#کالم

دوستی کا تعلق نیت سے ہوتا ہے، بدنیت کبھی وفادار نہیں ہو سکتا

syed imran saleem

سید محمد عمران سلیم

دوستی محض چند خوبصورت الفاظ، مسکراتے چہروں اور ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارنے کا نام نہیں بلکہ دوستی ایک ایسا مقدس رشتہ ہے جس کی بنیاد خلوص، اعتماد، وفاداری اور نیک نیتی پر قائم ہوتی ہے۔ اس رشتے میں دولت، شہرت، مرتبے اور مفادات کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی اصل اہمیت انسان کی نیت اور اس کے کردار کی ہوتی ہے۔یہ حقیقت ہے کہ ہر مسکراتا ہوا چہرہ مخلص نہیں ہوتا اور ہر میٹھا بولنے والا انسان خیرخواہ نہیں ہوتا۔ بعض لوگ دوستی کا لبادہ اوڑھ کر دل میں حسد، بغض، نفرت اور مفاد پرستی چھپائے رکھتے ہیں۔ وہ بظاہر آپ کے قریب ہوتے ہیں، آپ کے دکھ درد میں شریک ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، لیکن حقیقت میں ان کی قربت کے پیچھے کوئی نہ کوئی ذاتی مفاد پوشیدہ ہوتا ہے یاد رکھیے دوستی کا اصل امتحان اچھے وقت میں نہیں بلکہ برے وقت میں ہوتا ہے۔ جب حالات سازگار ہوں، کامیابیاں آپ کے قدم چوم رہی ہوں اور آپ کے اردگرد لوگوں کا ہجوم ہو تو دوستوں کی کمی محسوس نہیں ہوتی۔ لیکن جب وقت بدلتا ہے، مشکلات دروازے پر دستک دیتی ہیں اور انسان کو سہارے کی ضرورت پڑتی ہے تو چہروں سے نقاب اترنے لگتے ہیں تب معلوم ہوتا ہے کہ کون واقعی اپنا تھا اور کون صرف اپنے مفاد کے لیے ساتھ چل رہا تھا۔نیک نیت انسان کبھی اپنے دوست کی کامیابی سے پریشان نہیں ہوتا وہ اس کی ترقی پر خوش ہوتا ہے، اس کی عزت کی حفاظت کرتا ہے اور اس کی غیر موجودگی میں بھی اس کے حق میں اچھا بولتا ہے۔ اس کے برعکس بدنیت شخص بظاہر دوستی کا دعوے دار ہوتا ہے، لیکن اندر ہی اندر آپ کی خوشیوں، کامیابیوں اور عزت سے خائف رہتا ہے۔ وہ آپ کے سامنے خیرخواہی کے مشورے دیتا ہے اور پیٹھ پیچھے آپ کی شخصیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا ہےایسے لوگوں کی سب سے بڑی پہچان یہ ہے کہ وہ دوستی کو ذمہ داری نہیں بلکہ ضرورت سمجھتے ہیں۔ جب تک ان کا مفاد وابستہ رہتا ہے، تعلق قائم رہتا ہے اور جیسے ہی مفاد ختم ہوتا ہے، رویے بدل جاتے ہیں۔ کبھی لہجے بدلتے ہیں، کبھی ترجیحات اور کبھی برسوں کی قربت اجنبیت میں تبدیل ہو جاتی ہے۔اصل بات یہ ہے کہ وفاداری کسی کے دعوے سے ثابت نہیں ہوتی بلکہ اس کے عمل سے ظاہر ہوتی ہے۔ جو شخص آپ کے راز محفوظ نہیں رکھ سکتا، آپ کی غیر موجودگی میں آپ کی عزت نہیں کر سکتا اور آپ کی کامیابی پر دل سے خوش نہیں ہو سکتا، وہ دوستی کے تقاضے کیسے پورے کر سکتا ہے؟ہمیں بھی اپنی زندگی میں ایک بات ضرور یاد رکھنی چاہیے کہ ہر تعلق کو بچانا ہماری ذمہ داری نہیں ہوتی۔ بعض اوقات کسی رشتے سے خاموشی کے ساتھ فاصلہ اختیار کر لینا ہی اپنی عزتِ نفس اور ذہنی سکون کی حفاظت کا بہترین راستہ ہوتا ہے ہر شخص کو اپنی زندگی میں جگہ دینا ضروری نہیں اور نہ ہی ہر مسکراتے چہرے کو اپنا سمجھ لینا دانش مندی ہے تاہم ہمیں یہ بھی نہیں بھولنا چاہیے کہ چند بدنیت لوگوں کی وجہ سے تمام رشتوں اور دوستیوں پر بداعتمادی کا سایہ نہیں ڈالنا چاہیے۔ دنیا میں آج بھی ایسے مخلص لوگ موجود ہیں جو بغیر کسی غرض کے ساتھ نبھاتے ہیں، جو مشکل وقت میں ہاتھ تھامتے ہیں اور جو دوستی کو عبادت کی طرح نبھانا جانتے ہیں۔یاد رکھیے انسان کی پہچان اس کے الفاظ سے نہیں بلکہ اس کی نیت اور کردار سے ہوتی ہے۔دوستی میں خوبصورت چہرے، بڑے وعدے اور میٹھی باتیں اہم نہیں ہوتیں، بلکہ صاف دل، سچی نیت اور مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہنے کا حوصلہ اہم ہوتا ہے۔کیونکہ جس دل میں خلوص نہ ہو، وہاں وفاداری جنم نہیں لے سکتی جس نیت میں کھوٹ ہو، وہاں دوستی محض ایک دکھاوا بن کر رہ جاتی ہے۔دوستی کا تعلق نیت سے ہوتا ہے، مفاد سے نہیں۔ مخلص انسان فاصلے کے باوجود اپنا رہتا ہے، جبکہ بدنیت انسان قریب رہ کر بھی کبھی وفادار نہیں ہو سکتا۔یہی زندگی کا ایک تلخ مگر ناقابلِ فراموش سبق ہے کہ دوست کم بنائیں، مگر ایسے بنائیں جن کی زبان اور دل میں کوئی فاصلہ نہ ہو۔ کیونکہ زندگی کی سب سے بڑی خوش نصیبی دولت مند ہونا نہیں بلکہ ایک مخلص دوست کا مالک ہونا ہے۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے