور مایوسی کو دوسروں کے ساتھ بدسلوکی میں بدل دیتا ہے۔ ہمارے ہاں ایک بڑا مسئلہ یہ بھی ہے کہ ہم رویوں کو تو دیکھتے ہیں مگر ان کے پس منظر میں جھانکنے کی کوشش نہیں کرتے۔ ہم غصے کا جواب غصے سے دیتے ہیں، تلخی کا جواب تلخی سے اور یوں ایک معمولی بات بڑے تنازعے میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ہر بدتمیزی یا تشدد کو چھپے ہوئے دکھ کا نام دے کر جائز قرار دے دیا جائے، بلکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم رویے کی اصلاح کے ساتھ اس کی اصل وجہ تلاش کرنے کی کوشش بھی کریں۔ شاید ہمیں لوگوں کے غصے سے الجھنے کے بجائے ان کے غصے کی تہوں میں اترنے کی ضرورت ہے، کیونکہ بعض اوقات انسان جس بات پر ناراض ہوتا دکھائی دیتا ہے، حقیقت میں وہ اس بات پر نہیں بلکہ زندگی کی کسی دوسری محرومی پر ٹوٹ رہا ہوتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہم لوگوں کے غصے کو دیکھتے ہیں یا اس غصے کے پیچھے چھپے دکھ، محرومی، تنہائی اور بے بسی کو بھی سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں؟کسی کے غصے کی باعث خود بھی جذباتی ہو کر جوابی غصہ کرنا دراصل ہماری بھی کمزوری ہو سکتا ہے ؟ ہمیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہر غصے کا جواب دینا ضروری نہیں اور ہر تلخ رویے کو اپنی توہین سمجھنا بھی درست نہیں۔ بعض اوقات سامنے والے کا غصہ ہماری ذات سے متعلق نہیں ہوتا بلکہ وہ اپنی زندگی کے کسی دوسرے دکھ، ناکامی یا محرومی کا ردعمل ظاہر کر رہا ہوتا ہے۔ یہاں ایک اہم فرق بھی سمجھنا چاہیے: خاموش رہنا ہمیشہ کمزوری نہیں اور جواب دینا ہمیشہ بہادری نہیں ہوتا۔ بعض مواقع پر اپنی حدود واضح کرنا ضروری ہے، لیکن یہ کام غصے کے بغیر بھی کیا جا سکتا ہے۔ اگر ایک شخص غصے میں ہے تو یہ اس کا مسئلہ ہو سکتا ہے، لیکن اگر اس کے غصے کے جواب میں ہم بھی غصے میں آ جائیں تو ہم نے اس کے مسئلے کو اپنا مسئلہ بنا لیا۔ شاید معاشرے میں برداشت، تحمل اور انسانی ہمدردی کی ابتدا اسی شعور سے ہو سکتی ہے کہ ہم ہر اشتعال کا جواب اشتعال سے دینا ضروری نہ سمجھیں۔عدم برداشت کا جواب برداشت سے دے کر اپنی بڑائی کا ثبوت دیں۔”

رویوں کی تہوں میں چھپے احساسات

عہد وسطیٰ کا ھند وستان

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے