#کالم

ہیجان خیز معاشرہ، بے سکون ذہن اور بکھرتے ہوئے رشتے

shehzad imran khan

شہزاد عمران خان

عدم برداشت، نفسیاتی دباو¿ اور تشدد کے بڑھتے رجحان نے انسانی سکون چھین لیا، ذہنی صحت پر توجہ وقت کی اہم ضرورت بن گئی۔۔۔زندگی کبھی اتنی بے سکون نہیں تھی جتنی آج دکھائی دیتی ہے۔ چہروں پر مسکراہٹیں ہیں مگر دلوں میں اضطراب، گھروں میں رونق ہے مگر رشتوں میں دراڑیں اور رابطوں کے بے شمار ذرائع ہونے کے باوجود انسان ایک دوسرے سے دور ہوتا جا رہا ہے۔ معمولی باتوں پر بگڑتے تعلقات، اختلافِ رائے پر بھڑکتے جذبات اور غصے میں اٹھتے ہاتھ اس معاشرتی تبدیلی کی نشانیاں ہیں جسے محض اخلاقی زوال کہہ کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ایک ایسے معاشرے کی تصویر ہے جہاں ذہنی دباو¿، عدم برداشت اور بے یقینی نے انسانی سکون کو نگلنا شروع کر دیا ہے۔آئے روز تشدد، قتل، گھریلو جھگڑوں، بچوں سے بدسلوکی اور معمولی تنازعات کے بھیانک انجام کی خبریں سامنے آتی ہیں۔ کہیں راستے کا تنازعہ جان لیوا دشمنی میں بدل جاتا ہے، کہیں گھریلو تلخی کسی بڑے سانحے کا سبب بنتی ہے اور کہیں چند لمحوں کا غصہ عمر بھر کے پچھتاوے میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ ہر واقعے کے بعد مذمت ہوتی ہے، بحث چھڑتی ہے اور پھر ایک نئی خبر پرانی خبر کو پیچھے چھوڑ دیتی ہے۔ لیکن بنیادی سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ ہمارے معاشرتی رویوں میں تلخی کیوں بڑھ رہی ہے اور اس کے تدارک کے لیے سنجیدہ اقدامات کیوں دکھائی نہیں دیتے؟یہ مسئلہ محض جرائم تک محدود نہیں بلکہ انسانی رویوں، ذہنی صحت اور اجتماعی طرزِ زندگی سے بھی تعلق رکھتا ہے۔ تشدد کسی ایک وجہ سے جنم نہیں لیتا اور نہ ہی ہر پرتشدد شخص کو نفسیاتی مریض قرار دیا جا سکتا ہے۔ تاہم مسلسل ذہنی دباو¿، معاشی مشکلات، گھریلو تنازعات، جذباتی بے چینی اور غصے پر قابو نہ رکھ پانا بعض حالات میں انسان کے رویے کو متاثر کر سکتا ہے۔۔۔۔ذہنی بے سکونی کسی ایک طبقے کا مسئلہ نہیں۔۔۔ہمارے معاشرے میں یہ خیال پایا جاتا ہے کہ مالی آسودگی انسان کو ہر پریشانی سے محفوظ کر دیتی ہے، حالاں کہ ذہنی سکون کا تعلق محض دولت سے نہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری، علاج اور تعلیم کے اخراجات غریب اور متوسط طبقے کو پریشان کیے ہوئے ہیں، تو دوسری طرف کاروباری دباو¿، خاندانی توقعات، سماجی مقابلہ بازی اور مستقبل کی بے یقینی خوش حال افراد کو بھی ذہنی کشمکش میں مبتلا کر سکتی ہے۔ہر شخص اپنے حصے کی کوئی نہ کوئی جنگ لڑ رہا ہے، لیکن دوسروں کی پریشانی سننے اور سمجھنے کا حوصلہ کم ہوتا جا رہا ہے۔ کوئی اپنے دکھ کا اظہار کرے تو اسے کمزور سمجھ لیا جاتا ہے اور کوئی ذہنی دباو¿ کا ذکر کرے تو اسے نصیحتوں کے ذریعے خاموش کرا دیا جاتا ہے۔ یوں بہت سے لوگ اپنی پریشانیاں چھپانے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔جسمانی بیماری کے علاج کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کرنا معمول کی بات ہے، لیکن ذہنی پریشانی کا ذکر آج بھی ہمارے ہاں شرمندگی کا باعث بن جاتا ہے۔ اضطراب، ڈپریشن اور دیگر نفسیاتی مسائل کی بروقت تشخیص اور مناسب علاج انسان کی زندگی میں بہتری لا سکتے ہیں، مگر ذہنی صحت سے متعلق غلط فہمیاں لوگوں کو ماہرین سے رجوع کرنے سے روکتی ہیں۔۔۔۔اجتماعی بے بسی اور منفی ماحول کے نفسیاتی اثرات۔۔۔معاشرے میں بڑھتی ہوئی ہیجان خیزی کے اسباب سمجھنے کے لیے ماہرینِ نفسیات کی رائے خاص اہمیت رکھتی ہے۔ ماہرِ نفسیات شہیرہ طارق کے مطابق پاکستان کے بڑھتے ہوئے مسائل صرف سیاسی یا معاشی نوعیت کے نہیں بلکہ ان کی جڑوں میں گہرے نفسیاتی اور سماجی عوامل بھی موجود ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ جب ایک قوم مسلسل مہنگائی، بے یقینی، خوف، تشدد، سیاسی کشیدگی اور منفی خبروں کے ماحول میں زندگی گزارتی ہے تو اس کے اثرات اجتماعی ذہن پر مرتب ہوتے ہیں۔ لوگ بتدریج مایوسی، غصے، بے بسی اور عدم تحفظ کا شکار ہونے لگتے ہیں۔ ان کے نزدیک سب سے خطرناک کیفیت اس وقت پیدا ہوتی ہے جب انسان یہ یقین کر لے کہ ”میرے کچھ کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔“شہیرہ طارق کا یہ مو¿قف ہمارے معاشرتی رویوں کے ایک اہم پہلو کی نشان دہی کرتا ہے۔ جب فرد اپنی کوششوں کو بے معنی سمجھنے لگے، اسے مستقبل میں امید دکھائی نہ دے اور مسائل کے حل کا کوئی راستہ نظر نہ آئے تو مایوسی اور بے عملی اس کی شخصیت میں جگہ بنانے لگتی ہے۔ یہی کیفیت اجتماعی سطح پر بھی معاشرے کو متاثر کرتی ہے۔ لوگ مسائل کے حل میں کردار ادا کرنے کے بجائے لاتعلقی اختیار کرنے لگتے ہیں اور اجتماعی ذمہ داری کا احساس کمزور پڑ جاتا ہے۔ان کے مطابق پاکستان کو بہتر بنانے کے لیے صرف سڑکیں، عمارتیں اور پالیسیاں کافی نہیں، بلکہ انسانوں کی ذہنی صحت، سوچ اور رویّوں پر بھی کام کرنا ہوگا۔ اسکولوں اور جامعات میں جذباتی ذہانت (Emotional Intelligence) اور نفسیاتی آگاہی کو فروغ دیا جائے، اختلاف کو دشمنی سمجھنے کے بجائے مکالمے اور برداشت کی ثقافت پیدا کی جائے اور نوجوانوں میں بے بسی کے بجائے ذمہ داری اور تعمیری امید پیدا کی جائے۔ماہرِ نفسیات کا کہنا ہے کہ میڈیا کا کردار بھی انتہائی اہم ہے۔ مسلسل خوف اور منفی خبریں لوگوں کی ذہنی صحت پر اثرانداز ہوتی ہیں، اس لیے مسائل کی نشاندہی کے ساتھ ان کے حل، آگاہی اور مثبت سماجی مثالوں کو بھی جگہ ملنی چاہیے۔ ان کے نزدیک بہتر پاکستان صرف مضبوط اداروں سے نہیں بلکہ ذہنی طور پر صحت مند، جذباتی طور پر باشعور اور ایک دوسرے کے لیے حساس شہریوں سے تشکیل پائے گا۔عدم برداشت نے اختلاف کو دشمنی میں بدل دیا۔۔۔کسی مہذب معاشرے کی پہچان یہ نہیں کہ وہاں اختلاف نہ ہو بلکہ یہ ہے کہ اختلاف کے باوجود احترام باقی رہے۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں اختلافِ رائے کو ذاتی توہین سمجھنے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ گھر ہو، دفتر ہو، بازار ہو یا سڑک، ہر شخص اپنی بات منوانے پر مصر دکھائی دیتا ہے۔ دوسرے کی بات سننا، اپنی غلطی تسلیم کرنا اور غصے کے وقت خود کو روکنا جیسے اوصاف کمزور پڑتے جا رہے ہیں۔سوشل میڈیا نے بھی اس صورتِ حال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ گالم گلوچ، تضحیک، کردار کشی اور اشتعال انگیز گفتگو نے اختلاف کو ایک دوسرے کی تذلیل کا ذریعہ بنا دیا ہے۔ غیر مصدقہ خبریں اور تشدد کے واقعات کی دل دہلا دینے والی تفصیلات خوف اور نفرت کی فضا کو مزید گہرا کر سکتی ہیں۔ذرائع ابلاغ کا کام واقعات کو چھپانا نہیں، لیکن خبر کی پیش کش میں تحقیق، ذمہ داری اور انسانی وقار کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ صحافت کا مقصد محض سنسنی پیدا کرنا نہیں بلکہ عوام کو حقائق سے آگاہ کرنے کے ساتھ مسائل کے حل پر بھی روشنی ڈالنا ہے۔۔۔۔تدارک کے لیے عملی اقدامات ناگزیر۔۔۔اگر معاشرتی بے سکونی اور تشدد کے بڑھتے رجحان پر قابو پانا ہے تو ذہنی صحت کو صحتِ عامہ کی بنیادی ترجیحات میں شامل کرنا ہوگا۔ سرکاری ہسپتالوں میں نفسیاتی علاج کی سہولتیں بہتر بنائی جائیں، مستند ماہرین کی دستیابی بڑھائی جائے اور کم آمدنی والے افراد کے لیے مشاورت اور علاج تک رسائی آسان بنائی جائے۔تعلیمی اداروں میں تربیت یافتہ نفسیاتی مشیر مقرر کیے جائیں تاکہ بچوں اور نوجوانوں کے مسائل کو بروقت سمجھا جا سکے۔ طلبہ کو نصابی تعلیم کے ساتھ غصے پر قابو پانے، اختلاف برداشت کرنے اور تنازعات کو پ±رامن انداز میں حل کرنے کی تربیت بھی دی جائے۔ والدین اور اساتذہ کی تربیت ضروری ہے کیونکہ بچوں کی شخصیت صرف کتابوں سے نہیں بلکہ اپنے اردگرد کے رویوں سے بھی تشکیل پاتی ہے۔ماہرینِ نفسیات کی مدد سے والدین، اساتذہ، پولیس اہلکاروں اور سماجی کارکنوں کے لیے تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں تاکہ وہ ذہنی دباو¿ کی علامات کو سمجھ سکیں اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ افراد کو مناسب مدد فراہم کر سکیں۔ گھریلو تشدد، بچوں سے بدسلوکی اور دیگر پرتشدد رویوں کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مو¿ثر رابطہ بھی ضروری ہے۔یہ تمام ذمہ داری حکومت پر ڈال کر ہم خود کو بری الذمہ قرار نہیں دے سکتے۔ ہر گھر اور ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ بچوں کے سامنے گالی گلوچ سے گریز، گھریلو معاملات میں تحمل، دوسروں کی بات توجہ سے سننا اور غصے کے لمحے میں خود کو روکنا بظاہر معمولی اقدامات ہیں، مگر معاشرتی تبدیلی کی بنیاد یہی رویے بنتے ہیں۔۔۔احساس کی واپسی ہی سکون کی پہلی شرط۔۔۔ہمدردی کا مطلب کسی جرم یا زیادتی کو معاف کرنا نہیں۔ کسی کے ذہنی دباو¿ کو سمجھنا اور اس کے تشدد کو روکنا بیک وقت ممکن ہے۔ متاثرہ شخص کے لیے انصاف ضروری ہے اور مسائل کا شکار فرد کے لیے مناسب مدد۔ معاشرے کو ان دونوں تقاضوں میں توازن پیدا کرنا ہوگا۔معاشرے کا سکون بلند عمارتوں، کشادہ سڑکوں اور ترقیاتی منصوبوں سے ہی نہیں بلکہ انسانوں کے درمیان احترام، اعتماد اور احساس کی موجودگی سے بھی پہچانا جاتا ہے۔ اگر گھروں میں خوف، بازاروں میں غصہ، سڑکوں پر تصادم اور رشتوں میں بے اعتمادی بڑھتی جائے تو ظاہری ترقی بھی زندگی کو آسودہ نہیں بنا سکتی۔اب وقت آ گیا ہے کہ ہم تشدد کی ہر خبر پر چند لمحوں کی مذمت سے آگے بڑھیں اور ان اسباب کے تدارک کے لیے مستقل کوشش کریں جو معاشرتی بے چینی کو جنم دیتے ہیں۔ ذہنی صحت کو اہمیت دیں، اختلاف کو برداشت کرنا سیکھیں اور آنے والی نسلوں کی تربیت پر توجہ دیں۔کیونکہ معاشرے اس وقت نہیں ٹوٹتے جب ان کے وسائل کم پڑ جائیں، بلکہ ان کی بنیادیں اس وقت کمزور ہونے لگتی ہیں جب انسان دوسرے انسان کا درد محسوس کرنا چھوڑ دے۔ ہمیں اپنے معاشرے کو اس مقام سے بچانا ہے جہاں اختلاف دشمنی بن جائے، غصہ دلیل پر غالب آ جائے اور انسان کے پاس انسان کے لیے وقت، احساس اور برداشت باقی نہ رہے۔ سکون کی واپسی کا سفر کسی بڑے اعلان سے نہیں بلکہ ایک دوسرے کو سننے، سمجھنے اور انسان سمجھنے کے عمل سے شروع ہوگا۔

ہیجان خیز معاشرہ، بے سکون ذہن اور بکھرتے ہوئے رشتے

مسلح اورمصلح

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے