#کالم

بات بنتی گئی۔۔۔

محمد نوید مرزا

روبرو۔۔۔محمد نوید مرزا

بات بنتی گئی،،دیار غیر میں مقیم ہمارے معروف شاعر جناب عاصم منظور دانش کے شعری مجموعے کا نام ہے،جس میں ان کی غزلیں،نظمیں اور قطعات شامل ہیں۔ کتاب کا آغاز نعت رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم سے ہوتا ہے۔شاعر کی آرزو ملاحظہ فرمائیں

ہمیں بھی در پر بلائیں آقا مدینے والے
غموں سے ہم کو بچائیں آقا مدینے والے

اس کے بعد کتاب میں غزلوں کا سلسلہ شروع ہوتا ہے۔عاصم منظور دانش کی غزل بہت سے موضوعات کے گرد گھومتی ہے،لیکن بنیادی طور پر وہ محبت کے شاعر ہیں اور غزل ہی ان کی محبوب صنف ہے۔ان کی محبت کے مختلف انداز ان اشعار میں ملاحظہ فرمائیں

وہ اگر مجھ سے محبت کرتا
میں محبت کی اطاعت کرتا

سونپ دیتا وہ اگر دل اپنا
مر کے بھی میں نہ خیانت کرتا

مجھ سے نفرت فضول ہے صاحب
میرے ہاتھوں میں پھول ہے صاحب

پیار والوں کو مار ڈالے گا
یہ زمانے کی بھول ہے صاحب

پیار جاگا تو بات بنتی گئی
اس نے دیکھا تو بات بنتی گئی

اس کی راہوں میں کھو گیا تھا کہیں
خود کو ڈھونڈا تو بات بنتی گئی

محبتوں کے ان اشعار کے کے علاؤہ سماجی ،معاشی،معاشرتی اور عصری مسائل بھی دکھائی دیتے ہیں اور کہیں کہیں وہ ظلم ،عدم مساوات اور دیگر المیوں کو بھی شعری قالب میں ڈھالتے ہیں۔آئیے اس تناظر میں چند شعر دیکھیں۔۔۔

زندگی اور کچھ نہیں دانش
زندگی صرف ایک ہچکی ہے

وہ جن سے چھین لے جائے زمین پرکھوں کی
انہی غریب کسانوں کی بات کرتا ہوں

ظلم سے آنکھ ملاتا ہوں بہت
دکھ میں ہر روز اٹھاتا ہوں بہت

عاصم منظور دانش محض شاعر ہی نہیں ،کتاب دوست بھی ہیں،یہ خوبی ان کے اس شعر سے جھلکتی ہے۔۔۔۔۔۔

جو کرتے رہتے ہیں دولت کی بات محفل میں
میں ان کے بیچ کتابوں کی بات کرتا ہوں

غزل کے علاوہ اس کتاب میں قطعات اور نظمیں بھی شامل ہیں۔قطعات میں بھی شاعر کا لہجہ کاٹ دار اور دو ٹوک ہے۔آئیے ایک قطعہ دیکھیں۔۔۔

سب کو معلوم ہے ،ظالم کا نشاں
بات کرتے ہوئے چلتی ہے زباں
آپا دھاپی میں مگن رہتے ہیں
لوگ بے حس بنے پھرتے ہیں یہاں

کتاب کا ایک حصہ شاعر کی نظموں سے آراستہ ہے۔عاصم کی نظمیں بھی خوبصورت ہیں۔ان اعلیٰ نظموں میں یہاں رہنا تو پڑتا ہے،دھیان اپنا رکھنا پڑتا ہے،امید،مرے آنسو بھی تھم جاتے اور ناسور عمدہ ہیں۔
میں ۔۔۔بات بنتی گئی۔۔۔کی اشاعت پر شاعر کو بھر پور مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے