عورت پر تشدد معاشرے کے ضمیر پر سوالیہ نشان ہے۔
رفیع صحرائی
دنیا بھر میں ہر سال 25 نومبر کو خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس دن کا بنیادی مقصد خواتین کو جسمانی، ذہنی، نفسیاتی اور جنسی تشدد سے محفوظ رکھنے، ان کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ کرنے اور معاشرے میں ان کے احترام و وقار کو یقینی بنانے کے لیے شعور بیدار کرنا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے دنیا بھر میں سیمینارز، کانفرنسیں، آگاہی مہمات اور مختلف تقریبات منعقد کی جاتی ہیں، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ان سرگرمیوں سے خواتین کے خلاف تشدد میں واقعی کمی آ رہی ہے؟ کیا عورت آج بھی اپنے گھر، دفتر، تعلیمی ادارے اور معاشرے میں محفوظ ہے؟خواتین پر تشدد کے خلاف عالمی دن منانے کی تاریخ 1960ءکے ایک المناک واقعے سے جڑی ہے۔ 25 نومبر 1960ءکو ڈومینیکن ری پبلک کے آمر حکمران رافیل ٹروجیلو کے حکم پر تین بہنوں، پیٹریا، منیروا اور ماریا ٹریسا میرابال کو قتل کر دیا گیا تھا۔ یہ تینوں بہنیں آمریت کے خلاف جدوجہد کر رہی تھیں۔ ان کے قتل نے دنیا بھر میں انسانی حقوق کے علم برداروں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ 1981ءسے خواتین کے حقوق کے لیے سرگرم کارکنوں نے اس تاریخ کو خواتین پر تشدد کے خلاف جدوجہد کے دن کے طور پر منانا شروع کیا، جبکہ 17 دسمبر 1999ء کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے باقاعدہ طور پر 25 نومبر کو خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن قرار دے دیا۔ اب یہ دن اقوام متحدہ کے رکن ممالک سمیت دنیا کے بیشتر خطوں میں منایا جاتا ہے۔ اسی روز تشدد کے خاتمے کی سولہ روزہ عالمی مہم بھی شروع ہوتی ہے، جو 10 دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن پر اختتام پذیر ہوتی ہے۔اگر تاریخ کے اوراق پلٹ کر دیکھیں تو اسلام سے پہلے بہت سے معاشروں میں عورت کی حیثیت انتہائی افسوس ناک تھی۔ عرب معاشرے میں بیٹی کی پیدائش کو باعثِ شرم سمجھا جاتا اور بعض سنگ دل لوگ اپنی نومولود بچیوں کو زندہ دفن کر دیتے تھے۔ عورت کو وراثت سے محروم رکھا جاتا، اسے مرد کی ملکیت تصور کیا جاتا اور اس کی مرضی و رائے کی کوئی اہمیت نہ تھی۔ دنیا کے دوسرے کئی معاشروں میں بھی عورت کو بنیادی انسانی حقوق حاصل نہیں تھے۔ ایسے ماحول میں اسلام نے عورت کو عزت، وقار، تحفظ اور حقوق عطا کرکے انسانی تاریخ میں ایک عظیم انقلاب برپا کیا۔اسلام نے عورت کو محض کسی کی ماں، بہن، بیوی یا بیٹی کی حیثیت سے ہی نہیں بلکہ ایک مکمل انسان اور صاحبِ حقوق فرد کی حیثیت سے تسلیم کیا۔ قرآن مجید نے مرد اور عورت دونوں کو انسانی عزت و تکریم کا مستحق قرار دیا۔ اسلام نے عورت کو وراثت میں حصہ دیا، اپنی ملکیت رکھنے، کاروبار کرنے، تعلیم حاصل کرنے اور نکاح کے معاملے میں اپنی رضامندی کا حق عطا کیا۔ اسے جبراً نکاح پر مجبور کرنے کی ممانعت کی اور ناگزیر حالات میں خلع کے ذریعے ازدواجی تعلق ختم کرنے کا راستہ بھی فراہم کیا۔اسلام میں عورت کے مختلف رشتوں کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ ماں کے قدموں تلے جنت قرار دے کر اس کی خدمت کو عظیم سعادت بنایا گیا۔ بیٹی کی اچھی پرورش اور تربیت کو جنت میں داخلے کا ذریعہ قرار دیا گیا۔ بہن کے ساتھ حسن سلوک اور اس کے حقوق کی ادائیگی کی تاکید کی گئی، جبکہ بیوی کے بارے میں قرآن مجید نے واضح حکم دیا کہ ان کے ساتھ بھلے طریقے سے زندگی بسر کرو۔ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا کہ تم میں بہترین شخص وہ ہے جو اپنے اہل خانہ کے ساتھ بہترین سلوک کرنے والا ہو۔اسلام نے صرف عورت کو حقوق ہی نہیں دیے بلکہ اس پر ظلم و زیادتی کو بھی سختی سے منع کیا ہے۔ کسی عورت کو مارنا پیٹنا، اس کی تذلیل کرنا، اس کی مرضی کے خلاف فیصلے مسلط کرنا، اس کی جائیداد ہتھیانا یا اسے ذہنی اذیت دینا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ افسوس کہ آج بعض لوگ مذہب کا نام تو لیتے ہیں لیکن عورت کے حقوق کے معاملے میں اسلامی تعلیمات کو پس پشت ڈال دیتے ہیں۔ بیٹی کو وراثت سے محروم کرنا، پسند کی شادی پر قتل یا تشدد، جہیز کے مطالبات، گھریلو تشدد اور بیوی کو محض خدمت گزار سمجھنا ایسے رویے ہیں جن کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔موجودہ دور میں خواتین کو تشدد کی کئی شکلوں کا سامنا ہے۔ گھریلو تشدد، غیرت کے نام پر قتل، تیزاب گردی، جبری شادی، کم عمری کی شادی، جنسی ہراسانی، ملازمت کی جگہ پر استحصال، تعلیمی اداروں میں بدسلوکی اور سوشل میڈیا پر کردار کشی اس مسئلے کی سنگین صورتیں ہیں۔ بعض خواتین کو جسمانی تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو بہت سی خواتین مسلسل ذہنی اذیت، تضحیک، دھمکیوں اور معاشی پابندیوں کی زد میں رہتی ہیں۔ خواتین کو تعلیم، روزگار اور وراثت جیسے بنیادی حقوق سے محروم رکھنا بھی ایک طرح کا استحصال ہے۔پاکستان جیسے معاشرے میں یہ مسئلہ مزید توجہ کا متقاضی ہے۔ ہمارے ہاں آج بھی کئی خواتین خاندانی دباو¿، معاشرتی بدنامی، مالی مجبوری اور قانونی پیچیدگیوں کے خوف سے اپنے اوپر ہونے والے ظلم کے خلاف آواز نہیں اٹھاتیں۔ بعض اوقات خاندان کی عزت کے نام پر ظالم کو تحفظ دیا جاتا ہے اور مظلوم عورت کو خاموش رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ یہ رویہ نہ صرف ناانصافی ہے بلکہ تشدد کرنے والوں کی حوصلہ افزائی بھی کرتا ہے۔خواتین پر تشدد کی روک تھام کے لیے محض عالمی دن منانا یا تقریبات منعقد کرنا کافی نہیں۔ حکومت کو خواتین کے تحفظ سے متعلق قوانین پر مو¿ثر عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔ پولیس کو خواتین کی شکایات سننے اور فوری کارروائی کرنے کا پابند بنایا جائے، خواتین کے لیے محفوظ شکایتی مراکز اور پناہ گاہیں قائم کی جائیں، قانونی امداد فراہم کی جائے اور تشدد کے مرتکب افراد کو بلاامتیاز قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ عدالتی نظام میں ایسے مقدمات کو ترجیح دی جائے تاکہ متاثرہ خواتین کو برسوں انصاف کے انتظار میں نہ رہنا پڑے۔اس سلسلے میں تعلیمی اداروں، میڈیا، مذہبی رہنماو¿ں اور سماجی تنظیموں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ بچوں کی ابتدائی تربیت میں یہ شعور شامل کیا جائے کہ عورت کمزور نہیں بلکہ عزت و احترام کی مستحق ہے۔ لڑکوں کو بھی یہ سکھایا جائے کہ مردانگی کا مطلب طاقت کا ناجائز استعمال نہیں بلکہ ذمہ داری، برداشت اور دوسروں کے حقوق کا احترام ہے۔ سوشل میڈیا پر خواتین کو ہراساں کرنے، بلیک میل کرنے اور ان کی نجی زندگی میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف بھی مو¿ثر کارروائی ضروری ہے۔یہ حقیقت بھی پیش نظر رہنی چاہیے کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ مردوں کے حقوق کی نفی نہیں بلکہ ایک متوازن اور مہذب معاشرے کی تشکیل کا تقاضا ہے۔ عورت کو تعلیم، روزگار اور ترقی کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں اور اسے اپنی صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ البتہ آزادی اور خودمختاری کے نام پر کسی بھی قسم کے استحصال، تجارتی استعمال یا انسانی وقار کی پامالی کو بھی درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اصل معیار عورت کی عزت، رضامندی، تحفظ اور اختیار ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم عورت کو محض عالمی دن کی تقریروں کا موضوع بنانے کے بجائے اپنی عملی زندگی میں اس کے حقوق کا احترام کریں۔ گھر میں بیٹی کو تعلیم، بہن کو وراثت، بیوی کو عزت اور ماں کو خدمت و محبت کا حق دیں۔ یاد رکھیے، جس معاشرے میں عورت غیر محفوظ ہو، وہاں خاندان مضبوط نہیں ہو سکتے اور جس قوم کی نصف آبادی خوف اور محرومی کا شکار ہو، وہ ترقی کی منزلیں بھی طے نہیں کر سکتی۔25 نومبر ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ عورت پر تشدد کسی ایک فرد کے خلاف زیادتی نہیں بلکہ پورے معاشرے کے ضمیر پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ عورت کو تحفظ، عزت اور انصاف دینا صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر فرد کا اخلاقی، انسانی اور مذہبی فریضہ ہے۔ ہمیں ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہوگا جہاں عورت کو اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھانے کی ضرورت ہی نہ پڑے، جہاں اس کی عزت محفوظ ہو اور جہاں اس کے وجود کو بوجھ نہیں بلکہ قدرت کی نعمت سمجھا جائے۔ یہی اس عالمی دن کا حقیقی مقصد اور ایک مہذب معاشرے کی پہچان ہے۔






