#کالم

لہو لہان اِمامت کا آفتاب ہُواتُراب سُرخ ہوئی، قتلِ بُو تراب ہوا

without face

احمد نواز

لہو لہان اِمامت کا آفتاب ہُوا
تُراب سُرخ ہوئی، قتلِ بُو تراب ہوا

لگی جو ضربِ اجل حالتِ عبادت میں
کہا علی نے ” میں واللّہ کامیاب ہوا ”

جو کعبۃ اللّہ میں پیدا ہوا ولی اللّہ
وہ سجدہ گاہ پہ یُوں واردِ مآب ہوا

جو ظُلم آج ہوا آبروئے آدم پر
فلک سے دیکھ کر آدم بھی آب آب ہُوا

علی نے ربِ بصارت سے وُہ نظر پائی
کہ جس کے سامنے محجُوب بے حجاب ہوا

اُسے رہی نہ ضرورت کسی معلّم کی
جو بابِ علم میں اک بار باریاب ہوا

علی وہ شمسِ یقیں ہے کہ جس کی حِدّت سے
مرے درُوں کا ہر اک واہمہ حباب ہوا

حَسَن کی صُلح میں حکمت تھی کیسی پوشیدہ
کہ ظُلم زاد زمانے میں بے نقاب ہوا

لکھا یہ فیصلہ تاریخ نے سرِ کربل
کہ کس کو مات ہوئی، کون فتح یاب ہوا

اگر مودّتِ آلِ نبی نہیں دل میں
عبادتوں کا تجھے کون سا ثواب ہوا !

سوالِ بیعتِ ناحق کا کربلا میں، نواز
سرِ حسین بہ نوکِ سناں جواب ہوا

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے