#کالم

مسلح اورمصلح

nasir iqbal khan

ناصر اقبال خان

کچھ شخصیات کو ان کے اداروں اور ارادوں کی بنیاد پر پہچانا جاتا ہے جبکہ کچھ باصلاحیت افراد اپنے معاشروں اور محکموں کی شناخت بن جاتے ہیں۔ ہمارے دیکھتے دیکھتے کئی قدآور شخصیات کو وقت نے ماضی کا قصہ بنا دیا لیکن ہم نے زندہ وجاوید گلزاراحمدبٹ کی سروس کاسنہری دور بھی دیکھا جو زندان میں مامور ہوتے ہوئے بھی قیدیوں کی ویلفیئر کیلئے دورر س اصلاحات کی بنیاد پر اپنے منفرد کردار سے ہمارے سماجی وانتظامی نصاب کا جلی عنوان بنے۔ گلزار احمد کی ریٹائرمنٹ سے پنجاب کا محکمہ ”زندان” بھی ”دیران” ہو گیاتھا۔ موصوف اپنے محکمے کا روشن ”چہرہ” تھے جبکہ ان کے سر پر جیل خانہ جات میں کئی طرح کی تعمیری اصلاحات کا ”سہرہ” تھا، ان کے بعد سے اب تک محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے پاس گلزار احمد بٹ کا کوئی متبادل نہیں ہے۔جیل خانہ جات پنجاب کے سابقہ پروفیشنل سینئر سپرنٹنڈنٹ گلزار احمد بٹ کے اوصاف حمیدہ نے ہر سنجیدہ انسان کو ان کا گرویدہ بنا دیاتھا ، ان کا ہوم ٹا¶ن گوجرانوالہ ہے لیکن پچھلی چار دہائیوں سے لاہور کے در و دیوار ان کی بہترین بلکہ اعلیٰ ترین خدمات کی شہادت دے رہے ہیں۔ وہ ایک باکمال اور باجمال انسان ہیں۔ انہیں ہر طرح کے چیلنجز سے بااحسن نبرد آزما ہونا جبکہ خطرات پر قابو پانا آتا تھا۔وہ لاہور اور ساہیوال سمیت متعدد شہروں کے زندانوں میں اپنا فرض منصبی پیشہ ورانہ انداز سے انجام دیتے رہے ہیں۔ پچھلے چند برسوں سے وہ وفاقی محتسب میں ایک زیرک اورپروفیشنل کنسلٹنٹ کی حیثیت سے واپڈا کی اووربلنگ سے پریشان صارفین اور سائلین کو ریلیف فراہم کر رہے تھے۔گلزاراحمدبٹ نے کنسلٹنٹ وفاقی محتسب کی حیثیت سے سائلین کیلئے مقررہ اوقات کے دوران اپنے آفس میں رسائی اورشنوائی سہل بنادی تھی۔راقم نے براہ راست انہیں اپنے منصب سے انصاف اورسائلین کی اشک شوئی کرتے ہوئے دیکھا ہے، وہ وفاقی محتسب کی نیک نامی کا سبب تھے تاہم شہریوں اورسائلین کے بیحد اصرار کونظرانداز کرتے ہوئے انہیں ایکسٹینشن نہیں دی گئی جو راقم کے نزدیک وفاقی محتسب سے انصاف کی امیدیں وابستہ کرنیوالے سائلین کیلئے شدید دھچکا ہے۔ وفاقی محکموں سے مایوس ہروہ عام شہری جو اثر و رسوخ اورعدالت جانے کی مالی سکت نہیں رکھتا، اسے گلزار احمدبٹ کی صورت میں ایک بہترین منتظم اور منصف سے محروم کرنا ایک سانحہ اور بڑا سوالیہ نشان ہے۔ عام طور پر زندان کا نام سنتے ہی اذہان میں اسیران کیلئے رسوائی ، قیدتنہائی اورکٹھنائی کا تصور ابھرتا ہے۔عام آدمی یہ سمجھتاہے،گویا جیل سپرنٹنڈنٹ صرف وہاں امن وامان اورڈسپلن یقینی بنانے کاپابند ہوتا ہے۔ تاہم گلزار احمد بٹ نے اس تصور کو پوری طرح تبدیل کر دیاتھا۔ انہوں نے اپنے افکاروکردار سے بتایاایک پروفیشنل جیل سپرنٹنڈنٹ بھی انسانیت کا معلم ، قیدیوں کا محافظ ومعماراور خوابیدہ انسانوں کو بیدارکرنے کی صلاحیت کاحامل” مصلح “یعنی اصلا ح کار بھی ہو سکتا ہے۔تاریخ”مسلح “ نہیں ”مصلح “کویادرکھتی ہے ،گلزاراحمدبٹ اپنی سروس کے دوران قیدیوں کی” فلاح“ اور”اصلاح“ کیلئے کلیدی کرداراداکرتے رہے ہیں،ان کی گرانقدر خدمات اوراصلاحات کوفراموش نہیں کیا جاسکتا۔ان کا فلسفہ بہت سادہ مگر بہت گہرا تھا۔ ان کاکہنا تھا ”قیدی بھی انسان ہیں،شومئی قسمت وہ مجرم ضرور ہیں مگر پیدا ہوتے وقت معصوم تھے ۔ ہمیں ان انسانوں کودھتکارانا نہیں بلکہ سدھارنا اور سنوارنا ہوگا ورنہ ان میں کوئی جیل سے رہائی کے بعد بڑا مجرم بن سکتا ہے۔یہ وہ نیت اورمثبت سوچ تھی جس نے انہیں اپنے ہم عصر حکام میں منفردوممتاز مقام سے نوازدیا۔لاہور کی کیمپ جیل میں ان کا دور آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔ وہاں امن وامان،ڈسپلن، صفائی ستھرائی ، قیدیوں کی تعلیم وتربیت ، طعام وقیام کا معیار، ا نہیں طبی سہولیات کی فراہمی اور ان کے اہل خانہ سمیت عزیزواقارب سے ملاقات کا نظام، سبھی کچھ ایک نئے انداز میں ڈھل گیا تھا۔ قیدی ان سے ڈرتے نہیں بلکہ دل سے ان کی عزت کرتے تھے۔ میں سمجھتا ہوں اگراتھرے قیدی خوف کی بجائے محبت اور عزت کے سبب کسی جیل سپرنٹنڈنٹ کے احکامات مانیں تو یہ ایک منجھے ہوئے منتظم کی سب سے بڑی کامیابی ہوتی ہے۔جب وہ سنٹرل جیل ساہیوال میں تعینات تھے تو وہاں کاماحول بھی تبدیل ہوگیا تھا۔میں آج بھی ساہیوال کے افراد سے سنتاہوں گلزاراحمدبٹ نے جیل کو ”تربت“ نہیں بلکہ” تربیت“ گاہ بنا دیا تھا۔ وہ قیدیوں کوکتب پیش کرتے ، ان کی تعلیم وتدریس اورتربیت کیلئے اساتذہ اورہنرمندوں کا انتظام کرتے، ا نہیں ہنرمند بنانے کیلئے مختلف ورکشاپس کااہتمام کرتے۔ ان کا ماننا تھا جو قیدی جیل میں ہنرسیکھتے ہیں وہ رہائی کے بعدرسوائی کاانتخاب نہیں کرتے ۔حاجی عنایت اللہ بٹ(شہزادہ) مرحوم کے ہونہار فرزند،پا محمداعظم بٹ مرحوم اورسابقہ تاحیات چیئرمین جیل روڈ لاہوراورسراپاسخاوت معظم بٹ مرحوم کے برادر عزیزگلزار احمد بٹ کوباپ داداکی صحبت، نسبت اورقسمت نے ” منتقم “ مزاج نہیں بلکہ بہترین ”منتظم “اورمستحقین کامددگاربنایا ہے ۔ پنجاب کے بٹ خوش شکل ،خوش لباس اورخوش خوراک جبکہ ان کے دسترخوان کشادہ اوراستادہ ہوتے ہیں،گلزاراحمدبٹ ،ذوالفقار علی بٹ اور منفرداسلوب کے کالم نگار محمدآصف عنایت بٹ سبھی بھائی یارباش ہیں،ان کے حلقہ احباب میں بہت وسعت ہے ۔ میں اپنے موضوع کی طرف واپس آتا ہوں، جیل خانہ جات کے مخصوص ومنحوس آفیسرز اپنے اختیار کو” زراورزور“ کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ ذرا سی بات پر قیدیوں کوسخت سزادینا، معمولی غلطی پر سائل کو دھتکارنا یہ ہمارے دفاتر کا عام منظر ہے تاہم نیک سیرت اورنیک صورت گلزاراحمدبٹ کی ذات یاکسی بات میں دوردورتک بھی کسی قسم کی رعونت یافرعونیت نہیں تھی۔دوران ڈیوٹی تناﺅ کے باوجود زندان میں بھی ان کاچہرہ مسکان سے سجا رہتا تھا ۔ان سے ملنے کیلئے کسی چٹ کی ضرورت نہیں پڑتی تھی ، کمزورہویاطاقتور، قیدی کا رشتہ دار ہو یا واپڈا کا پریشان صارف، ہر شخص کوان سے ملنے کی آزادی تھی۔ وہ ہر سائل کی بات کو پورے انہماک واستغراق اور تحمل سے سنتے، اس کے کاغذات کو خود دیکھتے، اور پھر سچائی کی بنیاد پر فیصلہ کرتے۔ آج تک ان کے کسی فیصلے سے سفارش یاسازش کی بو نہیں آئی ، انہیں” دباﺅ“ سے ” جھکاﺅ” پرمجبورنہیں کیاجاسکتا، انہوں نے کبھی اپنے” قلم“ سے انصاف کاسر”قلم“ نہیں ہونے دیا،انہوں نے بحیثیت کنسلٹنٹ 21ہزار فائنڈنگ دیں۔ وہ اپنے پاس آنیوالے ہزاروں سائلین کیلئے محض ایک بہترین منتظم نہیں بلکہ ان کے مسیحااورنجات دہندہ بھی ہیں۔بحیثیت کنسلٹنٹ ا ن کی دلچسپی اورمداخلت سے واپڈا ،نادرا ،ایف آئی اے سمیت تین سوسے زائدوفاقی محکموں کیخلاف ہزاروں سائلین کو ریلیف ملے ۔انہیں عوام کے احساس محرومی کامداواکرنااچھالگتا ہے ۔ ان کی سحر انگیز شخصیت سے کئی زندگیاں بدلی ہیں۔ گلزار احمد بٹ کوہزاروں اشعار ازبر ہیں، ان کا شعری ذوق علم و ادب کے ساتھ گہری وابستگی کا آئینہ دار ہے۔ ان کی رواداری ،بردباری اور حلیمی نے ان کی شخصیت کومحبوب اور لہجے کوپر تاثیر بنادیا ہے۔ وہ دوران سروس ایک سخت اور پروفیشنل جیل سپرنٹنڈنٹ تھے جبکہ حقیقت میں وہ صلہ رحمی سے بھرپور ایک حساس انسان ہیں۔ وہ مردم شناس اور اقبالؒ شناس ہیں،ان کی بات چیت اورنصیحت کرنے کے انداز سے ہرکوئی متاثر ہوتا ہے ۔ان سے مخاطب ہوتے وقت تولناپھربولنا پڑتا ہے ۔ وہ جہاں تشریف فرما ہوتے ہیں وہاں چارسوعلم کی روشنی بکھرجاتی ہے۔ ان کے عزیزواقارب اوراحباب میں سیاسی وسماجی اورکاروباری شخصیات اورمنفرداسلوب کے ممتاز شاعر،قانون دان،قلم کاراورکالم نگار بھی ہیں ،اگرسماج کامزاج سمجھناہوتوانہیں عام آدمی کی نبض پرہاتھ رکھنا بیحدپسند ہے۔ وہ ہرخاص وعام کے ساتھ یکساں خلوص اوراپنائیت سے ملتے ہیں۔ گلزاراحمدبٹ کی مخصوص ”اپنائیت“ ان پراللہ ربّ العزت کی خاص” عنایت“ ہے،ان کے نزدیک انسانوں کی قدر ا ن کے عہدوںسے نہیںبلکہ کردار سے ہوتی ہے۔ریٹائرمنٹ کے بعد زیادہ ترآفیسراپنے قصر نمابنگلے میں بیٹھ کر آرام کرتے ہیں لیکن مہم جوئی کے ماہراورمنتظم گلزار احمد بٹ نے پریشان حال عوام کی خدمت کیلئے ایک نیا محاذ سنبھال لیا تھا۔ وفاقی محتسب کے کنسلٹنٹ کی حیثیت سے انہوں نے تین سوسے زائدوفاقی محکموں کے سائلین کوریلیف کی فراہمی کا بیڑا اٹھایاتھا،گلزاراحمدبٹ سے پروفیشنل اورنیک نام آفیسرزکادم محکمہ وفاقی محتسب کیلئے غنیمت تھا ۔ان کا انصاف کرنے کاوصف انہیںاس منصب کااہل بناتا ہے لہٰذاءسوفیصد قابلیت اوراہلیت کی بنیادپران کی ایکسٹینشن ہزاروں سائلین کیلئے تازہ ہواکاجھونکا بن سکتی ہے ۔اس اقدام سے ہزاروں سائلین کیلئے آسانیاں پیدا ہوں گی ۔گلزاراحمدبٹ کی” ایکسٹینشن “سے یقینا محکمہ وفاقی محتسب کیلئے” آکسیجن “کاکام لیاجاسکتا ہے۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے