صنف:افسانہ ، کھٹکھتامسافر
آپا منزہ جاوید
فیاض کی شادی کو ابھی صرف تین سال ہوئے تھے۔ دو چھوٹے بچے تھے اور گھر کے اخراجات دن بدن بڑھتے جا رہے تھے۔ بچوں کی تعلیم، اسکول کی فیس، کتابیں، یونیفارم اور روزمرہ کی ضروریات پوری کرنا مشکل ہوتا جا رہا تھا۔ وہ اکثر رات کو دیر تک بیٹھا حساب کتاب کرتا اور پھر خاموشی سے سوچ میں ڈوب جاتا۔ایک روز اس نے اپنے والدین اور بیوی کو اپنے دل کی بات بتائی کہ وہ روزگار کے سلسلے میں پردیس جانا چاہتا ہے۔ وہاں محنت کرے گا تو شاید گھر کے حالات بہتر ہو جائیں۔ ابتدا میں سب کے لیے یہ فیصلہ مشکل تھا مگر حالات نے سب کو سوچنے پر مجبور کر دیا۔ ایک دوست کی کوشش سے امریکہ جانے کی راہ ہموار ہوئی اور فیاض نے جانے کی تیاری شروع کر دی۔اس کے دل میں ایک عجیب کشمکش تھی۔ ایک طرف بیوی، بچے اور بوڑھے والدین تھے جنہیں چھوڑ کر جانے کا تصور بھی تکلیف دہ تھا اور دوسری طرف ان سب کے بہتر مستقبل کا خواب تھا۔ وہ خود کو سمجھاتا کہ چند برس کی جدائی ہے پھر سب ایک ساتھ رہیں گے۔ بچوں کو اچھی تعلیم ملے گی، گھر میں آسودگی آئے گی اور والدین کو بھی کسی چیز کی کمی نہیں رہے گی۔بالآخر وہ دن آ گیا جب فیاض اپنے گھر والوں کو الوداع کہہ کر امریکہ روانہ ہو گیا۔پردیس کی زندگی اس کے تصور سے کہیں زیادہ مشکل تھی۔ وہاں نہ گھر جیسا سکون تھا نہ اپنوں کی قربت۔ صبح سے شام تک کام، تھکن اور تنہائی اس کی زندگی کا حصہ بن گئے۔ لیکن جب بھی گھر فون کرتا اور بچوں کی آواز سنتا تو اس کی ساری تھکن جیسے کچھ دیر کے لیے اتر جاتی۔وہ فارغ وقت میں گھر فون کرتا تو کبھی ایک گھنٹے تک باتیں ہوتی رہتیں۔ سب کی خیریت پوچھتا، والدین کی ضروریات معلوم کرتا، بیوی سے گھر کے حالات سنتا اور بچوں سے ان کی خواہشیں پوچھتا۔ بچے کبھی کسی کھلونے کی فرمائش کرتے تو کبھی کسی نئی چیز کی۔ وہ خوشی خوشی ان کی خواہش پوری کرنے کا وعدہ کرتا اور فون بند کرنے کے بعد مزید محنت میں جت جاتا۔اسے یقین تھا کہ وہ اپنے گھر والوں کے لیے جو کچھ کر رہا ہے اس کا صلہ ایک دن سب کے ساتھ گزارے ہوئے پ±رسکون لمحوں کی صورت میں ملے گا۔وقت گزرتا گیا۔ آہستہ آہستہ گھر کے فون کا انداز بدلنے لگا۔ کبھی بیوی مصروف ہوتی، کبھی بچے باہر گئے ہوتے اور کبھی کوئی کہتا کہ ابھی بات نہیں ہو سکتی۔ پہلے گھنٹوں ہونے والی گفتگو چند منٹوں تک محدود ہونے لگی۔ دوسری طرف اخراجات اور خواہشات بڑھتی جا رہی تھیں۔ فیاض کو محسوس ہونے لگا کہ شاید اب اس کی حیثیت گھر والوں کے لیے صرف ایک ایسے شخص کی رہ گئی ہے جس کا کام پیسے بھیجنا اور ضرورتیں پوری کرنا ہے۔وہ کبھی کبھی خود سے سوال کرتا کہ کیا واقعی میری آواز سننے کے لیے کسی کے پاس وقت نہیں؟ کیا بچوں کو اب اپنے باپ سے بات کرنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی؟لیکن وہ اپنے دل کو تسلی دیتا کہ بچے بڑے ہو رہے ہیں، ان کی مصروفیات بڑھ گئی ہیں۔ شاید یہی زندگی کا معمول ہے۔اسی دوران اس کے والدین یکے بعد دیگرے دنیا سے رخصت ہو گئے۔ فیاض کے لیے یہ صدمہ ناقابل برداشت تھا۔ وہ اپنے والدین کے آخری دیدار اور جنازے میں بھی شریک نہ ہو سکا۔ دل چاہتا تھا سب کچھ چھوڑ کر وطن واپس آ جائے مگر اسے خوف تھا کہ اگر ایک بار واپس چلا گیا تو شاید دوبارہ امریکہ نہ جا سکے۔ اس کے برسوں کے خواب اور بچوں کا مستقبل ادھورا رہ جائے گا۔وہ پردیس میں بیٹھا اپنے والدین کی جدائی کا غم سہتا رہا۔ کبھی سوچتا کہ جن کے لیے وہ کما رہا تھا وہی اس کے پاس نہیں رہے۔ مگر پھر بچوں کا خیال آتا اور وہ اپنے آنسو پونچھ کر کام پر چلا جاتا۔چھ سات سال بعد اسے وطن آنے کی اجازت اور کاغذات ملے۔ وہ خوشی خوشی گھر پہنچا۔ ایک ماہ اپنوں کے ساتھ کیسے گزر گیا اسے خبر ہی نہ ہوئی۔ اس مختصر قیام نے اس کے دل میں ایک بار پھر امید جگا دی۔ اس نے سوچا کہ ابھی مزید پانچ دس سال محنت کر لیتا ہوں پھر ہمیشہ کے لیے واپس آ جاو¿ں گا۔ اب زندگی کے باقی دن بیوی بچوں کے ساتھ سکون سے گزاروں گا۔اس کے بعد ایک بار پھر پردیس کی زندگی شروع ہو گئی۔دس سال اور گزر گئے۔ اب بچے بڑے ہو چکے تھے اور ان کی شادی کی عمریں بھی ہو رہی تھیں۔ فیاض نے برسوں کی محنت سے گھر کی مالی حالت بدل دی تھی۔ ضروریات زندگی کی ہر چیز گھر میں موجود تھی۔ دو تین کرائے کی جائیدادیں بھی بن چکی تھیں جن کی آمدنی سے گھر کے اخراجات باآسانی پورے ہو سکتے تھے۔اب اسے محسوس ہوا کہ مزید پردیس میں رہنے کی ضرورت نہیں۔ اس نے سوچا کہ واپس جا کر بچوں کے رشتوں اور شادیوں کی فکر کرے گا۔ پھر اپنی بیوی کے ساتھ باقی زندگی گزارے گا۔ اس بار اس نے گھر والوں کو اپنی آمد کی اطلاع نہ دینے کا فیصلہ کیا۔ وہ انہیں اچانک مل کر خوش کرنا چاہتا تھا۔وہ اپنے دل میں کئی خواب سجائے وطن پہنچا۔ گھر کے دروازے پر کھڑا ہوا تو اس کے چہرے پر خوشی تھی۔ اس نے بیل بجائی۔
اندر سے آواز آئی۔
کون؟
فیاض نے مسکراتے ہوئے کہا۔
کوثر! میں فیاض۔
دوسری طرف چند لمحوں کی خاموشی چھا گئی۔ پھر حیرت اور بے یقینی میں ڈوبی آواز سنائی دی۔
فیاض! آپ؟ کیسے؟ کب آئے؟ کیوں؟
فیاض نے اسے اچانک ملنے کی خوشی اور حیرت سمجھا۔ وہ مسکراتا رہا۔ اسے کیا معلوم تھا کہ اس کی اچانک آمد کسی کے لیے خوشی کے بجائے پریشانی کا سبب بن چکی ہے۔دروازہ کھلا تو سامنے کوثر کھڑی تھی۔ وہ بن سنور کر تیار تھی۔ بچے بھی اپنے جدید لباس میں باہر نکل آئے۔ بیٹا ٹی شرٹ اور شارٹس میں تھا اور بیٹی بھی اپنی الگ دنیا کے انداز میں ملبوس تھی۔فیاض چند لمحے انہیں دیکھتا رہ گیا۔ اس کی یادوں میں تو کوثر ہمیشہ دوپٹے میں لپٹی رہتی تھی اور بچے ابھی چھوٹے چھوٹے تھے۔ وہ جن چہروں کو برسوں سے اپنے ذہن میں سنبھالے ہوئے تھا وقت نے انہیں بدل دیا تھا۔اسے اپنے اچانک آنے پر کچھ شرمندگی سی محسوس ہوئی۔ وہ خاموشی سے کوثر کے ساتھ کمرے میں چلا گیا اور کہنے لگا کہ سفر کی تھکن ہے، کچھ دیر آرام کرنا چاہتا ہے۔اس کا دل کھانے کو بھی نہیں چاہ رہا تھا۔ آنکھوں میں سجائے ہوئے خواب جیسے ریت بن کر بکھرنے لگے تھے۔ وہ سوچتا رہا کہ کوثر نے کبھی فون پر گھر کے بدلتے حالات کے بارے میں کیوں نہیں بتایا؟ بچوں کی زندگی اتنی بدل گئی اور اسے خبر تک نہ ہوئی؟کچھ دیر بعد اسے باہر سے کوثر کی آواز سنائی دی۔ وہ بچوں کو ڈانٹ رہی تھی کہ تم لوگوں نے کپڑے کیوں نہیں بدلے؟ ابو کے سامنے ایسے ہی آ گئے۔ بچوں کی آواز بھی سنائی دی۔آپ نے ہمیں پہلے کیوں نہیں بتایا کہ ابو آ رہے ہیں؟ ہم تیار تو ہو جاتے۔ پتا نہیں نوکری چھوڑ کر واپس آ گئے ہیں یا ہمیشہ کے لیے؟
کوثر نے جھنجھلا کر کہا۔
اللہ نہ کرے! فضول بکواس نہ کرو۔ جاو¿ کپڑے بدلو۔
فیاض کے کانوں میں یہ الفاظ گونجتے رہے۔ اسے پہلی بار شدت سے احساس ہوا کہ اس کی آمد شاید کسی کے لیے خوشی کا باعث نہیں بنی۔ وہ خاموشی سے لیٹا چھت کو دیکھتا رہا۔کچھ دیر بعد اس نے غسل کیا اور کپڑے بدل کر گھر کا جائزہ لینے لگا۔ خوبصورت گھر، سجا ہوا کمرہ، چھت پر دلکش لائٹس اور ہر طرف آسائشوں کا سامان تھا۔ جس گھر کو بنانے کے لیے اس نے اپنی زندگی کے کئی قیمتی سال پردیس میں گزار دیے تھے وہ آج اسے اجنبی محسوس ہو رہا تھا۔
اس کے دل سے بے اختیار نکلا۔
میں کہاں ہوں؟ میں تو شاید ہوں ہی نہیں۔
وہ بچوں کے ساتھ وقت گزارنے کی کوشش کرتا۔ کبھی انہیں سمجھاتا، کبھی ان کی عادتوں کی اصلاح کی بات کرتا اور کبھی گھر کے اخراجات پر گفتگو کرتا۔ اسے محسوس ہوتا تھا کہ گھر میں غیر ضروری خرچ بہت بڑھ گیا ہے۔ وہ چاہتا تھا کہ اب جب سب کچھ موجود ہے تو زندگی میں سادگی اور اعتدال بھی ہونا چاہیے۔لیکن اس کی ہر بات پر کسی نہ کسی کو اعتراض ہوتا۔ بچے کبھی کھانے کی میز پر بیٹھنے سے گریز کرتے، کبھی کہتے بھوک نہیں ہے، کبھی پیٹ میں درد کا بہانہ بنا لیتے اور کبھی کہتے بعد میں کھا لیں گے۔ کوثر بھی کبھی اس کے ساتھ بیٹھ جاتی مگر اس کی گفتگو میں پہلے جیسی دلچسپی دکھائی نہ دیتی۔فیاض نے ایک دن کوثر سے کہا کہ وہ برسوں سے تنہا زندگی گزار رہا ہے۔ پردیس میں کتنی مشکل سے دن گزرتے تھے، یہ وہی جانتا ہے۔ اس نے کتنی محنت کی، کتنی خواہشیں قربان کیں، صرف اس لیے کہ گھر والوں کو کسی چیز کی کمی نہ ہو۔کوثر نے فوراً جواب دیا کہ آپ کو ہماری تنہائی کا کیا پتا؟ آپ تو پردیس میں تھے۔ بچوں کو میں نے اکیلے پالا ہے۔ ان کی ہر ضرورت، ہر بیماری، ہر خوشی اور ہر پریشانی میں مجھے ہی ان کے ساتھ رہنا پڑا۔ آپ پیسے بھیج دیتے تھے مگر گھر اور بچوں کی ذمہ داریاں تو مجھے ہی اٹھانی پڑتی تھیں۔فیاض خاموش ہو گیا۔ وہ جانتا تھا کہ کوثر کی بات میں بھی سچائی ہے۔ اس نے بچوں کو اکیلے پالا تھا، ان کی پرورش کی تھی اور گھر سنبھالا تھا۔ مگر فیاض کے دل میں بھی ایک سوال تھا کہ کیا اس کی ساری قربانیاں صرف پیسے بھیجنے تک محدود ہو کر رہ گئی تھیں؟کوثر اب گھر کے کاموں سے بھی تھک چکی تھی۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ اب مزید گھر کا کام نہیں کر سکتی۔ اسے ملازماو¿ں کی ضرورت ہے۔ فیاض نے دیکھا کہ گھر میں چار ملازمائیں کام کر رہی تھیں۔ کوئی صفائی کرتی، کوئی برتن دھوتی، کوئی کپڑے دھوتی اور کوئی کھانے کے لیے سبزیاں اور دوسری چیزیں تیار کرتی۔ گھر میں واشنگ مشین بھی موجود تھی۔
یہ سب دیکھ کر وہ حیران رہ گیا۔
کوثر! کچھ تو خیال کرو۔ کوئی کام تو تم اور بچے بھی کر لیا کرو۔ آخر ہر کام کے لیے ملازمہ رکھنے کی کیا ضرورت ہے؟کوثر نے بے زاری سے جواب دیا کہ میں آپ کی روز روز کی بحث اور تنقید سے تنگ آ چکی ہوں۔ اس سے تو اچھا تھا آپ باہر ہی رہتے۔ کم از کم سکون تو تھا۔فیاض نے اسے دیکھا۔ اسے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ وہ کس بات کا جواب دے۔ وہ تو اپنے گھر آیا تھا، اپنی بیوی بچوں کے پاس۔ وہ ان کے ساتھ زندگی گزارنے کے خواب لے کر لوٹا تھا۔
کوثر کی بات ابھی ختم نہیں ہوئی تھی۔
بچے الگ تم سے بیزار ہیں۔ مجھے تو تم نے تنگ کر کے رکھ دیا ہے۔ خدا کے لیے ہمیں جینے دو۔ کما کر ہمارے اوپر احسان نہ کرو۔فیاض خاموش کھڑا سب سنتا رہا۔ اسے امید تھی کہ شاید بچے اس کی بات سمجھیں گے، مگر بیٹے نے بھی بات بڑھا دی۔جی ابو! امی ٹھیک کہہ رہی ہیں۔ گھر میں سکون سے رہیں نہیں تو پھر چلے جائیں جہاں ہم نے آپ کے بغیر اتنے سال گزارے ہیں، اور بھی گزار لیں گے۔یہ الفاظ فیاض کے دل میں کسی تیر کی طرح اتر گئے۔ وہ اپنے بیٹے کا چہرہ دیکھتا رہ گیا۔ جس بچے کی خواہشیں پوری کرنے کے لیے اس نے اپنی جوانی پردیس کی نذر کر دی تھی، آج وہی اسے گھر چھوڑ کر جانے کا مشورہ دے رہا تھا۔اسے یوں محسوس ہوا جیسے وہ کسی ایسے جرم کی سزا بھگت رہا ہے جو اس نے کبھی کیا ہی نہیں تھا۔وہ سوچنے لگا کہ میں کون ہوں؟ میرا کون ہے؟ کیا اس گھر میں میری کوئی جگہ نہیں؟ کیا میری ساری زندگی کی محنت اور قربانیاں بے معنی ہو گئیں؟وہ اپنے ہی گھر میں اپنی موجودگی سے شرمندہ ہونے لگا۔ اس کے لیے یہ ماننا مشکل تھا کہ جس گھر کو وہ اپنا گھر سمجھ کر لوٹا تھا وہاں اب وہ ایک اجنبی مسافر بن چکا ہے۔ایک دن فیاض نے خاموشی سے اپنے ہی گھر کے اس پردیس کو اللّٰہ حافظ کہہ دیا۔






