#کالم

بجلی پھر مہنگی، زندگی مزید مشکل!

rafeh s

رفیع صحرائی

ابھی لوگ چند دن کے اندر پٹرول کی قیمت میں نمایاں کمی پر پوری طرح خوش بھی نہیں ہو پائے تھے کہ ان کی خوشی کا گلا گھونٹنے کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 2 روپے 36 پیسے اضافہ کر کے حکومت نے اپنی آمدنی میں کمی کا ازالہ کر لیا ہے۔
جونہی حکومت کی طرف سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان ہوتا ہے عوام کے چہروں پر پھیلی پریشانی کی لکیریں مزید گہری ہو جاتی ہیں۔ ابھی لوگ گزشتہ بلوں کے صدمے سے سنبھل نہیں پاتے کہ بجلی کی قیمت میں ایک اور اضافے کی خبر ان کے لیے نئی آزمائش بن کر سامنے آ جاتی ہے۔ ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے تازہ خبر بھی کچھ ایسی ہی ہے کہ ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 2 روپے 36 پیسے اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین پر ہوگا۔ دوسری جانب صنعتی اور زرعی صارفین کو اضافی بجلی کے استعمال پر فراہم کیے جانے والے ریلیف میں بھی 2 روپے 32 پیسے فی یونٹ کمی کر دی گئی ہے۔ سوال یہ ہے کہ آخر عوام کب تک بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ برداشت کرتے رہیں گے؟
بجلی آج محض گھروں کو روشن کرنے یا پنکھے چلانے کا ذریعہ نہیں بلکہ جدید زندگی، صنعت، زراعت، تجارت اور کاروبار کا بنیادی جزو بن چکی ہے۔ بجلی مہنگی ہوتی ہے تو اس کے اثرات صرف بجلی کے بل تک محدود نہیں رہتے بلکہ پورا معاشی نظام اس کی لپیٹ میں آ جاتا ہے۔ گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا بل ماہانہ آمدن کا ایک بڑا حصہ نگل جاتا ہے، جبکہ محدود تنخواہ یا روزانہ اجرت پر گزارا کرنے والے خاندانوں کے لیے بجلی کا بھاری بل ادا کرنا کسی امتحان سے کم نہیں ہوتا۔ ایک طرف بچوں کی تعلیم، علاج، مکان کا کرایہ اور روزمرہ ضروریات ہیں، دوسری طرف بجلی کا بل ہے جسے ادا نہ کرنے کی صورت میں کنکشن منقطع ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔
مہنگی بجلی کا سب سے بڑا اور دور رس اثر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ صنعتوں میں مشینیں چلانے، خام مال کی تیاری، مصنوعات کی پیکنگ اور انہیں منڈیوں تک پہنچانے کے لیے توانائی درکار ہوتی ہے۔ جب بجلی کے نرخ بڑھتے ہیں تو پیداواری لاگت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ صنعت کار اس اضافی خرچ کو اپنی جیب سے برداشت کرنے کے بجائے مصنوعات کی قیمتوں میں شامل کر دیتا ہے۔ یوں ایک فیکٹری میں بجلی کی قیمت بڑھنے کا اثر بالآخر دکان پر فروخت ہونے والی چیز کی قیمت میں اضافے کی صورت میں عام صارف کو بھگتنا پڑتا ہے۔
یہ سلسلہ یہیں ختم نہیں ہوتا۔ مہنگی بجلی سے ٹرانسپورٹ، گوداموں، کولڈ اسٹوریج، آٹا ملوں، چاول کی چھڑائی، کپڑے کی صنعت اور دیگر کاروباری شعبوں کے اخراجات بھی بڑھتے ہیں۔ جب اشیائ کی پیداواری اور ترسیلی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے تو ٹرانسپورٹ کے کرائے بھی بڑھ جاتے ہیں۔ بسوں، ویگنوں، ٹرکوں اور مال بردار گاڑیوں کے اخراجات میں اضافے کا بوجھ مسافروں اور تاجروں پر منتقل ہوتا ہے۔ نتیجتاً مسافر کو سفر کے لیے زیادہ کرایہ ادا کرنا پڑتا ہے اور تاجر کو مال کی ترسیل مہنگی پڑتی ہے۔ یہ اضافی خرچ بھی بالآخر اشیائ کی قیمتوں میں شامل ہو جاتا ہے۔ گویا بجلی کے نرخوں میں معمولی اضافہ بھی مہنگائی کی ایک طویل زنجیر کو حرکت دے دیتا ہے۔
زرعی شعبہ بھی اس صورت حال سے محفوظ نہیں۔ ٹیوب ویلوں کے ذریعے آبپاشی کرنے والے کسان پہلے ہی مہنگے ڈیزل، کھاد، بیج، زرعی ادویات اور مزدوری کے اخراجات سے پریشان ہیں۔ بجلی مہنگی ہونے سے آبپاشی مزید مہنگی ہو جاتی ہے، جس کا اثر فصلوں کی پیداواری لاگت پر پڑتا ہے۔ کسان اپنی محنت اور سرمایہ کاری کے بعد جب فصل منڈی میں لاتا ہے تو اسے مناسب معاوضہ ملنے کی ضمانت بھی نہیں ہوتی۔ دوسری طرف مہنگی پیداوار کا بوجھ صارف کو آٹا، سبزیاں، پھل، دودھ اور دیگر غذائی اشیائ کی بلند قیمتوں کی صورت میں برداشت کرنا پڑتا ہے۔
صنعتی شعبے کے لیے بھی یہ صورت حال کسی خطرے سے کم نہیں۔ پاکستان کی صنعتیں پہلے ہی عالمی منڈی میں مسابقت، مہنگے خام مال، ٹیکسوں اور مالیاتی مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔ بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے پیداواری لاگت بڑھتی ہے، برآمدی مصنوعات مہنگی ہوتی ہیں اور عالمی منڈی میں مقابلے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بعض صنعتیں اپنی پیداوار محدود کرنے یا کاروبار بند کرنے پر مجبور ہو جاتی ہیں۔ اس کا نتیجہ بے روزگاری، سرمایہ کاری میں کمی اور ملکی معیشت کی سست روی کی صورت میں نکلتا ہے۔
حکومت کی جانب سے بجلی اور گیس کی سبسڈی کا نیا طریقہ کار متعارف کرانے اور موجودہ سلیب ختم کرنے کی تیاری بھی اپنی جگہ اہم معاملہ ہے۔ سبسڈی کا نظام ایسا ہونا چاہیے جس میں حقیقی مستحق افراد کو ریلیف ملے، لیکن اس کے نام پر متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کی مشکلات میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے۔ محض سبسڈی کے طریقہ کار میں تبدیلی سے توانائی کا بحران حل نہیں ہوگا۔ اصل ضرورت بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے اور اس نظام کی خامیوں کو دور کرنے کی ہے۔
حکومت کو چاہیے کہ مہنگے بجلی پیدا کرنے والے معاہدوں پر نظرثانی کرے، اس کے ساتھ ساتھ ترسیلی نظام کی بہتری، لائن لاسز، بجلی چوری اور انتظامی بدعنوانی کے خاتمے کے لیے بھی ٹھوس اقدامات کرے۔ بجلی کی طلب اور پیداوار میں توازن پیدا کرنے کے ساتھ پن بجلی، شمسی توانائی، ہوا اور دیگر قابلِ تجدید ذرائع کو فروغ دیا جائے۔ گھروں، صنعتوں اور زرعی شعبے کو قابلِ برداشت نرخوں پر بجلی فراہم کرنا محض عوامی رعایت نہیں بلکہ معاشی ترقی کی بنیادی ضرورت ہے۔
یہ بھی ضروری ہے کہ بجلی کے بلوں میں ٹیکسوں، سرچارجز اور مختلف اضافی چارجز کی تفصیلات عام صارف کے لیے واضح ہوں۔ بجلی کے نرخ مقرر کرنے اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے طریقہ کار میں شفافیت ہونی چاہیے تاکہ صارفین کو معلوم ہو کہ وہ کس مد میں کتنی رقم ادا کر رہے ہیں۔
حکومت کو یہ حقیقت سمجھنا ہوگی کہ عوام کی قوتِ خرید لامحدود نہیں۔ تنخواہوں اور آمدن میں اضافہ کیے بغیر بجلی، گیس اور دوسری بنیادی ضروریات کی قیمتیں بڑھاتے چلے جانا معاشی انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ مہنگی بجلی صرف ایک یوٹیلیٹی بل کا مسئلہ نہیں بلکہ مہنگائی، بے روزگاری، غربت اور کاروباری زوال سے جڑا ہوا ایک بنیادی معاشی مسئلہ ہے۔
حکومتیں عوام کو ریلیف دینے کے دعوے تو بہت کرتی ہیں، لیکن اصل ریلیف اس وقت ملے گا جب بجلی کے بل عام آدمی کی پہنچ میں ہوں گے، کارخانوں کے پہیے تیزی سے گھومیں گے، کسان کو سستی آبپاشی میسر ہوگی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔ آخر کب تک عوام بجلی کے بلوں کے ساتھ مہنگائی کا اضافی بوجھ بھی اٹھاتے رہیں گے؟

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے