#کالم

میرے والد مرحوم: ایک شاندار زندگی، انمول نصیحتیں اور یادوں کا سرمایہ

hafiz mohsin

حافظ محسن عنایت ایڈووکیٹ

مورخہ 23 نومبر 2011ئ ، بروز بدھ، صبح 7 بج کر 25 منٹ پر میرے والدِ محترم اس دنیائے فانی سے رخصت ہو کر ہمیشہ کے لیے ابدی زندگی کی طرف منتقل ہو گئے۔میرے والد مرحوم نے ایک نہایت شاندار، باوقار اور بامقصد زندگی گزاری۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی عبادت ، نیکی اور دوسروں کے لیے کچھ نہ کچھ بہتر کرنے کی کوشش میں صرف کی۔ ان کی شخصیت میں سادگی ، خلوص ، نیک نیتی اور خوفِ خدا نمایاں تھے۔
اکثر ان کی زبان پر ایک خوبصورت فقرہ ہوتا تھا:
"رب مہربان تے کل مہربان۔”
ایک مرتبہ میں نے ان سے اس فقرے کا مطلب پوچھا تو فرمانے لگے:
"پتر! جب رب مہربان ہو جائے تو اللہ تعالیٰ کی ساری مخلوق بھی آپ پر مہربان ہو جاتی ہے۔”
وہ اکثر ایک اور بات کہا کرتے تھے:
"بندے کو خوفِ خدا ہونا چاہیے یا شوقِ خدا ہونا چاہیے۔”
جب میں نے اس کا مطلب پوچھا تو فرمانے لگے:
"انسان جب بھی کوئی کام کرے تو اس کے دل میں یا تو اللہ تعالیٰ کا خوف ہونا چاہیے یا اس کی رضا حاصل کرنے کا شوق۔”
یہ ان کی زندگی کا ایک ایسا اصول تھا جس پر وہ خود بھی عمل کرتے تھے اور ہمیں بھی اس کی تلقین کرتے تھے۔وہ ہمیشہ نصیحت فرماتے کہ صبح جلدی اٹھو ، نماز ادا کرو اور ورزش کو اپنی زندگی کا حصہ بناو¿۔ انہوں نے خود بھی اسی معمول کو اپنایا اور ایک صحت مند ، متحرک اور بھرپور زندگی گزاری۔
ان کا ایک جملہ جو کہ میری تعلیم کے حوالے سے تھا ، آج بھی میرے کانوں میں گونجتا ہے۔
"پتر! پڑھ لے ، کدی یاد کریں گا۔”
28 اپریل 2024ء کو مجھے وزٹ ویزا پر جنوبی افریقہ جانے کا موقع ملا۔ وہاں امیگریشن حکام نے تقریباً چار گھنٹے تک مجھ سے مختلف سوالات کیے اور تفصیلی پوچھ گچھ کی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور والدین کی دعاو¿ں سے میں ہر سوال کا درست جواب دینے میں کامیاب رہا ، جیسے ہی میں امیگریشن آفس سے باہر نکلا ، اچانک ابو جان کا وہی جملہ میرے ذہن میں گونجنے لگا:
"پتر! پڑھ لے، کدی یاد کریں گا۔”
اس لمحے مجھے شدت سے احساس ہوا کہ والدین کی نصیحتیں وقت گزرنے کے ساتھ کس طرح انسان کے کام آتی ہیں۔ میں نے دل ہی دل میں اپنے ابو جان کا شکریہ ادا کیا اور اللہ تعالیٰ سے ان کی مغفرت اور بلندیِ درجات کے لیے بے شمار دعائیں مانگیں۔
دوستو! زندگی کی بھاگ دوڑ میں جب بھی میں سخت محنت کرتا ہوں اور کچھ حاصل کرنے کی کوشش میں مصروف ہوتا ہوں تو ابو جان کی ایک اور نصیحت مجھے رک کر سوچنے پر مجبور کر دیتی ہے۔
اپنی وفات سے چند روز قبل انہوں نے مجھے اپنے پاس بٹھایا اور فرمایا:
"پتر! میرے والا کم نہ کریں، کمائی جاویں تے کھائی جاویں۔”
میں نے عرض کیا کہ ابو جان! اس کا کیا مطلب ہے؟
تو فرمانے لگے:
"پتر! جو کماتے جاو¿، وہی کھاتے جاو¿، جوڑنے کی کوئی ضرورت نہیں۔”
ان کے اس جملے میں دنیا کی بے ثباتی ، قناعت ، سادگی اور زندگی کے اصل فلسفے کا ایک گہرا پیغام پوشیدہ تھا۔ وہ ہمیں یہ سمجھانا چاہتے تھے کہ انسان کو مال و دولت جمع کرنے کی دوڑ میں اپنی زندگی کا سکون اور اصل مقصد نہیں بھولنا چاہیے۔
میرے والد مرحوم کے سامنے جب بھی نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث مبارکہ یا خوفِ خدا سے متعلق کوئی واقعہ بیان کیا جاتا تو ان کی آنکھوں سے بے اختیار آنسو جاری ہو جاتے تھے۔ ان کا دل اللہ تعالیٰ کی محبت اور اس کے خوف سے لبریز تھا۔
دوستو! میرے والد مرحوم جتنے باکمال انسان تھے، اس سے کہیں زیادہ وہ نیک نیت ، مخلص اور اللہ تعالیٰ سے محبت کرنے والے انسان تھے۔ ان کی زندگی ہمارے لیے ایک سبق ، ان کی نصیحتیں ہمارے لیے قیمتی سرمایہ اور ان کی یادیں ہمارے لیے ہمیشہ باعثِ رہنمائی رہیں گی۔آج وہ ہمارے درمیان موجود نہیں، لیکن ان کے الفاظ، ان کی دعائیں ، ان کی تربیت اور ان کی نصیحتیں آج بھی ہمارے ساتھ ہیں۔اللہ پاک میرے والدِ محترم کی قبر پر کروٹ کروٹ رحمتیں نازل فرمائے ، ان کی قبر کو نور سے بھر دے ، ان کی کامل مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے والدین کے لیے صدقہ جاریہ بننے ، ان کی نیک تعلیمات پر عمل کرنے اور ان کے لیے ہمیشہ دعائے مغفرت کرتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے