تعلیم: ترقی کی کنجی اور ہماری اجتماعی ذمہ داری
تحریر: کرسٹوفر انوسینٹ
برصغیر کی تاریخ کا مطالعہ کیا جائے تو ایک حقیقت بڑی واضح ہو کر سامنے آتی ہے کہ یہاں کی مسیحی (کرسچن) کمیونٹی نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نہایت اہم اور نمایاں کردار ادا کیا۔ مشنری اداروں نے ایسے معیاری تعلیمی نظام کی بنیاد رکھی جہاں سے نہ صرف قابل اور باصلاحیت افراد نے جنم لیا بلکہ انہوں نے پورے معاشرے کی فکری، اخلاقی اور سماجی ترقی میں بھی بھرپور حصہ ڈالا۔ مگر آج یہی کمیونٹی تعلیمی میدان میں پیچھے رہتی دکھائی دیتی ہے، جو یقیناً لمحۂ فکریہ ہے۔
تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کا بنیادی ستون ہوتی ہے۔ کوئی بھی معاشرہ اس وقت تک ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا جب تک اس میں تعلیم عام نہ ہو۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ آج مسیحی کمیونٹی میں تعلیم کی شرح کم ہے، جس کے باعث وہ نہ صرف معاشی طور پر پیچھے رہ گئی ہے بلکہ سرکاری ملازمتوں میں مختص کوٹے سے بھی مکمل فائدہ نہیں اٹھا پا رہی۔ یہاں سوال صرف وسائل کا نہیں بلکہ ترجیحات کا بھی ہے۔
ماضی کے بعض واقعات اس مسئلے کی سنگینی کو مزید واضح کرتے ہیں۔ ایک معروف مثال غلام مصطفیٰ کھر کے دور کی ہے، جب مسیحی کمیونٹی نے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلوں کے حوالے سے شکایت کی۔ انہیں کہا گیا کہ ایف ایس سی پاس طلبہ پیش کیے جائیں، مگر افسوس کہ کوئی بھی طالب علم دستیاب نہ تھا۔ یہ واقعہ دراصل بنیادی تعلیم کی کمی کی نشاندہی کرتا ہے، جو آج بھی کسی نہ کسی صورت برقرار ہے۔
موجودہ حالات پر نظر ڈالیں تو ایک واضح تضاد سامنے آتا ہے۔ ایک طرف ایسے معیاری تعلیمی ادارے موجود ہیں جہاں سے دیگر طبقات کے بچے ڈاکٹر، انجینئر، بیوروکریٹ اور دیگر اعلیٰ عہدوں تک پہنچ رہے ہیں، جبکہ دوسری طرف مسیحی کمیونٹی کے بیشتر بچے مالی مشکلات اور مواقع کی کمی کے باعث ان اداروں تک رسائی حاصل نہیں کر پاتے۔ نتیجتاً وہ محدود نوعیت کے ہنر تک محدود ہو جاتے ہیں، جیسے سلائی کڑھائی یا بنیادی کمپیوٹر کورسز—جو محض گزر بسر کا ذریعہ تو بن سکتے ہیں، مگر ترقی کے دروازے نہیں کھولتے۔
اس صورتحال کا تقاضا ہے کہ کمیونٹی کے اندر تعلیمی شعور کو بیدار کیا جائے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی ترجیحات میں تعلیم کو سرفہرست رکھیں اور ہر ممکن قربانی دے کر اپنے بچوں کو معیاری تعلیم دلائیں۔ اسی طرح کمیونٹی لیڈرز اور سماجی تنظیموں کو بھی چاہیے کہ وہ محض بیانات تک محدود نہ رہیں بلکہ عملی اقدامات کریں—جیسے اسکالرشپس، تعلیمی رہنمائی پروگرامز اور جدید تعلیمی اداروں تک رسائی کے مواقع فراہم کرنا۔
یہ بھی حقیقت ہے کہ ریاست کی ذمہ داری اس معاملے میں نہایت اہم ہے۔ آئین پاکستان ہر شہری کو برابری اور مساوی مواقع کی ضمانت دیتا ہے، مگر ان اصولوں کو عملی جامہ پہنانا ضروری ہے۔ ایسے پیشے جو مخصوص کمیونٹی سے منسوب کر دیے گئے ہیں—خصوصاً ہاتھ سے صفائی جیسے کام—انہیں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ختم کیا جانا چاہیے تاکہ عزتِ نفس کے ساتھ بہتر روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
ایک مضبوط معاشرہ وہی ہوتا ہے جہاں تمام طبقات کو یکساں مواقع حاصل ہوں۔ اگر معاشرے کا ایک حصہ تعلیمی اور معاشی طور پر کمزور ہو تو اس کا اثر پورے ملک کی ترقی پر پڑتا ہے۔ اسی لیے ضروری ہے کہ اقلیتوں، خصوصاً مسیحی کمیونٹی، کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنایا جائے تاکہ وہ قومی دھارے میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
یہ وقت مایوسی کا نہیں بلکہ عمل کا ہے۔ اگر ہم ماضی کی کوتاہیوں سے سبق سیکھتے ہوئے آج تعلیم کو اپنی اولین ترجیح بنا لیں تو آنے والی نسلوں کا مستقبل یقینی طور پر روشن ہو سکتا ہے۔ حقیقت یہی ہے کہ تعلیم وہ طاقت ہے جو انسان کو پسماندگی سے نکال کر ترقی، خودمختاری اور عزت کی راہ پر گامزن کرتی ہے۔
اب فیصلہ ہمارے ہاتھ میں ہے—ہم نے حالات کا شکوہ کرنا ہے یا انہیں بدلنے کے لیے عملی قدم اٹھانا ہے۔






