#کالم

پاک برطانیہ عسکری سفارت کاری کا نیا باب

mirza rizwan

مرزا رضوان

عالمی سیاست اور دفاعی حکمت عملی کے بدلتے ہوئے منظرنامے میں عسکری سفارت کاری کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ جب روایتی سفارتی چینلز پیچیدہ جیو پولیٹیکل چیلنجز کا سامنا کر رہے ہوتے ہیں تو عسکری قیادت کے مابین براہِ راست رابطے خطے میں امن و استحکام اور باہمی اعتماد کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ اسی تناظر میں حال ہی میں راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ہونے والی ایک انتہائی اہم ملاقات کو دیکھا جا رہا ہے، جہاں برطانیہ کے ایک اعلیٰ سطحی عسکری وفد نے، جس کی قیادت چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سر چارلس رولینڈ ونسنٹ واکر کر رہے تھے، پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز (COAS & CDF) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات سے ملاقات کی۔یہ ملاقات محض ایک رسمی سفارتی سرگرمی نہیں بلکہ دو ایسے ممالک کی عسکری قیادت کا سنگم ہے جن کے درمیان تاریخی، ادارہ جاتی اور پیشہ ورانہ روابط دہائیوں پر محیط ہیں۔ جی ایچ کیو آمد پر برطانوی آرمی چیف کو پاک فوج کے ایک چست اور چاق و چوبند دستے کی جانب سے پیش کیا جانے والا گارڈ آف آنر اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاکستان اپنی عسکری روایات اور مہمان نوازی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعلقات کو کس قدر اہمیت دیتا ہے۔پاکستان اور برطانیہ کی افواج کے درمیان تعلقات کی جڑیں مشترکہ تاریخ اور پیشہ ورانہ تربیت کے مضبوط ستونوں پر استوار ہیں۔ برطانیہ کی رائل ملٹری اکیڈمی سینڈہرسٹ اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے درمیان افسران کے تبادلے، مشترکہ جنگی مشقوں اور پیشہ ورانہ کورسز کا سلسلہ برسوں سے جاری ہے۔ تاہم، موجودہ دور کے تقاضے ماضی سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہیں۔ سائبر وارفیئر، مصنوعی ذہانت کا دفاعی استعمال، بدلتے ہوئے جنگی حربے اور غیر روایتی سیکیورٹی خطرات نے دونوں ممالک کی افواج کو اس بات پر آمادہ کیا ہے کہ وہ اپنے تعاون کو محض روایتی دائرے تک محدود نہ رکھیں بلکہ اسے جدید دور کے چیلنجز سے ہم آہنگ کریں۔ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور جنرل سر چارلس واکر کے مابین باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی و سیکیورٹی تعاون کو وسعت دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ خطے کے اہم اسٹیک ہولڈرز اور عالمی طاقتیں باہمی مشاورت کے ذریعے استحکام کی راہیں تلاش کریں۔ افغانستان کی صورتحال، سرحدی سیکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی کی کوششیں اور سمندری گزرگاہوں کا تحفظ ایسے معاملات ہیں جن پر پاکستان اور برطانیہ کے مفادات یکساں ہیں۔ پاکستان نے گزشتہ دو دہائیوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو لازوال قربانیاں دی ہیں اور جس پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے علاقوں کو شرپسند عناصر سے پاک کیا ہے، اس کا اعتراف دنیا بھر کے عسکری ماہرین کرتے ہیں۔اس ملاقات کا ایک انتہائی اہم پہلو برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف کی جانب سے پاک مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاریوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کا برملا اعتراف ہے۔ بین الاقوامی سطح پر پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا ہے، چاہے وہ اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں مثالی کارکردگی ہو یا اندرونِ ملک پیچیدہ ترین آپریشنز میں کامیابی۔ جنرل سر چارلس واکر کے کلمات اس حقیقت کی تصدیق کرتے ہیں کہ برطانیہ خطے کے امن کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کو نہ صرف تسلیم کرتا ہے بلکہ اسے ناگزیر بھی سمجھتا ہے۔دوسری جانب، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ پاکستان کی متوازن اور دور اندیش خارجہ و دفاعی پالیسی کا مظہر ہے۔ پاکستان ایک ایسے دوراہے پر کھڑا ہے جہاں اسے اپنی جغرافیائی اہمیت کو معاشی اور دفاعی استحکام میں تبدیل کرنا ہے۔ عالمی طاقتوں کے ساتھ متوازن تعلقات استوار رکھنا اور کسی ایک بلاک کا حصہ بننے کے بجائے تمام اہم ممالک کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر شراکت داری کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ برطانیہ، جو یورپ اور عالمی سطح پر ایک اہم دفاعی و سفارتی قوت ہے، کے ساتھ عسکری تعلقات کی مضبوطی پاکستان کے لیے دفاعی ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس شیئرنگ اور عسکری تربیت کے نئے دروازے کھول سکتی ہے۔یہ حقیقت بھی پیشِ نظر رہنی چاہیے کہ برطانیہ میں مقیم لاکھوں پاکستانی نڑاد شہری دونوں ممالک کے درمیان ایک زندہ پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ عوامی سطح کے ان گہرے روابط کو جب اعلیٰ عسکری اور ریاستی سطح کے مضبوط تعلقات کا سہارا ملتا ہے تو دوطرفہ شراکت داری کو ایک نئی توانائی حاصل ہوتی ہے۔ دفاعی تعاون میں اضافہ صرف اسلحے یا تربیت تک محدود نہیں رہتا، بلکہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک اعتماد بھی پروان چڑھتا ہے، جو عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے مو¿قف کو سمجھنے اور اس کی حمایت کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔مجموعی طور پر دیکھا جائے تو برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف کا یہ دورہ اور جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات پاک برطانیہ تعلقات میں ایک مثبت اور تعمیری پیش رفت ہے۔ دونوں ممالک کی عسکری قیادت نے جس گرمجوشی اور ہم آہنگی کے ساتھ مستقبل کے لائحہ عمل پر اتفاق کیا ہے، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ماضی کی خوشگوار روایات کو بنیاد بناتے ہوئے مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ مشترکہ حکمت عملی سے کیا جائے گا۔ اگر اس عزم کو عملی جامہ پہناتے ہوئے مشترکہ دفاعی منصوبوں، انسدادِ دہشت گردی کے تجربات کے تبادلے اور جدید عسکری تحقیق میں تعاون کو مزید آگے بڑھایا جاتا ہے، تو یہ شراکت داری نہ صرف پاکستان اور برطانیہ بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے ایک مضبوط ضمانت ثابت ہوگی۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے