پانی کی اہمیت
آپا منزہ جاوید
آج دنیا جس بڑے ماحولیاتی بحران کا شکار ہے، ان میں سب سے اہم اور خطرناک مسئلہ پانی کی کمی ہے۔ درجہ حرارت میں اضافہ، بارشوں کے نظام کی بے ترتیبی، زیرِ زمین پانی کی تیزی سے کمی اور پانی کا بے دریغ استعمال ہمیں ایک ایسے دوراہے پر لا کھڑا کر چکا ہے جہاں معمولی سی غفلت بھی آنے والی نسلوں کے لیے بڑے خطرے کا سبب بن سکتی ہے۔ پانی جو کبھی وافر مقدار میں دستیاب تھا، اب ایک قیمتی اور نایاب نعمت بنتا جا رہا ہے۔ہم اپنے روزمرہ معمولات میں پانی کو بے سوچے سمجھے استعمال کرتے ہیں۔ نلکوں کو کھلا چھوڑ دینا، گاڑیاں دھونے میں بہتے پانی کا استعمال، گھروں اور اداروں میں غیر ضروری ضیاع، یہ سب وہ عوامل ہیں جو پانی کی قلت کو مزید بڑھا رہے ہیں۔ افسوس ناک حقیقت یہ ہے کہ ہم اس نعمت کی قدر اس وقت کرتے ہیں جب یہ ہمارے ہاتھ سے نکلنے لگتی ہے۔پانی کے تحفظ کا سب سے اہم ذریعہ بارش کے پانی کو محفوظ بنانا ہے۔ بارش کا پانی قدرت کی طرف سے ایک مفت اور قدرتی خزانہ ہے، جو اگر صحیح طریقے سے جمع کیا جائے تو پانی کے بحران پر بڑی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے۔ خالی زمین جہاں قدرتی ڈھلوان یا پانی کا بہاو¿ موجود ہو، وہاں چھوٹے اور بڑے تالاب تعمیر کیے جانے چاہییں۔ یہ تالاب بارش کے پانی کو جمع کر کے نہ صرف ضیاع سے بچاتے ہیں بلکہ اسے بعد میں مختلف ضروریات کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔شہری علاقوں میں پارکوں اور کھلے میدانوں میں بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے لیے واٹر ریچارج سسٹم اور مخصوص گڑھے بنائے جا سکتے ہیں۔ یہ نظام بارش کے پانی کو زمین میں جذب ہونے میں مدد دیتا ہے، جس سے زیرِ زمین پانی کی سطح بلند ہوتی ہے۔ اگر یہ اقدامات وسیع پیمانے پر اپنائے جائیں تو شہروں میں بڑھتی ہوئی پانی کی قلت کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔گھروں میں بھی بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے آسان اور مو¿ثر طریقے موجود ہیں۔ جن گھروں میں چھتوں سے پانی نیچے آنے کے لیے پرنالے یا نکاسی کے راستے موجود ہیں، وہاں چھوٹے ذخیرہ ٹینک یا کنویں نما گڑھے بنائے جا سکتے ہیں۔ اس پانی کو صاف کر کے گھریلو باغیچوں، لان اور پودوں کو سیراب کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح پینے کے صاف پانی پر دباو¿ کم ہوگا اور پانی کے ضیاع میں نمایاں کمی آئے گی۔دیہی علاقوں میں بارش کے پانی کی اہمیت اور بھی زیادہ ہے۔ وہاں بڑے تالاب بنا کر بارش کا پانی محفوظ کیا جا سکتا ہے، جو بعد میں فصلوں کی آبپاشی اور مویشیوں کی ضروریات کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ ماضی میں دیہات میں یہ تالاب عام تھے اور دیہی زندگی کا اہم حصہ سمجھے جاتے تھے، مگر وقت کے ساتھ ان کا نظام کمزور پڑ گیا۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ان تالابوں کو دوبارہ بحال کیا جائے اور انہیں جدید طریقوں سے محفوظ بنایا جائے۔زیرِ زمین پانی کو بلند کرنے کے لیے بارش کے پانی کو زمین میں جذب کرنا نہایت ضروری ہے۔ اگر ہم کنکریٹ کی جگہ قدرتی زمین کو پانی جذب کرنے کے قابل رکھیں، اور پارکوں، سڑکوں کے کناروں اور کھلے میدانوں میں ریچارج پوائنٹس بنائیں تو یہ زیرِ زمین پانی کے ذخائر کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔درختوں کی اہمیت کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ درخت نہ صرف ماحول کو متوازن رکھتے ہیں بلکہ بارش کے نظام کو بھی بہتر بناتے ہیں اور زمین میں نمی برقرار رکھتے ہیں۔ پانی کے بحران کو کم کرنے کے لیے شجرکاری ایک بنیادی اور مو¿ثر قدم ہے۔یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ اگر ہم نے آج پانی کے تحفظ پر توجہ نہ دی تو آنے والا کل شدید پیاس، قلت اور مشکلات کا دن ہوگا۔ پانی کی ہر بوند قیمتی ہے، اور اس کی حفاظت دراصل زندگی کی حفاظت ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم صرف باتوں سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کریں، کیونکہ پانی بچانا دراصل اپنی بقا کو بچانا ہے






