#کالم

محمدﷺ کی وفا۔۔اقبال کا سرمایہ افتخار

amjad ali

امجد علی

کی محمد سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں
یہ جہاں چیز ہے کیا، لوح و قلم تیرے ہیں
جب سوچتا ہوں کہ جس ہستی کی عقیدت میں یہ آفاق گیر شعر اترا، وہ ذات والا صفات کون ہے جس کی نعت خود رب کائنات رقم فرماتا ہے جس کے ذکر کو ربانی کلمات اور جس کے نام کو عرش و فرش درود و سلام پیش کر رہے ہوں، جن کی ہر وقت نعت لکھی جارہی ہو جس کے حضور ہر لحظہ محبت کے نئے لب و لہجے میں مہکتے درودوں کے نذرانے پیش ہو رہے ہوں، تو بے اختیار سبحان اللہ کہہ اٹھتا ہوں! بہت ساری حقیقتیں انسان پر فوراً منکشف نہیں ہوتیں، بلکہ وقت کی طویل مسافت طے کرنے کے بعد اپنی پرتیں کھولتی ہیں۔ ایک زمانے تک انسان آسمان پر دمکتے ستاروں کو محض روشن نقطے سمجھ کر دیکھتا رہا، پھر علم و مشاہدے نے انکشاف کیا کہ ان میں سے بہت سے دراصل دور افتادہ کہکشاو¿ں کے عظیم الشان نظام ہیں۔ بعینہ حکمت کی باتوں اور اعلیٰ شعری تخلیقات کے ساتھ بھی یہی معاملہ ہے۔ ان کے معانی و مفاہیم ہمیشہ پہلی قر?ت ہی میں آشکار نہیں ہوتے، بعض اوقات بحر وقت میں ہر لحظہ روپذیر ہوتی نت نئی تبدیلیاں شعور، فہم کی بالیدگی اور نگاہ کی گہرائی ان کے باطن میں پوشیدہ جہانوں کو منکشف کرتی ہیں۔ کچھ ایسی ہی صورت علامہ محمد اقبال کے مذکورہ معروف شعر کی بھی ہے۔ علامہ محمد اقبال کا یہ شعر بظاہر دو مصرعوں کا مجموعہ ہے، لیکن اپنے باطن میں زمین و آسماں کی وسعتوں اور انسانی عظمت کے لامتناہی امکانات کو سمیٹے ہوئے ہے۔ سادگی، روانی، فصاحت و بلاغت اور معنوی گیرائی کا ایسا حسین امتزاج کہ کلام اوج کمال کو چھوتا محسوس ہوتا ہے۔ ان دو مصرعوں کے اندر عشق رسول ﷺکی وارفتگی، بندگی کی معراج، نسبت کی برکت، اطاعت کی روح اور انسان کی حقیقی عظمت کا ایک پورا جہان آباد ہے۔ یہ محض شعر نہیں، وفاو¿ں کا فکری و روحانی منشور ہے۔ جو انسان کو اپنی نسبت اور بندگی کا شعور عطا کرتا اور عشق رسول ﷺ کے وسیلے سے اپنی ذات کے امکانات اور مقام و مرتبے کی وسعتوں سے آشنا کرتا ہے۔مذکورہ شعر علامہ اقبال کی نظم ”جواب شکوہ“ کا آخری شعر ہے۔ اس کا تعلق شکوہ میں اٹھائے گئے اس بنیادی سوال سے ہے کہ مسلمانوں نے اسلام کے لیے اتنی قربانیاں دیں، اللہ کے دین کو پھیلایا، رسول اللہ ﷺ کے نام پر جانیں قربان کیں، پھر آج مسلمان زوال، پستی اور غلامی کا شکار کیوں ہیں۔ اقبال اللہ سے شکوہ کرتے ہیں کہ۔۔ہم تو جیتے ہیں کہ دنیا میں ترا نام رہے
کہیں ممکن ہے کہ ساقی نہ رہے جام رہے
ہم سے پہلے تھا عجب تیرے جہاں کا منظر
کہیں مسجود تھے پتھر، کہیں معبود شجر
پھر جواب شکوہ میں انکی جنبش قلم نے سنہری ضوابط کو یوں زینت اوراق کیا۔
وہ زمانے میں معزز تھے مسلماں ہو کر
اور تم خوار ہوئے تارک قرآں ہو کر
شعر تب ہی عروج شہرت کو پہنچتا ہے جب اس کا ہر لفظ کسی شاہی محل کے دروازے کی طرح کھلتے ہی نظر کو خیرہ کرتا چونکا دینے والا نیا اسمان سامنے لے آئے۔ بعینہ? اس مصرعے کا پہلا لفظ ”کی“ ایک شرط کا دروازہ کھولتا ہے۔ گویا شاعر انسان کے سامنے ایک اصول رکھتا ہے۔ اللہ جو ہر لحظہ عرش کریم سے محبین مصطفے کے لیے لامتناہی انعامات، فیوض و برکات بانٹ رہے ہیں۔ اس فیض یابی کے لیے لازم شرط مقرر کی ہے کہ محمد سے وفا کرو، وفا میں ثابت قدم (قائم) ہو جاو۔ مطلب اگر حضرت انسان نے محمد سے وفا کا حق ادا کیا، تو پھر نسبتوں اور وابستگیوں کے نئے معنی پھوٹیں گے۔ وفا کے معنی میں محبت اور اس سے سواءاور ماسواء سب محبت ہی شامل ہوتا ہے۔ معلوم ہوا وفا محض زبان سے درود پڑھنے، جذباتی وابستگی کا اظہار و اقرار نہیں یا کسی رسمی شناخت پر اکتفا کا نام نہیں۔ یہ سیرت نبوی کو اپنی زندگی کا معیار بنانے، حق کو پہچاننے اور نفس کی سرکشی کو لگام دے کر خلق خدا کے ساتھ رحمت و خیر خواہی کا معاملہ کرنے کا نام ہے۔ وفا میں جس درجہ کی محبت شامل ہو گی اسے اتنا ہی ارفاءایمان عطاءکر دیا جائے گا۔ یہی حکم الہی بھی ہے۔ قبلہ امام احمد رضا بریلوی بھی اسی چاہت کو نعتیہ اشعار میں ہوں قلم بند کیا۔
خدا کی رضا چاہتے ہیں دو عالم
خدا چاہتا ہے رضائے محمد ﷺ
رسول اللہ ﷺ سے وفا کا حقیقی مفہوم یہی ہے کہ انسان اپنی پسند اور ناپسند کو آپ کے اخلاق حسنہ کے اصولوں کے تابع کرے۔ شعر میں انعامات وفا کی لامحدودیت کا تقاضا ہے کہ وفا کی معنوی وسعت اور پھیلاو¿ کو بغور دیکھا جائے۔وفا میں محبت اور اطاعت ایک دوسرے سے جدا نہیں رہتے۔ قول و فعل کی طرح یکجان و قالب ہو جاتے ہیں یعنی متحلل ہو جاتے ہیں۔ محبت زبان سے آگے بڑھ کر دل سے نسبت پیدا کرتی ہے، اور اطاعت زندگی میں عکس گری کرتی ہے۔ محبت دعویٰ ہے تو کردار اس کی شہادت، محبت روشنی ہے تو اتباع اس روشنی میں اٹھایا جانے والا ہر قدم۔ اس راہ الفت میں فاقے آئیں، رنج و غم، مصیبتیں درپیش ہوں یا جنگیں لڑتے جان دینی پڑے کہ لینی پڑے پرواہ نہیں بس ثابت قدم رہنا ہی وفائے مصطفے’ سید الانبیاء ہے۔ اسی لیے وفائے محمدی کا امتحان صرف اس بات سے نہیں ہوتا کہ ہم حضور اکرم ﷺ کا نام کتنی عقیدت سے لیتے ہیں، بلکہ اس سے بھی ہوتا ہے کہ ہمارے معاملات، ہمارے فیصلے، ہماری زبان اور ہمارے رویے ان سے عقیدت کی کتنی مضبوط گواہی دیتے ہیں۔ اپنے نبی ﷺ سے امتی کی وفا اور رحمت للعالمین ﷺ سے وابستگی انسان کی ذات کو سنوارتی ہے۔ اقبال کی فکر میں خودی کا کمال بے لگام خواہشات کی تکمیل نہیں، بلکہ اپنی حقیقت کی شناخت اور کسی بلند تر مقصد کے لیے اپنے وجود کو منظم و منضبط کرنا ہے۔ رسول اللہ ﷺ سے وفا اسی خودی کو پاکیزہ سمت اور اس کے سفر کو مقصدیت عطا کرتی ہے۔یہ وفا کا وہی حاشیہ ہے جو خاک سے تشکیل پانے والے عبد کی ذات کے ظاہر و باطن، قول و فعل اور ہر طبعی و فکری پہلو کی آلائشوں سے تطہیر کا ایک مسلسل عمل ہے، تاکہ بندہ اپنے رب کے حضور اعلیٰ ترین پاکیزگی، عجز اور سلیقہ بندگی کے ساتھ پیش ہونے کے قابل ہو سکے۔ جس طرح کسی دیوار کی تکمیل میں ہر اگلی اینٹ اپنی جگہ اہمیت رکھتی ہے، اسی طرح شعر کا مفہوم بھی اگلے مصرعے کے بغیر مکمل نہیں ہوتا۔ بعینہ وفا بھی اپنے تمام تقاضوں اور مراحل سے گزرے بغیر درجہءکمال کو نہیں پہنچ سکتی۔وفا اور اس کے تقاضوں کی عظمت کا اندازہ ان بے پناہ اور انمول انعامات سے لگایا جا سکتا ہے جو اس کے صلے میں عطا کیے گئے ہیں۔ گویا وفا محض ایک دعویٰ نہیں، ایک ایسی عظیم ذمہ داری اور شرط نسبت ہے جسے زندگی کے ہر قدم اور ہر سانس میں، ظاہر سے باطن تک، نبھانا ہوتا ہے۔ اس کا صلہ کسی مقداری پیمانے میں نہیں سما سکتا، یہی وجہ ہے کہ اس کے انعامات بھی حساب و شمار کی ہر حد سے ماورا ہیں۔اب پہلے مصرعے کے اس فقرے ”تو ہم تیرے ہیں“ میں لفظ ”ہم“ غیر معمولی معنوی اہمیت اختیار کر لیتا ہے۔ اس کی کئی امکانی جہات ہو سکتی ہیں جنہیں دیکھنے پرکھنے کی ضرورت ہے۔ یہ محض جمع (قوت) کی ضمیر نہیں، بلکہ کئی فکری اور معنوی جہتوں کا حامل استعارہ ہے۔ سوال یہ ہے کہ اقبال نے اپنی نسبت کے اظہار کے لیے ”میں“ کے بجائے ”ہم“ کا انتخاب کیوں کیا؟ اس انتخاب سے شعر کے مفہوم اور وسعت میں کیا فرق پیدا ہوتا ہے؟بظاہر ”میں“ ایک فرد کی انفرادی شناخت اور ”ہم“ اجتماع، کثرت اور اجتماعی نسبت کی نمائندگی کرتا ہے۔ تو کیا اقبال نے یہاں ”ہم“ کو اپنی ذات تک محدود نہیں رکھا، بلکہ اس کے دائرے میں ایک پوری امت کو بھی شامل کر لیا ہے؟ کیا یہ محض شاعر کا اسلوب اظہار ہے یا اس کے پس منظر میں کوئی وسیع تر فکری اشارہ پوشیدہ ہے؟ایک دوسرے زاویے سے دیکھیے تو یہاں ”ہم“ میں فرد بھی شامل ہے اور پوری امت بھی۔ گویا شاعر وفا کو محض ایک انفرادی دعوے کے بجائے اجتماعی نسبت اور مشترکہ شناخت کے اصول کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ ایسی نسبت جس میں انسان اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کو رسول اکرم کے لائے ہوئے پیغام سے وابستہ کر لیتا ہے۔اس نسبت کا تقاضا یہ ہے کہ انسان اپنی خود ساختہ برتریوں، نسلی تفاخر، طبقاتی غرور، مال و منصب کے زعم اور نفسانی مرکزیت سے بلند ہو کر اس اعلیٰ اخلاقی ضابط حیات کا پیرو بنے جس کی تکمیل و تعلیم رسول اکرم ﷺ کی سیرت مبارکہ میں جلوہ گر ہے۔ یہ اجتماعی نسبت اس لیے بھی معنوی وسعت اور تعلق رکھتی ہے کہ آپ ﷺ کسی ایک قوم، نسل یا خطے کے لیے نہیں، بلکہ تمام عالمین کے لیے رحمت بنا کر مبعوث فرمائے گئے۔اس کے باوجود لفظ ”ہم“ کا استعارہ ابھی اپنی تمام معنوی جہتوں کے ساتھ منکشف نہیں ہوا۔ اس کی یہ تشنگی دوسرے مصرعے کے اختتام پر ایک نئے فکری در وا کرتی ہے، جہاں شعر کا مفہوم فرد اور امت کی نسبت سے آگے بڑھ کر ایک ایسی وسعت اختیار کرتا ہے جس میں جہان، لوح اور قلم تک شاعر کے تصور وفا کے سامنے نئے معنی اختیار کر لیتے ہیں۔یوں ”ہم تیرے ہیں“ انفرادی سطح پر محض جذباتی سپردگی کا اظہار نہیں، بلکہ اپنے ارادے، کردار اور ترجیحات کو حق کے تابع کرنے کا ایک عہد ہے۔ اس عہد کے ذریعے انسان اپنی انانیت کے حصار سے نکل کر عبدیت کی وسعت میں داخل ہوتا ہے۔ وہ اپنے وجود کو بے مقصد آزادی کے سپرد کرنے کے بجائے اخلاقی ذمہ داری اور رضائے الٰہی کی جستجو سے وابستہ کر لیتا ہے۔فکری وسعتوں کے جہان اپنے اندر سموئے استعاروں کا یہ سلسلہ ابھی تھما نہیں۔ دوسرے مصرعے کا آغاز ایک استفہامی انداز سے ہوتا ہے: ”یہ جہاں چیز ہے کیا“، بظاہر ایک مختصر سا سوال ہے، مگر اس کے باطن میں معنی کی کئی گہری جہتیں پوشیدہ ہیں۔پہلی جہت کو اگر وفائے محمد ? کی قدر و منزلت اور اس کے صلے کے تناظر میں دیکھا جائے تو مقام مصطفیٰ ﷺکے سامنے اربوں صدیوں سے پھیلے، محو گردش لامتناہی افلاک، معلوم و نامعلوم جہانوں کی تمام وسعتیں اور کائنات کی بے کراں پہنائیاں بھی اپنی تمام تر عظمت کے باوجود ہیچ دکھائی دیتی ہیں۔ گویا شاعر اس حقیقت کی طرف اشارہ کر رہا ہے کہ نسبت مصطفوی ، اس سے وفا اور اس کے انعامات کے مقابلے میں کائنات کی وسعتیں بھی قابل ذکر حیثیت نہیں رکھتیں۔دوسری جہت ہمیں ایک اور طرز فکر کی دعوت دیتی ہے۔ ذرا نگاہ اٹھا کر زمین و آسماں کا مشاہدہ کیجیے، طلوع ہوتے سورج کی عظمت دیکھیے، اس کے وجود، اس کی پرتوں، وسعتوں اور ممکنہ حدود کا تصور کیجیے، پھر ان تمام مظاہر کو اپنے فکری ترازو میں رکھ کر پرکھیے کہ شان مصطفیٰ ? کے سامنے ان کی حیثیت ہی کیا ہے! یہاں استفہام محض ایک سوال نہیں، بلکہ عظمت کے مروجہ پیمانوں کو ازسرنو جانچنے اور ان کی حقیقی قدر و منزلت متعین کرنے کی دعوت ہے۔ شاعر گویا انسان سے مخاطب ہے کہ جس نگاہ کو نسبت محمدی ? اور وفائے مصطفیٰ ? کی رفعت نصیب ہو جائے، اس کے سامنے دنیا کی ظاہری وسعتیں، دولت و اقتدار، شہرت و ناموری اور مادی کامیابیاں اپنی اصل حدود میں سمٹ کر رہ جاتی ہیں۔تب انسان پر منکشف ہوتا ہے کہ جن چیزوں کو وہ عظمت کا آخری معیار سمجھتا رہا، وہ ایک برتر حقیقت کے حضور کس قدر محدود، عارضی اور بے مایہ ہیں۔ اگر اس کے باوجود جہان گماں کی کوئی رمق باقی رہ جائے تو اپنی وفا کو رضائے مصطفیٰ کے آئینے میں رکھ کر دیکھیے وہاں ہر عالم کی جنت بھی محمد کی غلامی و رفاقت کے انعام کے سامنے اپنی تمام تر وسعتوں کے باوجود بے حقیقت اور بمنزل عدم دکھائی دیتی ہے۔دنیا اور اس کی حقیقتوں کی درجہ بندی اپنی جگہ، مگر اقبال کا یہ سوال خود پیمانہ بندی کے مروجہ تصور کو الٹ کر رکھ دیتا ہے۔ وہ انسان کو دنیا سے فرار کی نہیں، بلکہ اسے اس کے حقیقی مقام پر رکھنے کی دعوت دیتے ہیں۔ جب سیرت نبوی ﷺ کی روشنی انسان کے اندر عدل، امانت، شجاعت، دیانت اور خدمت کا شعور بیدار کرتی ہے تو دنیا کی اشیا اس کی معبود نہیں رہتیں، بلکہ اس کے اعلیٰ مقاصد کی تکمیل کے وسائل بن جاتی ہیں۔ یوں کائنات کی نعمتیں اور اس کے وسائل اس کے لیے محض حصول منفعت کا سامان نہیں رہتے، بلکہ ذمہ داری، تعمیر اور خیر کے فروغ کا ذریعہ بن جاتے ہیں۔یہی اس مصرعے کی ایک لطیف فکری جہت ہے کہ شعور کی اس منزل تک وہی انسان پہنچ سکتا ہے جو رب کائنات کی برگزیدہ ہستی، رسول اکرم ﷺسے وفا کو اپنی ترجیح اوّل اور مقصد حیات کا بنیادی حوالہ بنا لے۔اب آئیے شعر کے اگلے اور آخری جملے ”لوح و قلم تیرے ہیں“ کی طرف، جو اس شعر کا شاید سب سے گہرا، پررمز اور فکری اعتبار سے سب سے نازک مقام ہے۔ لوح و قلم اسلامی علمی و روحانی روایت میں علم، کتابت، تقدیر اور امر الٰہی سے وابستہ عظیم علامتیں ہیں۔ قلم محض تحریر کا آلہ نہیں، بلکہ اظہار علم اور ثبت حقائق کا استعارہ ہے اور لوح اس ظرف کی علامت، جس پر علم و احکام کا اندراج ہوتا ہے یعنی مخزن علوم کل کائنات لوح ہے۔ گویا قلم امر کو صورت نقش و تحریر عطا کرتا ہے اور لوح اس کے اندراج و ظہور کا تصور پیش کرتی ہے۔ اس تناظر میں لوح و قلم کو کائنات کے علمی نقشے، اس کے نظام وجود اور اس میں جاری حکمت و تقدیر کے ایک جامع استعارے کے طور پر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔اس تصور کو ایک قدم آگے بڑھائیں تو لوح و قلم گویا کائنات کے کل علمی و معلوماتی ذخیرے، اس کے پورے کائناتی ڈیٹا اور اس بلیو پرنٹ کی علامت بن جاتے ہیں جس میں موجودات کے اسرار، قوانین فطرت، امکانات ظہور اور نظام تخلیق کی معنوی جہتیں سمٹ آتی ہیں۔ یہ ایسا بحر علم ہے جس کی وسعت انسانی احاط ادراک سے کہیں زیادہ ہے۔ انسان اس میں سے اتنا ہی سمجھ اور اخذ کر سکتا ہے جتنی اس کی فکری، عقلی اور روحانی استعداد و سکت پرواز ہے۔ تاہم، انسان کو عطا ہونے والا علم محض معلومات کا انبار نہیں، بلکہ بصیرت ہے اور مقصدیت میں ڈوبی حکمت ہے۔ یہ عطائ مادی کائناتوں کے کل علم کو محیط لگ رہی ہے۔ کیونکہ خود آقاءکریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ میں علم کا شہر ہوں، تو ان پر قربان ہونے فدا ہونے کا صلہ بھی بصورت علم ہی زیادہ احسن و دلکش محسوس ہوتا ہے۔ لہذا یہ جملہ علم کی قدر کی جانب بھی انتہائی گیرائی سمیٹے ہے۔ یہی علم انسان کو منصب نیابت کے تقاضوں کو سمجھنے اور زمین پر عدل، تعمیر اور خیر کے فروغ کا اہل بنتا ہے۔ بلاشبہ آپ کے اخلاق کو اسی لیے رسول مکرم کا اسوہ حسنہ (اعلی نمونہ) فرمایا گیا ہے۔ اقبال شعر کے اختتام پر ”لوح و قلم“ کا ذکر لا کر نسبت محمدی ﷺ کے افق کو دنیا کی معلوم وسعتوں سے اٹھا کر علم، تقدیر، کائناتی نظم اور مقصد تخلیق کی لامتناہی جہتوں تک پھیلا دیتے ہیں۔ گویا وفائے رسول ﷺ کا صلہ محض زمینی کامیابی، معاشرتی وجاہت، اقتدار یا مادی سرخروئی تک محدود نہیں، بلکہ اس کا تعلق انسان کے تصور علم، شعور بندگی اور کائنات میں اپنی حقیقی حیثیت کے ادراک سے بھی ہے۔یہاں ایک نہایت لطیف سوال جنم لیتا ہے کہ اگر ”یہ جہاں“ اور ”لوح و قلم“ تک عطا کیے جانے کی بات ہے تو یہ عطا کس کی طرف سے ہے؟ زمین و آسماں، عالم رنگ و بو اور اس کا تمام علمی و وجودی سرمایہ تو مالک حقیقی، یعنی اللہ تعالیٰ ہی کی ملکیت ہے۔ پھر اگر شعر کے پہلے مصرعے میں لفظ ”ہم“ کو ایک معنوی تسلسل میں پڑھا جائے تو اس زاویے سے ”ہم“ کا استعارہ شاعر کی انفرادی آواز تک محدود نہیں رہتا بلکہ یہ اعتبار الہی سے منسوب ہو جاتا ہے۔ یعنی اللہ عزوجل اپنے محبوب مکرم، حضرت محمد مصطفیٰ ? کی وفاوں اور رفعتوں کے صلے میں عنایات بیش بہا کا اعلان فرما رہا ہو۔ اس قرات میں نسبتوں کی ترتیب یوں سامنے آتی ہے کہ عطا کرنے والا مالک کائنات ہے اور مرکز تکریم و محبت اس کا محبوب برحق ۔ یہاں ”ہم“ سے براہ راست اللہ تعالیٰ کی ذات مراد لینا ایک ممکنہ اشاراتی و ادبی قرات ہے، نہ کہ شعر کا واحد قطعی مفہوم۔شعر کے سیاق، بالخصوص شکوہ کے جواب میں اس کے مقام کو سامنے رکھا جائے تو اس میں اقبال کے قلب سے اٹھنے والی ملت اسلامیہ کے درد، اطاعت، وفا اور تسلیم قلب کی صدا بھی سنائی دیتی ہے۔ یوں صدائے اقبال میں رضائے الٰہی کی گونج کا احساس نمایاں ہو جاتا ہے۔ محبوب خدا کائنات کی چنیدہ ہستی اور مرکز تکریم ہیں، جبکہ کائنات اپنی تمام تر وسعتوں کے ساتھ اس عطا کی عظمت کا استعارہ بن جاتی ہے۔ اس طرح آخری مصرع پہلے کی معنوی تکمیل ہی نہیں کرتا، بلکہ اسے ایسی بلندی عطا کرتا ہے جہاں زمین و آسماں، علم کے خزانے اور کائناتی امکانات بھی مقام مصطفی اور وفائے محمدی کی عظمت کے اظہار میں محدود محسوس ہونے لگتے ہیں۔ان معنوی رفعتوں کو محسوس کریں تو نگاہ خودبخود کائنات کی طرف اٹھتی ہے۔ ذرا چشم بصیرت سے نظارہ کریں کہ اس عالم کا ذرہ ذرہ، برگ و گل اور مظاہر فطرت کس طرح اپنے اپنے انداز میں خالق کی حمد اور اس کی نشانیاں بیان کر رہے ہیں۔ پھر اس کائنات کے اندر اس ہستی کے مقام کا تصور کیجیے جس پر خود اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتے درود بھیجتے ہیں اور اہل ایمان کو بھی اس عمل عظیم میں شریک ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں آپ ? کے اوصاف حمیدہ، اخلاق عظیمہ اور مقام رسالت کو بیان فرمایا، آپ کے ذکر کو بلند کیا اور واقعہ معراج کے ذریعے قرب و تکریم کی وہ بے مثال شان عطا فرمائی جو آپ کے اوصاف میں نمایاں ہے۔اے محبین و فدائیان رسول کریم ! اقبال کی زبان سے، ایک صاحب ایمان عبد کے قلب سے اٹھنے والی اس صدا کو محض الفاظ نہیں، اپنے نبی محتشم سے والہانہ محبت کی آواز بنا کر سنیے۔ اپنے نبی کے مقام و مرتبے کو پہچانیے، اپنی انانیت اور خود ساختہ برتریوں سے آگے بڑھیے اور اپنی ذات، اپنی ترجیحات اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کو محبت رسول، اطاعت رسول اور وفائے رسول کے سپرد کر دیجیے۔ یہی وہ نسبت ہے جو انسان کو اس کی اصل پہچان عطا کرتی اور بندگی کو اس کے حقیقی مقام معراج انسانیت تک پہنچاتی ہے۔ہمارے نبی سراپا رحمت و کرم ہیں۔ وہ ہستی جن کے قلب اطہر میں اپنی امت کی مغفرت کی تڑپ ہمیشہ موجزن رہی، جن کی دعاو¿ں اور چشم رحمت میں اپنے زمانے کے لوگوں کے لیے ہی نہیں، آنے والی نسلوں اور روز حشر تک اس دنیا میں قدم رکھنے والے امتیوں کے لیے بھی بخشش کی دعاء شفاعت شامل رہی۔ امت کے لیے ایسی بے پایاں شفقت، ایسی بے لوث خیر خواہی اور ایسا بے مثال درد مندی کا جذبہ فخر موجودات کے سوا کہاں نصیب ہوگا!اور شاید یہی اس شعر کی سب سے لطیف جہت ہے کہ اقبال کی چشم بینا دنیا، لوح و قلم کی وسعتوں کا حوالہ دے کر اہل ایمان کو عظمت مصطفیٰ کی پہچان اور اس نسبت کے تقاضوں سے آگاہ کر رہی ہے۔ گویا رفعت انسانی کا راستہ کردار کی پاکیزگی، عشق کی صداقت، عقیدت کی پختگی اور اطاعت کی تکمیل سے ہو کر گزرتا ہے۔ وفا محض زبان کا اقرار نہیں، بلکہ اپنی ذات، اپنی خواہشات، اپنے ارادوں اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کو محبوب خدا کے لائے ہوئے پیغام کے تابع کر دینے کا نام ہے۔کائنات کی رنگا رنگ مخلوقات، چرند و پرند، شجر و حجر، حور و غلمان، ملائکہ، جن و انس، آخر سبھی محبوب رب العالمین کے حضور سر نیاز کیوں خم کرتے اور سلام کیوں پیش کرتے ہیں؟ اللہ بھی یہی فرما رہے ہیں کہ اطاعت محمد ہی میری اطاعت ہے۔ یقینا اقبال اس رمز عشق و محبت سے آشنا ہو چکے تھے، تبھی تو اپنے نبی محتشم ? کے حضور زبان حق کے وسیلے سے اپنا سب کچھ بے دریغ اور بہ رضا و رغبت نچھاور کرتے دکھائی دیتے ہیں۔اسی احساس کی روشنی میں اس شعر کی معنوی جہتوں کی فکری پرواز میں ہم بھی کچھ دیر ہم رکاب ہونے کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔سلام بحضور جناب علامہ محمد اقبال ، جنہوں نے وفا کو محض ایک جذبہ نہیں، بلکہ بندگی کی معراج بنا کر دکھایا۔ اسی لیے یوم اقبال پر سبھی مسلم امہ کو مبروک۔۔
کی محمد سے وفا تو نے تو ہم تیرے ہیں
یہ جہاں چیز ہے کیا، لوح و قلم تیرے ہیں

محمدﷺ کی وفا۔۔اقبال کا سرمایہ افتخار

سحر ضرور ہو گی !

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے