پاکستان دشمنوں کا ازلی بیانیہ

تحریر: صفدر علی خاں

جون 2015ء کو بنگلہ دیش کا دورہ کرنیوالے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے پوری دنیا کے سامنے پاکستان کو دولخت کرنے میں بھارتی کردار کا برسرعام اعلان کیا تو ساری سازش طشت از بام ہوئی ۔ظاہر ہے عالمی سازشیں حالات وواقعات کے تناظر میں کارگر ہوتی ہیں ان سازشوں پر عملدرآمد کے لئے سازگار ماحول دستیاب ہونا بہت اہم ہوتا ہے ۔ اگر مودی ساری دنیا کے سامنے بھارتی سازش کوبے نقاب نہ کرتے پھر تو کسی پر کوئی بھی الزام تراشی زیب دیتی ہے تاہم بھارتی وزیراعظم مودی کی جانب سے پاکستان کو دولخت کرنے کے لئے رچائی جانے والی سازش کے اعتراف پر ساری بحثیں سمٹ گئی ہیں ،مودی کے اعتراف جرم نے یہ بھی ثابت کردیا کہ بھارت کو موزوں ماحول کے ساتھ ایسے افراد بھی میسر آئے تھے جو اس سازش کی کامیابی کا موجب بنے ۔پاکستان سے بھارتی دشمنی کوئی ڈھکی چھپی نہیں ،ہمارے ملک پر کئی جنگیں مسلط کرنے پر بھی جب بھارت کے ہاتھ کچھ نہیں آیا تو اس نے مشرقی پاکستان میں سازش کے ذریعے یلغار کردی ۔بھارتی دراندازی کئی طرح سے ہوتی رہی اور جب حالات اسکی مرضی کے تحت انتہائی خراب ہوئے تو یوں ایک آزاد وخود مختار ملک بھارتی فوج کے ڈھاکہ میں اترنے کے بعد دولخت ہوگیا۔بھارت کی سازشیں ہر دور میں جاری رہیں اور کسی بھی مرحلے پر پاکستان کو نقصان پہنچانے کی حتی الواسع کوششیں کی گئیں مگر پاک فوج نے ہر بار پاک سر زمین کی حفاظت کو مقدم رکھنے کا فریضہ جانیں نچھاور کرکے نبھایا ۔پاک فوج نے پاکستان کے خلاف دشمن کی ہر سازش کو خاک میں ملایا ۔دنیا جانتی ہے پاکستان کے وجود کو برقرار رکھنے کے لئے پاک فوج نے لازوال قربانیاں دی ہیں ۔عالمی سازشوں کو خاک میں ملانے کی خاطرہمیشہ پاک فوج ہی سینہ سپر رہی جبکہ اندرونی سازشوں کا بھی اب تک پاک فوج ہی ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے ۔جنگ اور امن میں پاک فوج کے جوان ہی عوام کو ریسکیو کرنے کے لئے جانیں ہتھیلی پر رکھ کر میدان میں اترے اسکے برعکس اب تک دہشتگردوں کے ساتھ ہاتھ ملانے والے اب رسوائے زمانہ غدار شیخ مجیب الرحمٰن کو محب وطن قرار دیکر نئی نسل کو گمراہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں ، بھارتی ایجنڈے پر کام کرنے والے ہی اب نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر بھرنے کی کوشش کررہے ہیں انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ پاکستان عظیم قربانیاں دیکر حاصل کیا گیا تھا اور اب اسکے خلاف کوئی بھی سازش کامیاب کرانے کیلئے پہلے اسکے سچے جانثاروں سے سامنا کرنا ہوگا ۔پاک فوج نے ملک دشمنوں اور ملک کے خیر خواہوں میں بھی لکیر کھینچ دی ہے ۔پاکستان کیخلاف ہر سازش کو ناکام بنانے کی خاطر پاکستانی فوج کے جوان ہمہ وقت تیار ہیں ۔ 1971 ء کے واقعات کو غلط سلط رنگ دیکر پاک فوج کے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد پروپگنڈا ہی درحقیقت بھارت کی نئی چال ہے جو 71ء کی سازش کا نیا موڑ لے چکی ہے ۔بھارتی فوج اور مکتی باہنی کے دہشتگردوں نے فسادات برپا کرنے کیلئے جو طریقہ کار ماضی میں اختیار کیا تھا بالکل 9مئی کو بھی اسی طرز پر افراتفری پھیلاکر کچے ذہنوں کو پاک فوج سے متنفر کرنے کیلئے حملے کیئے گئے مگر انکے عزائم خاک میں مل گئے ،کیونکہ پاک فوج نے تحمل ،برد باری اور معاملہ فہمی سے حالات بے قابو ہونے کے راستے بند کر دئیے ۔9مئی کے بعد جرم اور سیاست کو تاحال بوجوہ الگ نہیں کیا جاسکا جس کے سبب ابھی تک سازشی عناصر ملک دشمنی پر مبنی نیا بیانیہ لے کر آگئے ہیں ۔عوام جانتے ہیں کہ پاک فوج نے ملک کو محفوظ بنانے اور دشمن کی سازشیں کچلنے کی خاطر بے مثال قربانیاں دی ہیں ۔وقت نے ثابت کردیا ہے کہ پاک فوج کے خلاف پروپیگنڈا کرنا ہی دراصل ملک دشمنی ہے ۔9مئی کوئی چھوٹا واقعہ نہیں تھا ،ملک دشمنی کی ساری سازشی تھیوریاں یہیں سے نکلتی ہیں ،ملک پر حملہ کرنے والوں کی شناخت ہوچکی ہے تو پھر انہیں سزائیں دینے میں تاخیر کیسی ؟،پوری قوم نو مئی کے مجرموں کو عبرت کا نشان بنانے کا مطالبہ کررہی ہے پاکستان کی سلامتی کیلئےاب جرم کو سیاست سے الگ کرنا ناگزیر ہوگیا ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ اب پاکستان کے دوست اور دشمن کا فرق بھی واضح ہوچکا ہے ،جب خود بھارت کا وزیر اعظم نریندر مودی اعلانیہ کہہ رہا ہے کہ بنگلہ دیش کی پاکستان سے علیحدگی میں بھارت نے موثر کردار ادا کیا تھا تو اس پر پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے کا مقصد بھی ملک دشمنی کے سوا کچھ اور نہیں ۔پاکستان کے عوام ہی نہیں بلکہ پوری دنیا پر بھارت کی عالمی سازش اور اس سازش کے کردار بے نقاب ہوچکے ہیں ۔ان حالات میں قوم کی پاک فوج سے اٹوٹ محبت قائم رہے گی کیونکہ جھوٹے پروپگنڈوں سے دل کی حکمرانی کسی صورت تبدیل نہیں ہوگی ۔

Comments (0)
Add Comment