#کالم

کیا نئے صوبوں کے قیام سے عوامی مسائل حل ہونگے؟

raiz m

محمد ریاض ایڈووکیٹ

پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کروانے کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ ایسی برسراقتدار جماعت جو اپنے صوبہ پنجاب میں سال 2015کے بعد بلدیاتی انتخابات منعقد نہ کرواسکی، بندہ ناچیز یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ آخر نئے صوبوں کے قیام کی خواہش کس کی ہے اور اس مقصد کے لئے مسلم لیگ ن کی جانب سے اتنی عجلت اور تابعداری و فرمانبرداری کا مظاہرہ کیوں کیا جا رہا ہے؟ کیا واقعی نئے صوبوں کے قیام سے عوام کے مسائل حل ہو جائیں گے اور انہیں درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا؟ ان اہم سوالات کے جوابات تو آنے والا وقت ہی دے گا، تاہم موجودہ صورتِ حال میں ضروری ہے کہ نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کی بحث سے پہلے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں منعقد ہونے والے ریفرنڈمز کا مطالعہ کیا جائے، تاکہ ماضی کے تجربات کی روشنی میں حالیہ پیش رفت کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔ سب سے پہلے جنرل ایوب خان کا نام سامنے آتا ہے، جنہوں نے 14 فروری 1960ءکو ریفرنڈم کروایا۔ اس ریفرنڈم میں عوام سے براہِ راست ووٹ نہیں لیا گیا بلکہ بنیادی جمہوریتوں کے تقریباً 80 ہزار ارکان کو انتخابی کالج کی حیثیت سے ووٹ ڈالنے کا حق دیا گیا۔ ان سے بنیادی طور پر یہ سوال پوچھا گیا تھا کہ آیا وہ صدر فیلڈ مارشل ایوب خان اور ان کی اختیار کردہ پالیسیوں اور پروگراموں پر اعتماد کرتے ہیں یا نہیں۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق ایوب خان کو تقریباً 96.37 فیصد حمایت حاصل ہوئی۔ یوں انہیں اپنے صدارتی اقتدار کے تسلسل کے لیے مطلوبہ توثیق مل گئی۔ مارچ 1977ء کے عام انتخابات کے بعد پاکستان قومی اتحاد نے انتخابی دھاندلی کے الزامات عائد کیے اور بھٹو حکومت کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کر دی۔ اس سیاسی بحران کے دوران بھٹو حکومت نے آئین میں ساتویں ترمیم کے ذریعے آرٹیکل 96-A شامل کیا، جس کے تحت وزیراعظم کو عوام سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے لیے ریفرنڈم کروانے کا اختیار دیا گیا۔ اس آئینی انتظام کے مطابق اگر وزیراعظم عوام کی اکثریت کا اعتماد حاصل نہ کر پاتا تو اسے مستعفی تصور کیا جانا تھا۔تاہم بھٹو حکومت یہ ریفرنڈم منعقد نہ کروا سکی۔ سیاسی بحران، اپوزیشن کے بائیکاٹ اور ملک میں جاری احتجاجی تحریک کے باعث یہ معاملہ آگے نہ بڑھ سکا۔ بالآخر 5 جولائی 1977ء کو جنرل ضیاءالحق نے مارشل لا نافذ کرکے بھٹو حکومت کا تختہ الٹ دیا۔ ضیائ الحق نے 19 دسمبر 1984ء کو اپنا ریفرنڈم کروایا۔ اس ریفرنڈم میں عوام سے بنیادی طور پر یہ سوال پوچھا گیا تھا کہ آیا وہ صدر جنرل محمد ضیاء الحق کے شروع کردہ اس عمل کی حمایت کرتے ہیں جس کا مقصد پاکستان کے قوانین کو قرآن و سنت کے مطابق بنانا، نظریہ پاکستان کا تحفظ کرنا، اسلامی نظام کو مستحکم کرنا اور اقتدار عوام کے منتخب نمائندوں کو پ±رامن اور منظم انداز میں منتقل کرنا تھا۔ اس سوال کے ساتھ ہی ریفرنڈم کی منظوری کو ضیاءالحق کی مزید پانچ سالہ صدارت سے منسلک کر دیا گیا تھا۔سرکاری نتائج کے مطابق ضیائ الحق کے حق میں 98 فیصد سے زائد ووٹروں کی حمایت حاصل ہوئی اور یوں 90 دن میں انتخابات کا اعلان کرنے والے ایماندار و صادق شخص نے سات سال پورے کرنے کے بعد مزید پانچ سال کے لئے صدارتی کرسی پر براجمان رہنے کا حق حاصل کرلیا۔ پرویز مشرف نے 30 اپریل 2002ءکو ریفرنڈم کروایا۔ اس میں عوام سے یہ سوال پوچھا گیا تھا:”کیا آپ مقامی حکومتوں کے نظام کی بقا، جمہوریت کے قیام، اصلاحات کے تسلسل، فرقہ واریت اور انتہا پسندی کے خاتمے اور قائداعظم کے تصورِ پاکستان کی تکمیل کے لیے صدر جنرل پرویز مشرف کو پانچ سال کے لیے پاکستان کا صدر منتخب کرنا چاہتے ہیں؟“عوام کو صرف دو آپشن دیے گئے تھے، یعنی ہاں یا نہیں۔ بظاہر اس سوال میں جمہوریت، اصلاحات، مقامی حکومتوں اور قائداعظم کے تصورِ پاکستان جیسے اہم موضوعات کو شامل کیا گیا تھا، تاہم اس کا عملی اور آئینی نتیجہ جنرل پرویز مشرف کو مزید پانچ سال کے لیے صدر برقرار رکھنے کی توثیق تھا۔ سرکاری اعلان کے مطابق جنرل پرویز مشرف کو 97 فیصد سے زائد ووٹرز حمایت حاصل ہوئی۔ اور یوں مملکت کو روشن پاکستان بنانے کے لئے مشرف مزید پانچ سال کے لئے کرسی صدارت کے حقدار ٹھہرے۔پاکستانی سیاسی تاریخ شاہد ہے کہ یوں ریفرنڈم کے ذریعہ اقتدار کیساتھ چمٹے رہنے کی قیمت ریاست پاکستان نے چکائی،تجزیہ کاروں کے نزدیک بنگلہ دیش کی بنیاد اسی دن رکھ دی گئی، جب ایوب خان نے اقتدار پرغیر آئینی قبضہ جمایا تھا۔ موجودہ پارلیمنٹ میں کسی سیاسی جماعت نے سال 2024کے انتخابات میں نئے صوبوں کے قیام کے لئے مینڈیٹ نہیں لیاتو پھر پارلیمانی و سیاسی جماعتوں میں نئے صوبوں کے قیام کے لئے ہلچل کیوں مچی ہوئی ہے؟ بظاہر پاکستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتیں و عوام کی اکثریت نئے صوبوں کے حق میں نظر نہیں آتی تو نئے صوبوں کا شوشہ کس نے اور کیوں چھوڑا ہوا ہے؟ اگر نئے صوبوں کے لئے ریفرنڈم کا انعقاد بھی ایوب خان، ضیائ الحق اور پرویز مشرف طرز اور پس پردہ مقاصد کے حصول کی بنیاد پر کیا گیا تو خاکم بدہن، مملکت پاکستان کی وحدت پر سنگین خطرات منڈلائیں گے۔ اس تھوڑے لکھے کو بہت سمجھ لینا چاہیے۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے