فیصل آباد، ایف آئی سی کی ایمرجنسی کو ارباب اختیار کی توجہ کی ضرورت
شاہد نسیم چوہدری
دل انسانی جسم کا وہ حساس ترین عضو ہے جس کی دھڑکن زندگی کی ضمانت سمجھی جاتی ہے۔ اس کی معمولی بے ترتیبی بھی انسان اور اس کے اہلِ خانہ کو خوف و اضطراب میں مبتلا کر دیتی ہے۔ سینے میں اچانک اٹھنے والا درد، سانس کی تنگی، پسینہ آنا، بازو یا جبڑے میں درد اور دل کی دھڑکن کا غیر معمولی ہونا محض جسمانی تکلیف نہیں بلکہ بعض اوقات زندگی کے لیے ایک سنگین خطرے کی علامت بھی ہو سکتا ہے۔ ایسے میں مریض کو سب سے پہلے جس چیز کی ضرورت ہوتی ہے، وہ فوری طبی توجہ، بروقت تشخیص اور ہنگامی علاج ہے، نہ کہ طویل انتظار، انتظامی پیچیدگیاں اور بے بسی کی کیفیت۔گزشتہ دنوں فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (FIC) جانے کا اتفاق ہوا۔ مقصد ایک مریضہ کا ایمرجنسی معائنہ کروانا تھا۔ یہ وہ ادارہ ہے جس سے فیصل آباد ہی نہیں بلکہ جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، سرگودھا، ساہیوال اور دیگر دور دراز علاقوں کے ہزاروں مریض امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہیں۔ دل کے امراض کے علاج کے لیے قائم اس اہم طبی مرکز سے عوام کی توقعات بھی فطری طور پر زیادہ ہیں، کیونکہ یہاں آنے والا ہر مریض کسی معمولی تکلیف کے باعث نہیں بلکہ زندگی کی ایک انتہائی حساس کیفیت میں پہنچتا ہے۔مگر وہاں پہنچ کر جو صورت حال دیکھنے کو ملی، وہ یقیناً تشویش ناک تھی۔ایمرجنسی اسکریننگ ایریا میں مریضوں اور ان کے لواحقین کا غیر معمولی رش تھا۔ ہال مریضوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ مختلف افراد اپنے اپنے مریضوں کی ای سی جی رپورٹس ہاتھوں میں لیے اپنی باری کے انتظار میں کھڑے تھے۔ رات تقریباً نو بجے کے وقت وہاں بیس سے زائد افراد اپنی باری کے منتظر دکھائی دیے۔ کسی کے چہرے پر پریشانی تھی، کوئی اپنے مریض کو سہارا دے رہا تھا، کوئی ای سی جی رپورٹ ہاتھ میں لیے ڈاکٹر کی توجہ کا منتظر تھا اور کوئی بار بار یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ آخر اس کی باری کب آئے گی؟اس سارے منظر میں سب سے زیادہ حیران کن بات یہ تھی کہ اسکریننگ کے لیے بظاہر صرف ایک ڈاکٹر ڈیوٹی پر موجود تھے، جن کے ذمے اتنی بڑی تعداد میں آنے والے مریضوں کا معائنہ کرنا تھا۔ انتظامی عملے کی جانب سے بتایا گیا کہ ڈاکٹر صاحب ہی مریضوں کو چیک کریں گے، ادویات تجویز کریں گے اور ضرورت پڑنے پر مریض کو ایمرجنسی میں منتقل کیا جائے گا۔یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا دل کے ہسپتال کی ایمرجنسی میں آنے والے ہر مریض کو اسی طویل ابتدائی عمل سے گزرنا چاہیے؟ کیا ایک ہی ڈاکٹر اتنی بڑی تعداد میں مریضوں کی بروقت اسکریننگ اور ابتدائی طبی تشخیص کا ذمہ دار ہو سکتا ہے؟ اور سب سے اہم سوال یہ کہ اگر اس دوران کسی مریض کی حالت اچانک بگڑ جائے تو اس کی فوری طبی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی؟یہ سوالات کسی ایک مریض یا ایک خاندان کے نہیں بلکہ ان تمام لوگوں کے ہیں جو اپنے پیاروں کی زندگی بچانے کی امید لے کر اس ادارے کا رخ کرتے ہیں۔*دل کی ایمرجنسی، عام او پی ڈی نہیں!*دنیا بھر میں ایمرجنسی میڈیکل سروسز کا بنیادی اصول یہ ہے کہ مریض کو اس کی طبی حالت کی سنگینی کے مطابق ترجیح دی جائے۔ اسے طبی اصطلاح میں ٹرائیج (Triage) کہا جاتا ہے۔ اس کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ سب سے زیادہ خطرے میں مبتلا مریض کو پہلے طبی امداد فراہم کی جائے۔ اس نظام میں محض آنے کی ترتیب یا قطار میں پہلے کھڑے ہونے کی بنیاد پر فیصلہ نہیں کیا جاتا بلکہ مریض کی علامات، بلڈ پریشر، نبض، آکسیجن کی سطح، ای سی جی اور دیگر ضروری طبی اشاریوں کو سامنے رکھ کر فوری توجہ کا تعین کیا جاتا ہے۔یہ بات درست ہے کہ ہر سینے کا درد لازماً ہارٹ اٹیک نہیں ہوتا اور ہر مریض کو یکساں نوعیت کا علاج درکار نہیں ہوتا، لیکن یہ فیصلہ بھی صرف مستند طبی عملہ ہی فوری معائنے اور ضروری ٹیسٹوں کے بعد کر سکتا ہے۔ دل کے دورے کی صورت میں ابتدائی وقت انتہائی اہم ہوتا ہے۔ بعض مریض بظاہر بات چیت کرتے، چلتے پھرتے اور معمول کے مطابق دکھائی دیتے ہیں، مگر ان کے دل کی شریانوں میں خطرناک رکاوٹ موجود ہو سکتی ہے۔اس لیے دل کے ہسپتال کی ایمرجنسی میں آنے والے مریض کو محض اس بنیاد پر انتظار نہیں کروایا جا سکتا کہ اس سے پہلے بیس افراد موجود ہیں۔ وہاں ایک ایسا فعال نظام ہونا چاہیے جو خطرے کی علامات رکھنے والے مریض کو فوری طور پر شناخت کرکے علاج کے اگلے مرحلے تک پہنچائے۔اگر ایمرجنسی کے دروازے پر ہی مریضوں کو طویل انتظار کا سامنا کرنا پڑے تو پھر اس خصوصی ہسپتال کے قیام کا بنیادی مقصد ہی متاثر ہوتا ہے۔انتظامیہ کی کارکردگی اور ذمہ داری کا سوال۔۔۔فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ایک اہم سرکاری طبی ادارہ ہے۔ اس کی انتظامی ذمہ داری محض عمارت، مشینری، ادویات اور عملے کی حاضری تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اصل کارکردگی اس بات سے جانچی جانی چاہیے کہ مریض کو ضرورت کے وقت کتنی جلدی اور کتنی مو¿ثر طبی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔خصوصاً ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ندیم اختر صاحب سے گزارش ہے کہ وہ اس صورت حال کا ذاتی طور پر نوٹس لیں۔ رات کے اوقات میں ایمرجنسی اسکریننگ ایریا کا اچانک دورہ کریں اور دیکھیں کہ حقیقت میں وہاں کتنے ڈاکٹر اور طبی عملے کے ارکان موجود ہوتے ہیں، کتنے مریض زیرِ انتظار رہتے ہیں اور ایک مریض کو ابتدائی طبی معائنے کے لیے اوسطاً کتنا وقت درکار ہوتا ہے۔اگر ایک ہی ڈاکٹر پر درجنوں مریضوں کی اسکریننگ کا بوجھ ہے تو یہ کسی ایک ڈاکٹر کی انفرادی کوتاہی کا معاملہ نہیں بلکہ افرادی قوت کی منصوبہ بندی، ڈیوٹی روسٹر اور انتظامی نگرانی کا سوال ہے۔ ایک ڈاکٹر بھی انسان ہے، وہ بیک وقت کئی مریضوں کا مکمل معائنہ نہیں کر سکتا۔ اس پر غیر معمولی دباو¿ ڈالنے کے بجائے انتظامیہ کو مناسب تعداد میں ڈاکٹرز اور تربیت یافتہ عملہ تعینات کرنا چاہیے۔کسی بھی بڑے ہسپتال میں مریضوں کا رش غیر معمولی بات نہیں، لیکن رش کی پیشگی منصوبہ بندی نہ کرنا اور اس کے مطابق عملے کی دستیابی یقینی نہ بنانا انتظامی کمزوری ضرور ہے۔دور دراز سے آنے والے مریضوں کی مشکلات۔۔۔فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی صرف شہر فیصل آباد کے شہریوں کے لیے نہیں بلکہ پورے خطے کے لاکھوں افراد کے لیے امید کا ایک بڑا مرکز ہے۔ دور دراز دیہات اور قصبوں سے لوگ ایمبولینسوں، رکشوں، ذات گاڑیوں اور بعض اوقات انتہائی نامساعد حالات میں اپنے مریضوں کو یہاں لاتے ہیں۔کسی کے والد کو سینے میں درد ہوتا ہے، کسی کی والدہ سانس لینے میں دشواری محسوس کر رہی ہوتی ہیں، کسی نوجوان کے سینے میں اچانک شدید درد اٹھتا ہے اور کسی گھر کا واحد کفیل زندگی اور موت کی کشمکش میں ہوتا ہے۔ ان حالات میں اہلِ خانہ پہلے ہی ذہنی اذیت کا شکار ہوتے ہیں۔ سفر کی تھکن، مالی مشکلات اور مریض کی حالت ان کے لیے الگ پریشانی ہوتی ہے۔جب وہ اس امید کے ساتھ ہسپتال پہنچتے ہیں کہ اب ان کے مریض کو فوری طبی امداد ملے گی، لیکن وہاں بھی انہیں لمبی قطاروں اور انتظار کا سامنا کرنا پڑے تو ان کی پریشانی کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔یہاں ایک اور پہلو بھی قابلِ غور ہے کہ ہنگامی طبی سہولتوں کے لیے آنے والے ہر شخص کو یہ معلوم نہیں ہوتا کہ اس کے مریض کی حالت کتنی خطرناک ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہسپتال کا تربیت یافتہ عملہ خود علامات کا جائزہ لے اور مریض کی حالت کے مطابق اسے ترجیح دے۔ کسی مریض کو اس کی ظاہری حالت یا لواحقین کے شور کی بنیاد پر کم اہم سمجھنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔۔۔۔اسکریننگ کا نظام بہتر ہو، انتظار کا عذاب نہیں۔۔۔ہم یہ نہیں کہتے کہ ہسپتال میں اسکریننگ کا نظام ختم کر دیا جائے۔ اسکریننگ تو درحقیقت ایمرجنسی علاج کا ایک بنیادی اور ضروری حصہ ہے۔ لیکن سوال اس کے طریق? کار اور انتظامی استعداد کا ہے۔ایسا نظام ہونا چاہیے کہ مریض کے پہنچتے ہی ابتدائی طبی عملہ اس کی علامات کا جائزہ لے، خطرے کی علامات رکھنے والے مریض کو فوری طور پر متعلقہ ڈاکٹر تک پہنچائے اور ضرورت کے مطابق ای سی جی، ضروری ٹیسٹ اور ابتدائی علاج کا عمل شروع ہو جائے۔اس کے لیے درج ذیل اقدامات ناگزیر ہیں:
1۔ رات اور دن کی شفٹوں میں مریضوں کے متوقع رش کے مطابق مناسب تعداد میں ایمرجنسی ڈاکٹرز کی تعیناتی کی جائے۔
2۔ ایمرجنسی اسکریننگ کے لیے الگ تربیت یافتہ میڈیکل ٹیم موجود ہو، تاکہ ایک ڈاکٹر پر تمام مریضوں کا بوجھ نہ پڑے۔
3۔ سینے میں شدید درد، سانس کی دشواری، بے ہوشی اور دل کے دورے کی مشتبہ علامات والے مریضوں کو فوری ترجیح دی جائے۔
4۔ ایمرجنسی میں ہر مریض کی ابتدائی جانچ اور ای سی جی کے لیے واضح وقت مقرر کیا جائے اور اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
5۔ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کی تعداد، انتظار کے دورانیے اور ڈاکٹرز کی دستیابی کا روزانہ جائزہ لیا جائے۔
6۔ ہسپتال انتظامیہ ایک مو¿ثر شکایتی نظام قائم کرے، جہاں مریضوں کے لواحقین اپنی شکایات فوری طور پر متعلقہ ذمہ دار افسر تک پہنچا سکیں۔
7۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور متعلقہ افسران رات کے اوقات میں بھی اچانک معائنے کریں تاکہ کاغذوں میں موجود انتظامات اور عملی صورت حال کا فرق سامنے آ سکے۔
یہ اقدامات محض انتظامی بہتری نہیں بلکہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے ضروری ہیں۔
سرکاری ہسپتال، عوام کی امانت
ہمیں یہ بھی تسلیم کرنا چاہیے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کی ایک بڑی تعداد محدود وسائل کے باوجود دن رات خدمات انجام دے رہی ہے۔ بعض اوقات ڈاکٹرز اپنی استطاعت سے بڑھ کر کام کرتے ہیں۔ اس لیے تمام تر تنقید کا رخ کسی ایک ڈاکٹر یا طبی عملے کی طرف موڑ دینا مناسب نہیں ہوگا۔ اصل ضرورت ایک ایسے انتظامی نظام کی ہے جو ڈاکٹرز کو مناسب سہولیات، مطلوبہ افرادی قوت اور بہتر ورکنگ ماحول فراہم کرے تاکہ وہ مریضوں کو پوری توجہ کے ساتھ علاج مہیا کر سکیں۔
لیکن اس کے ساتھ یہ حقیقت بھی نظرانداز نہیں کی جا سکتی کہ کسی ادارے کی مجموعی کارکردگی کی ذمہ داری اس کی انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔ اگر مریضوں کی تعداد کے مقابلے میں ڈاکٹرز کم ہیں، اگر ایمرجنسی میں مناسب عملہ دستیاب نہیں، اگر رات کے اوقات میں طبی سہولتیں متاثر ہوتی ہیں تو ان معاملات کا جائزہ لینا اور انہیں درست کرنا انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
ڈاکٹر ندیم اختر صاحب کے لیے یہ ایک موقع ہے کہ وہ اس اہم عوامی مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے ایک قابلِ تقلید مثال قائم کریں۔ ایک اچانک دورہ، عملے کے ڈیوٹی روسٹر کا جائزہ اور مریضوں کے انتظار کے دورانیے کی نگرانی اس مسئلے کی حقیقت سامنے لا سکتی ہے۔۔۔آخر میں چند بنیادی سوالات!۔۔۔کیا فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی میں رات کے اوقات کے لیے ڈاکٹرز کی مناسب تعداد موجود ہے؟کیا ایک ہی ڈاکٹر کے ذریعے درجنوں مریضوں کی ابتدائی اسکریننگ اور طبی معائنہ کروانا مریضوں کے مفاد میں ہے؟کیا انتظامیہ کے پاس ایسا مو¿ثر نظام موجود ہے جو کسی شدید قلبی حملے کے مریض کو عام انتظار کی قطار سے الگ کرکے فوری علاج فراہم کر سکے؟کیا ایمرجنسی کے عملے اور سہولیات کا کبھی باقاعدہ اور غیر اعلانیہ جائزہ لیا جاتا ہے؟اور سب سے اہم سوال یہ کہ اگر کوئی مریض بروقت طبی توجہ نہ ملنے کے باعث کسی بڑے نقصان سے دوچار ہو جائے تو اس کی انتظامی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی؟یہ سوالات کسی ادارے کو بدنام کرنے کے لیے نہیں بلکہ ایک اہم قومی اور عوامی ضرورت کی نشاندہی کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں۔ ہمیں ہسپتالوں کی عمارتوں، افتتاحی تقریبات اور جدید مشینری کے ساتھ ساتھ ان کے عملی نظام کو بھی بہتر بنانا ہوگا۔ صحت کا شعبہ محض اعدادوشمار اور رپورٹوں سے نہیں بلکہ مریضوں کی جان بچانے، ان کی تکلیف کم کرنے اور انہیں بروقت علاج فراہم کرنے سے اپنی کامیابی ثابت کرتا ہے۔میری فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی انتظامیہ، بالخصوص ایم ایس ڈاکٹر ندیم اختر صاحب سے مو¿دبانہ مگر پ±رزور اپیل ہے کہ ایمرجنسی اسکریننگ ایریا کی اس صورت حال کا فوری جائزہ لیا جائے۔ وہاں مناسب تعداد میں ڈاکٹرز اور تربیت یافتہ طبی عملے کی تعیناتی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی مریض کو محض عملے کی کمی کے باعث غیر ضروری انتظار نہ کرنا پڑے۔یاد رکھیے! دل کے مریض کے لیے وقت محض گھڑی کی سوئیوں کا آگے بڑھنا نہیں ہوتا، بعض اوقات یہی چند منٹ زندگی اور موت کے درمیان فیصلہ کن ثابت ہوتے ہیں۔ہسپتال کی اصل کامیابی اس کی عمارت کی بلندی، مشینوں کی تعداد یا تشہیری دعووں میں نہیں بلکہ اس بات میں ہے کہ جب کوئی مریض زندگی کی آخری امید لے کر اس کے دروازے پر پہنچے تو اسے انتظار کی قطار نہیں، فوری طبی توجہ اور انسانی ہمدردی میسر آئے۔مریض کوئی فائل نمبر نہیں، کسی کا باپ، ماں، بیٹا، بیٹی، بھائی یا پورا خاندان ہوتا ہے۔ اس کی زندگی کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔






