#کالم

بحالی صوبہ بہاولپور سے "معرکہ خوشحالی "تک

javeed ayaz

جاویدایازخان

بہاولپور کی سرزمین محض ایک جغرافیائی خطہ ہی نہیں، یہ اپنی تاریخ، تہذیب، روایات اور جداگانہ شناخت بھی رکھتا ہے۔ ریاست بہاولپور کا ماضی اس خطے کے لوگوں کے اجتماعی شعور کا حصہ ہے۔ یہاں صوبے کی بحالی کا مطالبہ محض انتظامی تقسیم کا سوال نہیں، بلکہ تاریخی شناخت، سیاسی اختیار اور اپنے وسائل پر حقِ فیصلہ سازی کی خواہش سے بھی جڑا ہوا ہے۔ ایک عرصے سے تحریکِ بحالی صوبہ بہاولپور مختلف ادوار میں مختلف طریقوں سے اپنی آواز بلند کرتی رہی ہے۔ یہ مطالبہ کبھی جلسوں، کبھی قراردادوں اور کبھی سیاسی وعدوں کی صورت میں سامنے آتا رہا ہے۔ پنجاب اسمبلی میں بہاولپور صوبے کی بحالی سے متعلق قرارداد کی منظوری بھی اس جدوجہد کا ایک اہم حوالہ ہے۔ تاہم اس تاریخی قرارداد سے عملی پیش رفت تک کا سفر ابھی باقی ہے۔ اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ پاکستان میں صوبہ بحالی کا سب سے پرانہ اور منفرد مطالبہ بہاولپور صوبہ کا ہی ہے جس کا آغاز ون یونٹ کے اختتام پر ہی بہاولپور متحدہ محاذ کے تحت شروع ہوا تھا جس کی قیادت اس وقت شہزادہ مامون الرشید عباسی اور شہزادہ سعیدالرشید عباسی کے ہاتھوں میں تھی جسے مکمل عوامی حمایت بھی حاصل تھی اور اس کے بعد یہ تحریک مختلف ادوار میں مختلف لیڈر شپ کی قیادت میں آگے بڑھتی رہی ہے۔کیونکہ یہ عوامی خواہشات کی عکاس ہے اس لیے ہر الیکشن میں بہاولپور صوبہ بحالی کی آوازیں گونجتی اور پھر مدہم پڑتی رہی ہیں۔سیاسی جماعتوں اور سیاستدانوں نے اس مطالبے کو اپنا سیاسی منشور بنا کر عوامی ہمدردیاں بھی حاصل کیں اور اقتدار کے ایوانوں تک بھی پہنچے مگر شاید یہ سیاسی وعدہ پورا کرنا ان کے بس میں نہ تھا۔مگر نچلی سطح پر یہ جدوجہد ایک عام اور محرومیوں کے شکار بہاولپوری نے ہمیشہ جاری رکھی مگرکسی بھاری بھر کم لیڈر اور توانا آواز کے بغیران کی آواز نقار خانے میں طوطی کی صدا ثابت ہوئی ہے۔یہاں سے کامیاب ہونے والے ہر سیاسی جماعت کے نمائندے اپنے دور اقتدار میں اس مطالبےکی تکمیل کو وہ اہمیت نہ دے سکے جو اس مطالبے کا حق تھا گو آواز سب نے اٹھائی مگر صرف ایک مخصوص وقت کے لیے اور پھر تحریک کے کارکنان کو تنہا چھوڑ کر آگے بڑھنا ہی مناسب سمجھا۔یہ کریڈٹ یقینا” نواب صلاح الدین عباسی کو ضرور جاتا ہے کہ انہوں نے ناصرف اس صوبے کی تحریک کو کسی نہ کسی شکل میں ہمیشہ زندہ رکھا بلکہ اپنے موقف کو کبھی تبدیل نہیں کیا اور آج بھی ان کے ولی عہد ان کے نقش قدم پر چلتے ہوے? اس مشن پر عمل پیرا ہیں۔بہاولپور میں اس دوران مختلف لوگوں کی آوازیں بھی بحالی صوبہ کے لیے اٹھیں مگر اپنے محدود اور کمزور وسائل کی باعث وہ پذیرائی حاصل نہ کرسکیں جو ایک بڑے لیڈر کی قیادت کی باعث حاصل ہوتی ہے۔بڑے عرصے بعد نوجوان ولی عہد پرنس بہاو ل خان عباسی نے نوجوانوں کے ہمراہ ایک بڑی تحریک کا آغاز کیا اور ان تمام مقامی کارکنوں اور لیڈروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کرنے کے لیے بھر پور کوشش شروع کی جسے بے حد پذیرائی ملی اور وہ تمام چھوٹی چھوٹی جماعتیں اور تحریکیں ان کی قیادت میں بہاولپور کے سیاسی میدان میں نئے سرے سے سرگرم ہو گیں۔آج ان کی عوامی رابطہ مہم پورے بہاولپور میں دکھائی دیتی ہے۔ان کا موقف ہے کہ وہ کوئی نیا صوبہ نہیں بلکہ اپنا سابقہ صوبہ بحال کرانا چاہتے ہیں۔نئے صوبے بھی ضرور ہونےاور بننے چاہییں لیکن اپنے تاریخی سابقہ صوبے کی بحالی زیادہ اہم ہے۔بہاولپور میں اس وقت شاید سب سے توانا آواز نواب صلاح الدین عباسی امیر آف بہاولپور کی ہی ہےجسے لیکر پرنس بہاو ل خان عباسی سیاسی طور پر سرگرم ہیں اور جنہیں اس سلسلے میں یہاں کے عوام کی بھرپور حمایت بھی حاصل ہے۔ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ بہاولپور صوبہ کی بحالی ہی دراصل علاقے کی خوشحالی کی ضامن ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب ایک مرتبہ پھربحالی صوبہ بہاولپور کی جدوجہد میں سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی کی آمد اور ان کے نئے اعلان نےاس موضوع کو مرکزِ نگاہ بنا دیا ہے۔ 9 نومبر 2026ء کو انہوں نے بہاولپور سے نئے اور چھوٹے صوبوں کے قیام اور بااختیار بلدیاتی نظام کے لیےایک پریس کانفرنس میں ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس جدوجہد کو "معرکہ خوشحالی "کا نام دیا ہے۔ ان کا مو¿قف ہے کہ چھوٹے صوبوں اور مضبوط مقامی حکومتوں کے ذریعے اختیارات عوام کے قریب لائے جا سکتے ہیں، وسائل کی منصفانہ تقسیم ممکن ہو سکتی ہے اور تعلیم، صحت اور روزگار کی سہولتوں تک عام آدمی کی رسائی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔ محمد علی درانی سابق وزیر اطلاعات اور سیاسی رہنما ہیں اور ان چند لیڈروں اور سیاستدانوں میں شامل ہیں جنہوں نے تقریبا” چند دھائی قبل اس تحریک کی فرنٹ لائن پر ناصرف قیادت کی بلکہ اس حوالے سے یہاں کے سیاسی الیکشن میں بھی حصہ لیا۔ان کی بےپناہ تقریری صلاحیتوں کی باعث لوگوں نے ان سے بحالی صوبہ کی امیدیں وابستہ کر لیں مگر پھر اچانک صوبہ کی تحریک سے زیادہ ان کی آواز ملکی سیاست کا حوالہ بن گئی ۔گو ٹی وی پروگراموں میں ان کی صوبہ کی خواہش تونظر آتی رہی مگر عملی کوشش دکھائی نہ دی۔ پھر بھی پاکستان بھر میں بحالی صوبہ کی تحریک کے حوالے سے ان کی شخصیت ہمیشہ ایک معتبر آواز کے طور پر جانی جاتی رہی ہے۔اب دوبارہ اس میدان میں اترتے ہوے آج انہیں یہ خیال رکھنا ہوگا کہ وہ ان قربانیاں دینے والے کارکنوں کو ساتھ لے کر چلیں جنہوں نے ان کے اس وقفہ کے دوران بھی اس مشن کو زندہ رکھنے کی بھرپور کوشش کی اور آج بھی سرگرم عمل نظر آتے ہیں۔بہرحال ایک طویل وقفے کے بعد سابق وزیر محمد علی درانی صاحب کی چھوٹے صوبوں اور خاص طور پر بہاولپور صوبہ کی بحالی کا عزم اور ان کی خدمات کی شروعات خوش آئند ضرور ہیں۔اور ان جیسی تجربہ کار سیاسی شخصیت سے امید کی جاسکتی ہے کہ وہ بہاولپور کی تما م تر سیاسی قیادت کو اس مشترکہ پلیٹ فارم پر یکجا کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ آخر میں سوال صرف یہ نہیں کہ صوبہ بہاولپور کب بحال ہوگا، بلکہ یہ بھی ہے کہ بحال ہونے والا صوبہ اپنے عوام کو کیا دے گا؟کیا بہاولپور کی صوبائی حیثیت کی بحالی یہاں کی خوشحالی کی بحالی اور محرومیوں کے خاتمے کا باعث بن پاے گی ؟ کیا اختیار کی کنجیاں عام آدمی تک پہنچ سکیں گیں ؟کیاعوام کی مشکلات اور محرومیوں میں کمی واقع ہو سکے گی ؟ کیا اختیار اور عوام کے درمیان فاصلے سمٹ سکیں گے ؟ ہمیں صرف اپنے سابقہ صوبے کا نقشہ اور شناخت ہی نہیں، ایک خوشحال اور جدید بہاولپور کا خواب بھی درکار ہے۔ ایسا بہاولپور جہاں نوجوانوں کو روزگار کے لیے دوسرے شہروں اور ملکوں کی طرف ہجرت نہ کرنا پڑے، کسان اپنی محنت کا صلہ پائے، تعلیم اور علاج عام آدمی کی دسترس میں ہوں اور ترقی کے ثمرات چند شہروں یا طبقوں تک محدود نہ رہیں۔ کیونکہ منزل صرف صوبے کی بحالی ہی نہیں، عوام کی خوشحالی بھی ہے۔ اگر صوبے کی بحالی اس منزل تک پہنچنے کا ذریعہ بن سکتی ہے تو پھر اس جدوجہد کا اصل نام واقعی "معرکہ خوشحالی "ہونا چاہیے۔لیکن یہ معرکہ صرف چند لیڈروں کی قیادت سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے سب کو مل جل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔بہاولپور کے تمام سیاسی سماجی اورمذہبی حلقوں کو متحد ہو کر ا?واز اٹھانا ہوگی۔بہاولپور صوبہ کی بحالی ہی دراصل "معرکہ خوشحالی "ہے۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے