12 صوبے، ایک ریفرنڈم اور انصاف کا سوال!
مرزا رضوان
پاکستان میں انتظام، آبادی کے دباو¿ اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے نام پر نئے صوبوں کی تشکیل کا غوغا کوئی نیا نہیں۔ لیکن اگر 2027ئ میں ملک کو 12 صوبوں میں تقسیم کرنے کے لیے ایک مفروضاتی یا مجوزہ عوامی ریفرنڈم کا سنجیدگی سے احاطہ کیا جائے، تو عوامی ذہن میں کئی بنیادی سوالات اور شدید تحفظات ابھرتے ہیں۔ جن میں دو سب سے اہم سوالات یہ ہیں۔ کیا یہ ریفرنڈم بھی روایتی انتخابات کی طرح محض ایک بے اختیار مشق ثابت ہوگا؟اور رقبے و آبادی میں بڑے صوبے (سندھ) کے 2 جبکہ نسبتاً چھوٹے صوبے (خیبر پختونخوا) کے 3 صوبے بنانے کے پیچھے کیا منطق یا تضاد چھپا ہے؟ پاکستان کی سیاسی تاریخ گواہی دیتی ہے کہ جب بھی حکمران ایوانوں میں انتظامی بنیادوں پر اصلاحات یا نئے صوبوں کا غلغلہ بلند ہوتا ہے، تو عوام کے دلوں میں امید سے زیادہ اندیشے جنم لیتے ہیں۔ پاکستان کو 12 صوبوں میں تقسیم کرنے کے لیے 2027ئ میں عوامی ریفرنڈم کروانے کی مبینہ تجویز بظاہر ایک انقلابی قدم دکھائی دیتی ہے،جہاں پنجاب کو 4، پختونخوا کو 3، بلوچستان کو 3 اور سندھ کو 2 صوبوں میں بانٹنے کا نقشہ پیش کیا جا رہا ہے۔ مگر حقیقت کی چھلنی سے جب اس تجویز کو چھانا جائے تو سیاسی، سماجی اور آئینی تضادات کے وہ زائل نہ ہونے والے داغ سامنے آتے ہیں جن کا جواب دینا مقتدر حلقوں کے لیے آسان نہیں ہے۔ پہلا اور سب سے بنیادی سوال جو ہر پاکستانی شہری کے ذہن میں گونجتا ہے وہ اس شفافیت پر منحصر ہے جس پر ہمارے عمومی انتخابات کی عمارت کھڑی ہوتی رہی ہے۔ تاریخ میں ضیائ الحق کا 1984ئ کا ریفرنڈم ہو یا پرویز مشرف کا 2002ء کا ڈرامائی اندازِ اقتدار، پاکستان میں "ریفرنڈم” یا "انتخابات” لفظ اپنے ساتھ ایک گہرا شکوک و شبہات کا سایہ لاتے ہیں۔اگر 2027ءکا مجوزہ ریفرنڈم واقعی منعقد ہوتا ہے، تو عوام کو یہ ڈر کیوں نہ ہو کہ اس کا نتیجہ بھی ووٹوں کی گنتی سے نہیں بلکہ بند کمروں کی حکمتِ عملی سے طاقِ نسیان کی نذر ہوگا؟ ہمارے ہاں الیکشن کا عمل محض ایک رسم بن کر رہ گیا ہے جہاں رائے دہندہ کی پرچی سے زیادہ اہمیت اس "نتیجہ مرتب کرنے والے قلم” کی ہوتی ہے جو فیصلے سناتا ہے۔ اگر نئے صوبوں کی تشکیل کا اتنا بڑا آئینی و جغرافیائی فیصلہ واقعی عوام کے سپرد کرنا ہے، تو سب سے پہلے الیکشن کمیشن کی آزادی اور شفافیت کو یقینی بنانا ہوگا۔ ورنہ ایک ایسا ریفرنڈم جس پر عوام کا اعتماد ہی نہ ہو، ملک میں انتظامی بہتری لانے کے بجائے مزید سیاسی انتشار، احتجاج اور عدمِ استحکام کا باعث بنے گا۔ اگر عوامی منشا کو نظر انداز کر کے مرضی کے نتائج اخذ کیے گئے، تو یہ مشق ریاست اور عوام کے درمیان بچی کھچی اعتماد کی ڈور کو بھی توڑ دے گی۔اس مجوزہ فارمولے پر دوسرا بڑا اعتراض جغرافیائی و دیموگرافک (آبادیاتی) نا انصافی کا ہے۔ اگر ہم اعداد و شمار کا موازنہ کریں تو حقائق خود بولتے ہیں۔سندھ کی آبادی تقریباً 55.7 ملین، کل رقبہ 141,000 مربع کلومیٹر(تجویز 2 صوبے)۔خیبر پختونخوا کی آبادی تقریباً 40.9 ملین، کل رقبہ 101,700 مربع کلومیٹر (تجویز3 صوبے)سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جو صوبہ آبادی میں بھی 14.8 ملین بڑا ہے اور رقبے میں بھی 39,300 مربع کلومیٹر وسیع ہے، اسے محض 2 حصوں میں تقسیم کرنے کی تجویز ہے، جبکہ نسبتاً کم آبادی اور کم رقبے والے خیبر پختونخوا کے 3 ٹکڑے کرنے کا منصوبہ ہے؟ یہ تضاد کس کی نمائندگی کرتا ہے؟اگر اس تقسیم کا معیار ہے، تو سندھ کو خیبر پختونخوا سے زیادہ یا کم از کم برابر صوبائی انتظامی یونٹس ملنے چاہئیں۔ اور اگر معیار آبادی ہے، تب بھی سندھ حقدار ہے کہ اس کے 3 یا 4 انتظامی حصے بنائے جائیں (مثلاً کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ/سکھر زونز)۔ لیکن پختونخوا کو 3 اور سندھ کو 2 صوبوں میں محدو کرنا واضح کرتا ہے کہ یہ تجاویز انتظامی سہولت کی بنیاد پر نہیں بلکہ سیاسی مصلحتوں اور انجینئرنگ کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہیں۔سندھ کا سیاسی ماحول ہمیشہ سے صوبائی وحدت (سندھو دیش یا تاریخی سندھ کے نعروں کی حساسیت) کے معاملے پر انتہائی نازک رہا ہے۔ وفاق اکثر سندھ کو تقسیم کرتے وقت وہاں کی قوم پرست اور سیاسی تحریکوں کے ردِعمل سے خوفزدہ رہتا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہاں انتظامی حصے بناتے وقت ہاتھ ہولا رکھا جاتا ہے یا معاملات کو التوا میں ڈالا جاتا ہے۔ اس کے برعکس خیبر پختونخوا میں ہزارہ ڈویڑن، سابقہ فاٹا اور جنوبی اضلاع کے نسلی و ثقافتی فرق کو بنیاد بنا کر 3 صوبے تجویز کر دیے گئے ہیں۔یہ دوہرا معیار ظاہر کرتا ہے کہ حکمرانوں کے پاس پورے ملک کے لیے کوئی ایک شفاف، متوازن اور اصول پسندانہ فارمولا (Principle-based Formula) موجود نہیں ہے۔پنجاب کی 4 صوبوں میں تقسیم (جنوبی پنجاب، پوٹھوہار، مرکزی پنجاب، وغیرہ) اور بلوچستان کی 3 صوبوں میں تقسیم (رقبے کی وسعت کو دیکھتے ہوئے) ایک حد تک معقول نظر آتی ہے، لیکن جب تک بنیادی ناانصافیوں اور سیاسی مفادات کو بیچ میں سے نہ نکالا جائے، 12 صوبوں کا یہ خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔نئے صوبے بنانا کوئی گناہ یا گالی نہیں ہے—دنیا بھر میں آبادی بڑھنے کے ساتھ نئے انتظامی زونز اور صوبے بنائے جاتے ہیں تاکہ صوبائی دارالحکومت سے دور دراز کے علاقوں کو ان کے فنڈز اور بنیادی سہولیات دہلیز پر مل سکیں۔ لیکن اگر اس مشق کا مقصد صرف اقتدار کی کرسیوں میں اضافہ کرنا، بیوروکریسی کی فوج ظفر موج تیار کرنا اور عوام کو بیوقوف بنا کر ریفرنڈم کے نام پر دھاندلی کا نیا ڈرامہ رچانا ہے، تو یہ ملک کو بہتری کی طرف لے جانے کے بجائے مزید اندرونی خلفشار میں دھکیل دے گا۔اگر 2027ءمیں واقعی 12 صوبوں کے لیے کوئی ریفرنڈم ہونا ہے، تو اس کے لیے درج ذیل شرائط پر عمل درآمد لازمی ہونا چاہیے۔ ووٹنگ کا نظام اور نتائج کی شفافیت ایسی ہو جس پر تمام سیاسی جماعتیں اور عوام بلا جھجک اعتماد کر سکیں۔ تمام صوبوں کی تقسیم کے لیے رقبہ، آبادی، اور اقتصادی خودکفالت کا ایک متوازن اور یکساں آئینی معیار قائم کیا جائے، تاکہ سندھ اور پختونخوا جیسے تضادات سے بچا جا سکے۔اگر ایسا نہ کیا گیا تو یہ ریفرنڈم نہ تو الیکشن کے داغ دھوبائے گا اور نہ ہی انتظامی بحران کو حل کر پائے گا،یہ صرف ایک نیا سیاسی طوفان کھڑا کرے گا۔پاکستان ہمیشہ زندہ باد






