#کالم

دنیا تے جو کم نہ آیا، اوکھے سوکھے ویلے

syed imran saleem

سید محمد عمران سلیم

انسان کی زندگی میں اچھے اور برے دن آتے رہتے ہیں کبھی خوشیوں کے میلے سجے ہوتے ہیں تو کبھی پریشانیوں کے بادل چھا جاتے ہیں۔ کبھی انسان کے پاس دولت، عزت، شہرت اور دوستوں کی ایک لمبی فہرست ہوتی ہے مگر جب وقت کروٹ بدلتا ہے تو یہی بھیڑ اچانک تنہائی میں بدل جاتی ہے تب انسان کو احساس ہوتا ہے کہ دنیا میں اصل اہمیت کس چیز کی ہے۔کہتے ہیں کہ انسان کی پہچان اس کے اچھے دنوں میں نہیں بلکہ برے وقت میں ہوتی ہے۔ خوشحالی میں تو ہر کوئی ساتھ چلنے کو تیار ہوتا ہے ہر کوئی اپنا بننے کی کوشش کرتا ہے، لیکن جب حالات مشکل ہوں، جیب خالی ہو، چہرے پر پریشانی ہو اور قدم لڑکھڑانے لگیں تو بہت سے اپنے بھی راستہ بدل لیتے ہیں۔دنیا میں بعض رشتے صرف مطلب کے ہوتے ہیں۔ جب تک آپ کے پاس اختیار، دولت اور طاقت ہے لوگ آپ کے گرد جمع رہتے ہیں آپ کی ہر بات پر واہ واہ ہوتی ہے، آپ کی غلطیاں بھی خوبیوں میں شمار ہوتی ہیں، لیکن جونہی حالات بدلتے ہیں، وہی لوگ آپ کو پہچاننے سے انکار کر دیتے ہیںحقیقت تو یہ ہے کہ جو انسان مشکل وقت میں کام نہ آئے اس کی موجودگی کا اچھے وقت میں بھی کوئی خاص فائدہ نہیں۔زندگی کا سب سے بڑا سبق یہی ہے کہ لوگوں کو ان کے الفاظ سے نہیں بلکہ ان کے کردار سے پہچانیں جو شخص آپ کے دکھ میں شریک ہوتا ہے، آپ کی پریشانی کو اپنی پریشانی سمجھتا ہے اور مشکل وقت میں آپ کا ہاتھ تھامتا ہے، وہی حقیقی اپنا ہوتا ہے۔یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ ہر انسان کی زندگی میں آزمائش آتی ہے آج اگر کوئی مشکل میں ہے تو کل ہم بھی کسی مشکل سے دوچار ہو سکتے ہیں۔ اس لیے کسی کی مجبوری کا مذاق اڑانے کے بجائے اس کا سہارا بننا چاہیے کیونکہ وقت کبھی ایک جیسا نہیں رہتا آج کسی کا برا وقت ہے تو کل ہمارا بھی ہو سکتا ہے۔ہمیں اپنے رویوں پر بھی غور کرنا چاہیے کہیں ایسا تو نہیں کہ ہم بھی کسی کے اچھے دنوں کے ساتھی ہیں اور برے دنوں میں خاموشی اختیار کر لیتے ہیں؟ کہیں کسی کی ضرورت کے وقت ہم نے بھی نظریں تو نہیں چرائی تھیں؟یاد رکھیے دولت ختم ہو سکتی ہے، عہدہ چھن سکتا ہے، شہرت ماند پڑ سکتی ہے، لیکن مشکل وقت میں کیا گیا ایک چھوٹا سا احسان انسان کبھی نہیں بھولتا۔دنیا میں بڑے لوگ وہ نہیں ہوتے جن کے پاس سب کچھ ہو، بلکہ بڑے لوگ وہ ہوتے ہیں جو کسی کے برے وقت میں اس کے کام آئیں۔ اچھے وقت میں تالیاں بجانے والوں کی نہیں، برے وقت میں ہاتھ تھامنے والوں کی قدر کریں کیونکہ دنیا میں بہت سے لوگ خوشیوں کے ساتھی بنتے ہیں، مگر دکھ بانٹنے والے بہت کم ہوتے ہیں۔یاد رکھیں، جو دنیا کے کام نہ آیا وہ اپنوں کے کس کام آئے گا؟ اس لئے تو ایک پنجابی شاعر نے کہا تھا۔ دنیا تے جو کم نا آیا اوکھے سوکھے ویلے۔ اس بے فیضی سنگت کولوں بہتر یار اکیلے۔

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے