#کالم

فیصل آباد ٹیکسٹائل سے عالمی فیشن تک ایک نیا سفر

nadeem

محمد ندیم بھٹی


فیشن محض ملبوسات کی تشکیل کا نام نہیں یہ تہذیبی شعور، جمالیاتی ذوق، ثقافتی شناخت، تخلیقی فکر اور عہدِ حاضر کے بدلتے ھوئے تقاضوں کا آئینہ دار ھے۔ آج کی دنیا میں فیشن ڈیزائن ایک مکمل تخلیقی صنعت کی صورت اختیار کر چکا ہے، جہاں لباس کے ساتھ تحقیق، فن، ٹیکنالوجی، پائیداری، مارکیٹ اور انسانی جذبات بھی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ خوش آئند امر یہ ھے کہ فیصل آباد جیسے صنعتی شہر میں نوجوان نسل اس عالمی منظرنامے کو سمجھتے ہوئے اپنی تخلیقی شناخت قائم کرنے کی جانب تیزی سے بڑھ رھی ھے۔حال ھی میں گورنمنٹ کالج فیصل آباد کے شعبہ فائن آرٹس اینڈ فیشن ڈیزائن میں فائنل ایئر کے طلبہ و طالبات کے فیشن تھیسز اور تخلیقی منصوبوں کی پیش کش اور جائزے کا انعقاد گوا، جس میں مجھے بطور جج رکن بیرونی جیوری شرکت اور ان تخلیقی کاوشوں کو پرکھنے کا موقع ملا۔ میرے لیے یہ تجربہ محض ایک رسمی ذمہ داری نہیں تھا بلکہ مستقبل کے نوجوان ڈیزائنرز کی فکری وسعت، تحقیق، مشاہدے، تخلیقی صلاحیت اور عملی استعداد کو قریب سے دیکھنے کا ایک نہایت متاثرکن تجربہ ثابت ھوا۔فائنل ایئر کے تھیسز میں موضوعات کا تنوع، تحقیق کی گہرائی اور اظہار کی انفرادیت نمایاں تھی۔ طالبات نے عالمی فیشن کے جدید رجحانات، معاشرتی رویوں، ثقافتی ورثے، پائیدار ڈیزائن، ذاتی تجربات اور انسانی جذبات کو اپنے تخلیقی تصورات کا حصہ بنایا۔ ان کا کام اس حقیقت کی غمازی کرتا تھا کہ نئی نسل فیشن کو محض زیبائش یا لباس کی تیاری تک محدود نہیں سمجھتی بلکہ اسے اظہار، ابلاغ، شناخت اور معاشرتی شعور کے مو¿ثر وسیلے کے طور پر دیکھ رھی ھے۔کئی منصوبوں میں پائیدار فیشن، دوبارہ استعمال اور ازسرِنو تخلیق جیسے عالمی موضوعات کو نہایت تخلیقی انداز میں پیش کیا گیا۔ یہ رجحان اس لیے بھی اہم ہے کہ عالمی فیشن صنعت ماحول دوست پیداوار، وسائل کے مو¿ثر استعمال، فضلے میں کمی اور پائیدار مصنوعات کی جانب تیزی سے بڑھ رھی ھے۔ ایسے میں پاکستانی نوجوان ڈیزائنرز کا ان عالمی ترجیحات کو اپنے تعلیمی منصوبوں کا حصہ بنانا ان کی مستقبل شناس سوچ اور بین الاقوامی رجحانات سے آگاہی کا واضح ثبوت ھے۔ان تخلیقات میں کمالیہ کھدر کے ثقافتی ورثے کو جدید ڈیزائن کے ساتھ مربوط کرنے کی کاوش بھی خصوصی توجہ کا مرکز رھی۔ کمالیہ کھدر محض ایک ٹیکسٹائل مصنوعات نہیں بلکہ پنجاب کی دستکاری، مقامی شناخت، محنت اور نسل در نسل منتقل ھونے والی فنی روایت کی علامت ھے۔ ضرورت اس امر کی ھے کہ اس ورثے کو صرف ماضی کی یادگار سمجھنے کے بجائے جدید ڈیزائن، معاصر ذوق، بہتر برانڈ سازی اور عالمی مارکیٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ کمالیہ کھدر میں وہ تمام خصوصیات موجود ہیں جو اسے پاکستانی شناخت کی ایک ممتاز عالمی علامت بنا سکتی ہیں۔بعض طالبات نے اپنے انتہائی ذاتی تجربات کو بھی تخلیقی اظہار کا موضوع بنایا۔ تنہائی، جذباتی کیفیات، خاندانی تعلقات اور والد کے انتقال کے بعد ماں کی استقامت جیسے موضوعات کو ٹیکسٹائل سطح، فیشن تصورات اور فنکارانہ ڈیزائن میں منتقل کرنا محض فنی مہارت نہیں بلکہ احساس، مشاہدے اور انسانی نفسیات کی گہری سمجھ کا اظہار ھے۔ ذاتی دکھ، خوشی، تجربے اور مشاہدے کو فن میں تبدیل کرنا تخلیق کار کی داخلی پختگی کی علامت ھوتا ھے، اور ان منصوبوں میں یہ کیفیت واضح طور پر محسوس ھوئی۔ان منصوبوں کی اصل قدر صرف ان کے جمالیاتی حسن میں نہیں بلکہ ان کی فکری گہرائی، تحقیق، کہانی پن، ثقافتی معنویت، پائیداری اور مارکیٹ سے مطابقت میں بھی پوشیدہ تھی۔ کئی طالبات نے ایسے تصورات پیش کیے جن میں تعلیمی تحقیق کے ساتھ مستقبل کی فیشن صنعت کے لیے عملی امکانات بھی دکھائی دیئے۔ یہ امر اس بات کا ثبوت ھے کہ اگر نوجوانوں کو مناسب رہنمائی اور تخلیقی آزادی دی جائے تو وہ محدود وسائل میں بھی غیر معمولی نتائج پیدا کر سکتے ہیں۔اس پورے تخلیقی سفر میں محترمہ تہمینہ افضل، سربراہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی شعبہ فائن آرٹس اینڈ فیشن ڈیزائن اور مدثر محمود، پراجیکٹ انچارج کی محنت، رہنمائی اور تخلیقی سرپرستی خصوصی اعتراف کی مستحق ھے۔ ان کی کاوشیں محض روایتی تدریس تک محدود نہیں بلکہ طلبہ کو آزادانہ سوچ، تحقیق، مشاہدے اور تجربے کی ترغیب دینے پر مرکوز ہیں۔ ان کی نگرانی میں نوجوان ڈیزائنرز نے اپنے ذاتی مشاہدات، معاشرتی احساسات، ثقافتی شناخت اور عالمی فیشن کے رجحانات کو بامعنی تخلیقی تصورات میں ڈھالنے کی کوشش کی۔ایک بہترین استاد صرف معلومات منتقل نہیں کرتا بلکہ طالب علم کے اندر پوشیدہ صلاحیت کو دریافت کرکے اسے سمت فراہم کرتا ھے۔ استاد اور طالب علم کے درمیان یہی تخلیقی رشتہ کسی بھی تعلیمی ادارے کو محض ڈگری دینے والے مرکز سے ایک حقیقی علمی و فنی ادارے میں تبدیل کرتا ھے۔ گورنمنٹ کالج فیصل آباد کے شعبہ فائن آرٹس اینڈ فیشن ڈیزائن میں پیش کیے گئے یہ تھیسز اسی تخلیق پرور ماحول کی خوبصورت عکاسی کرتے ہیں۔یہاں یہ ذکر بھی ضروری ھے کہ فیشن سے میری وابستگی محض بطور مبصر یا جیوری رکن نہیں۔ راقم خود فیشن ڈیزائنر ھے، لندن اسکول آف فیشن اینڈ ڈیزائن انگلینڈ سے فیشن ڈیزائن کی اعلی تعلیم حاصل کر چکا ھے اور گزشتہ دو دہائیوں سے پاکستان میں ایک بین الاقوامی طرز کے جدید ملبوسات کے برانڈ سے بطور ایگزیکٹو ڈائریکٹر منسلک ھے، جدید ملبوسات کے برانڈ کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے فیشن ڈیزائن، صارفین کے بدلتے رجحانات، معیار، برانڈ سازی، مارکیٹ اور صنعت کے عملی تقاضوں کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا ھے۔ یہی عملی تجربہ نوجوان ڈیزائنرز کی تخلیقات کو محض جمالیاتی زاویے سے نہیں بلکہ صنعتی اور تجارتی تناظر میں دیکھنے میں بھی معاون ثابت ھوتا ھے۔فیصل آباد پاکستان کی ٹیکسٹائل معیشت کا ایک بنیادی مرکز ھے۔ یہاں کی صنعت نے ملک کے روزگار، برآمدات اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ھے، لیکن موجودہ عالمی منظرنامہ ہم سے ایک نئے وڑن کا تقاضا کرتا ھے۔ اب صرف کپڑا تیار کرنا کافی نہیں؛ ہمیں ایسے منفرد ڈیزائن، معیاری مصنوعات اور مضبوط برانڈز تخلیق کرنا ھوں گے جو عالمی صارف کے ذوق اور ضرورت دونوں کو پورا کر سکیں۔یہی وہ مقام ھے جہاں تعلیم اور صنعت کا باہمی اشتراک فیصلہ کن اہمیت اختیار کرتا ھے۔ اگر فیشن ڈیزائن کے طلبہ کو تعلیمی مرحلے ھی میں صنعت کے عملی تقاضوں، جدید ٹیکنالوجی، مارکیٹ تحقیق، برانڈ سازی، صارفین کے رویوں اور عالمی رجحانات سے جوڑ دیا جائے تو ان کی تخلیقی صلاحیت معاشی قدر میں بھی تبدیل ھوسکتی ھے۔ پاکستان کے لیے یہ صرف فیشن کا معاملہ نہیں بلکہ تخلیقی معیشت، روزگار اور برآمدات کے نئے دروازے کھولنے کا ذریعہ بھی بن سکتا ھے۔فیصل آباد اور کمالیہ کے حوالے سے اس امکان کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ھے۔ ایک طرف فیصل آباد کی مضبوط ٹیکسٹائل بنیاد موجود ھے اور دوسری جانب کمالیہ کا صدیوں پر محیط دستکاری کا ورثہ۔ اگر ان دونوں قوتوں کو جدید ڈیزائن، تحقیق، برانڈ سازی اور عالمی مارکیٹ کے ساتھ جوڑ دیا جائے تو ایک ایسا ماڈل تشکیل پا سکتا ھے جو پاکستان کی مقامی شناخت کو عالمی تجارتی قدر میں تبدیل کرے۔ضرورت اس امر کی بھی ھے کہ نوجوان ڈیزائنرز کو بڑے شہروں تک محدود مواقع کے بجائے اپنے ھی خطے میں عالمی معیار کے پلیٹ فارم فراہم کیے جائیں۔ نمائشیں، فیشن میلے، صنعت سے رابطے، عملی تربیت، ڈیزائن مقابلے اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراک ان کی صلاحیتوں کو مزید جلا بخش سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں تعلیمی اداروں کی کاوشیں نہایت اہم ہیں، کیونکہ یہی ادارے مستقبل کے تخلیق کاروں کی فکری بنیاد مضبوط کرتے ہیں۔گورنمنٹ کالج فیصل آباد میں ھونے والی یہ فیشن تھیسز پیش کش اس اعتبار سے ایک امید افزا مثال ھے کہ تخلیقی صلاحیت بڑے شہروں کی اجارہ داری نہیں۔ فیصل آباد اور کمالیہ کی سرزمین بھی ایسے باصلاحیت نوجوان پیدا کر رھی ھے جو پاکستان کے فیشن، ٹیکسٹائل، فنونِ لطیفہ اور تخلیقی معیشت کو نئی سمت دے سکتے ہیں۔یہ صرف فائنل ایئر تھیسز کی تکمیل نہیں تھی؛ یہ نئی نسل کی فکری پختگی، ثقافتی شعور اور تخلیقی خود اعتمادی کا اظہار تھا۔ ان طالبات نے ثابت کیا کہ روایت اور جدت ایک دوسرے کی ضد نہیں بلکہ ایک دوسرے کی تکمیل بن سکتی ہیں۔ کمالیہ کی کھدر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ھو یا ذاتی احساسات کو فیشن کے ذریعے بیان کرنا، ان نوجوان ڈیزائنرز نے یہ دکھایا کہ تخلیق کی کوئی محدود سرحد نہیں ھوتی۔اگر ان باصلاحیت نوجوانوں کو مناسب رہنمائی، صنعتی روابط اور عالمی مواقع فراہم کیے جائیں تو ان میں سے کئی مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی بین الاقوامی فیشن پلیٹ فارمز پر کر سکتی ہیں۔ یہی وہ تخلیقی سرمایہ ھے جسے ہمیں پہچاننے، سنوارنے اور دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت ھے۔فیصل آباد کی یہ باصلاحیت بیٹیاں صرف فیشن کے نئے ڈیزائن نہیں بنا رہیں؛ وہ پاکستان کی تخلیقی شناخت کا نیا نقشہ مرتب کر رھی ہیں۔ فیصل آباد کا ٹیکسٹائل ماضی ہماری صنعتی طاقت ھے، کمالیہ کی کھدر ہماری ثقافتی پہچان، اور یہ نئی نسل ہمارے فیشن کے عالمی مستقبل کی امید۔فیصل آباد سے عالمی فیشن تک یہ سفر ابھی آغاز ھے اگر تخلیق کو درست سمت، صنعت کو جدید وڑن اور نوجوانوں کو مواقع مل جائیں تو یہ شہر پاکستان کے فیشن نقشے پر ایک نئی اور باوقار شناخت قائم کر سکتا ھے۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے