راز زیست، ایک عمدہ کتاب
تسنیم جعفری
میں نے یہ محسوس کیا ہے کہ جو لکھاری درس و تدریس کے پیشے سے منسلک ہوتے ہیں وہ زیادہ اچھے لکھاری ہوتے ہیں۔۔۔شاید اس لیے کہ ان کا کتاب سے رشتہ دیگر لکھاریوں کی نسبت زیادہ مضبوط ہوتا ہے۔ ایسی ہی ایک عمدہ مصنفہ شازیہ یاسین بھی ہیں جو گزشتہ بیس سال سے تدریسی خدمات انجام دے رہی ہیں اور اپنے ادارے سے بہترین استاد ہونے کا اعزاز بھی حاصل کرچکی ہیں۔ شازیہ یاسین کی زیر تبصرہ کتاب راز زیست کے کالم اور مضامین پڑھ کر بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ ان کا کتاب سے رشتہ بہت مضبوط ہے اور آپ کا مطالعہ بہت وسیع ہے جسکی جھلک آپ کی تحروں میں نظر آتی ہے۔ جن کا مطالعہ وسیع ہوتا ہے ان کی تحریر میں عمدگی اور گہرائی خود بخود آجاتی ہے۔ شازیہ یاسین صاحبہ جو گزشتہ دس برس سے اخبارات و رسائل کے لیے کالم اور مضامین لکھنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور تدریس کی طرح ادب میں بھی بہت سے ایوارڈز لے چکی ہیں، یہ ان کی شائع ہونے والی پہلی ہی کتاب ہے جبکہ دوسری کتاب زیر طبع ہے۔راز زیست میں پچاس سے زائد مضامین اور کالم شامل ہیں جو پہلے مختلف اخبارات و جرائد میں شائع ہوچکے ہیں۔ زندگی کے بارے میں یہ بہت کمال کے مضامین ہیں جو اپنے قاری کو زندگی کو سمجھنے میں مدد گار ثابت ہوسکتے ہیں۔ کچھ مضامین محبت کے بارے میں جن میں وطن کی محبت بھی شامل ہے۔کتاب کے نمائدہ مضمون راز زیست میں مصنفہ لکھتی ہیں،” زندگی ایک ایسی کتاب ہے جس کے اوراق ہر روز ہمارے سامنے کھلتے ہیں مگر اس کے حروف کا مفہوم بہت کم لوگ سمجھ پاتے ہیں۔ زندگی کا پہلا راز یہ ہے کہ جو کچھ ہمارے پاس ہے وہ ہمیشہ ہمارے پاس نہیں رہتا۔ ہم اکثر زندگی کو اپنی مرضی سے چلانا چاہتے ہیں مگر زندگی اپنی راہ خود بناتی ہے۔ ” اپنے ایک اور مضمون”آپ کے چند لفظ” میں شازیہ لکھتی ہیں، "خالق کائنات نے جب انسان کو پیدا کیا تو اسے بے شمار نعمتوں سے نوازا جن میں عقل ،شعور، محبت ،احساس اوراظہار کی قوت کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ انسان کو اشرف المخلوقات کا درجہ عطا کیا گیا اور اسے زمین پر اپنا نائب بنایا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ انسان کی زبان سے ادا ہونے والے الفاظ محض آوازوں کا مجموعہ نہیں ہوتے بلکہ یہ دلوں پر اثر انداز ہونے والی ایسی طاقت ہیں جو کسی کی زندگی سنوار بھی سکتے ہیں اور بگاڑ بھءسکتے ہیں۔ بعض اوقات چند الفاظ کسی کے ٹوٹے ہوئے حوصلے کو دوبارہ زندہ کردیتے ہیں اور کبھی یہی الفاظ کسی کی امیدوں کا چراغ بجھا دیتے ہیں۔” عورت کی آزادی اور خود مختاری کے بارے میں لکھتی ہیں،’ عورت’ چار حروف پر مشتمل یہ لفظ اپنے اندر کائنات کی ساری خوبصورتی، محبت، شفقت اور ایثار کو سموئے ہوئے ہے۔ عورت کو اللہ نہایت پاکیزہ اور لطیف احساسات و جذبات سے نوازا ہے۔” تبدیلی کے حوالے سے ایک مضمون میں لکھتی ہیں،” دنیا کو بدلنے کی خواہش انسان کے اندر موجود رہی ہے۔ ہر شخص چاہتا ہے کہ معاشرہ بہتر ہو، لوگ اپنے رویے درست کریں، نا انصافی ختم ہو، نظام بہتر ہو اور حالات زندگی بدل جائیں۔ بہت کم لوگ یہ سوال اپنے آپ سے کرتے ہیں کہ جس تبدیلی کی خواہش ہم پوری دنیا سےکر رہے ہیں کیا ہم نے اس کا آغاز اپنی ذات سے کیا ہے؟ ” اسی طرح پچاس سے زائد ان تمام مضامین میں انھوں نے بہت عمدہ باتیں لکھی ہیں جو یقینا زندگی کا نچوڑ ہیں، یہ سب ایسی باتیں ہیں جو اعلی درجے پر فائز ایک استاد ہی کہہ سکتا ہے، مصنفہ کے قلم میں بہت روانی اور تسلسل ہے جو ایک تحریر کو خوبصرت بناتے ہیں، بہت سادہ اور آسان الفاظ میں زندگی کے اہم موضوعات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ مجھے تو یہ کتاب بہت پسند آئی اور تمام مضامین ایک ہی دن میں پڑھ لیے ،یقینا آپ کو بھی پسند آئیں گے۔ مصنفہ اور ان کی پہلی کتاب کے لئے بہت سی دعائیں۔






