مون سون کا آغاز’ کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کے اثرات
آج کااداریہ
طوفانی بارشوں نے ملک بھر میں تباہی مچا دی، بارشوں اور سیلابی صورتحال سے کم از کم 14 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔سوات میں سیف اللہ جھیل میں کشتی ڈوب گئی جس سے 6 سیاح دم توڑ گئے،لاشیں نکال لی گئیں، ایک لاپتہ خاتون کی تلاش جاری ہے، جاں بحق تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔اٹک میں دیوار اور چھت گرنے کے واقعات میں 2 بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔لنڈی کوتل میں آسمانی بجلی گرنےسے2 بچے جاں بحق اور4زخمی ہو گئے، دیربالا میں آسمانی بجلی گرنے سے مدرسے کی 20 طالبات زخمی ہوگئیں۔ژوب میں بارش کے دوران چھتیں گرنے سے خاتون اور ایک بچہ جاں بحق ہو گئے، گنجیال قائد آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے شہری دم توڑ گیا۔ایبٹ آباد میں برساتی نالے میں گاڑی بہنے سے 3 افراد زخمی ہو گئے، مردان میں طوفانی بارش سےسائن بورڈاوردیوارگرنے سے2بچوں سمیت 3افراد زخمی ہوگئے۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی، ٹھنڈی ہواؤں کا راج رہا، کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔اٹک، پنڈی بھٹیاں، منڈی بہاؤالدین ،سرگودھا، بھیرہ، حافظ آباد، قصور،مریدکے میں بھی بادل خوب برسے، گجرات میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ہری پور میں تیز بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہو گیا، ایبٹ آباد میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش کے بعد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، بارشی پانی دکانوں میں داخل ہو گیا۔خضدار، ژوب ، کوہلو میں بھی برکھا رت برسی، صوابی میں بارش اور ژالہ باری ہوئی، کراچی میں بھی بادل چھا گئے، نیو کراچی، گلشن معمار، گڈاپ میں بوندا باندی ہوئی۔این ڈی ایم اے کا ممکنہ خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا گیا، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے باعث سیلاب کا خدشہ ہے، پہاڑی ندی نالوں اور برساتی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافہ متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا نیا سلسلہ پاکستان میں داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے متعدد اضلاع میں بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں موسم نے کروٹ لینا شروع کر دی ہے۔ لاہور میں صبح کے اوقات میں بادلوں اور دھوپ کا سلسلہ جاری رہا جبکہ بعض مقامات پر ہلکی بوندا باندی اور تیز ہوائیں بھی چلیں۔موسمی ماہرین نے لاہور، راولپنڈی، چکوال، سیالکوٹ، نارووال، گجرات اور گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔
مون سون بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ماہرین کے مطابق ملک میں مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل شروع ہوگیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش اور ٹھنڈی ہواؤں نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ وفاقی دارالحکومت میں تیز ہواؤں کے باعث جناح سپر مارکیٹ میں ایک درخت پارکنگ میں کھڑی دو گاڑیوں پر گر گیا۔ دونوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ چھ جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ آج ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی اور دالبندین میں سینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دادو میں پارا چھیالیس اور سبی میں پینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا۔ جبکہ سب سے زیادہ فیل لائک درجہ حرارت پشاور میں صاٹھ ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ این ڈی ایم اے نے آئندہ ہفتے کے ممکنہ خطرات سے متعلق الرٹ جاری کر دیا۔ گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں گلیشیائی جھیلیں پھٹنے، اچانک سیلاب ، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے خدشات ہیں۔ ترجمان کے مطابق دریاؤں کے کناروں کے کٹاؤ کے ساتھ شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں۔ این ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی مشینری کی تیاری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ نشیبی علاقوں اور دریاؤں کے کنارے آباد شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔لاہور میں گزشتہ روزکم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق دوپہر کے اوقات میں مری، گلیات، جہلم، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، پاکپتن، وہاڑی، ڈیرہ غازی خان اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا تاہم مری، گلیات، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، پاکپتن، وہاڑی، بہاولپور، بہاولنگر اور گردونواح میں شام/رات کے اوقات میں آندھی/گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔گزشتہ روز شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 32اور زیادہ سے زیادہ41سینٹی گریڈرہا جبکہ ہوا میں نمی کی شرح 45فیصدریکارڈ کی گئی ۔
اسی طرح لا ہور میں آلودگی کی مجموعی شرح 127فیصد رہی جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 96،اے آر سی 67،برکی روڈ158،عسکری ٹین67،ماڈل ٹان 77،بیدیاں روڈ112اور علامہ اقبال ٹاون میں 129 ریکارڈ کیا گیا۔






