#بغیر زُمرہ

اب سمارٹ گیم نہیں چلے گی!

rafeh s

رفیع صحرائی

سیاست میں اصولوں، جمہوریت اور عوامی حقوق کی بات کرنا یقیناً قابلِ تحسین ہے، مگر اصولوں کی اصل اہمیت اس وقت سامنے آتی ہے جب ان کا اطلاق اپنے مفادات پر بھی کیا جائے۔ دوسروں کو جمہوری اقدار کا درس دینا آسان ہے، لیکن اپنے اقتدار، عہدوں، مراعات اور سیاسی مفادات کو انہی اصولوں کی کسوٹی پر پرکھنا اصل امتحان ہے۔ بلاول بھٹو زرداری آج جس سیاسی لب و لہجے میں حکومت اور موجودہ نظام پر تنقید کر رہے ہیں، اس نے کئی ایسے سوالات کو جنم دیا ہے جن کا جواب محض سیاسی بیانات سے ممکن نہیں۔سندھ کی تقسیم کے حوالے سے بلاول بھٹو کا کراچی کی سڑکوں پر خون بہنے کی بات کرنا ان کے سخت موقف کی عکاسی کرتا ہے۔ وہ واضح کرچکے ہیں کہ سندھ کی تقسیم انہیں کسی صورت قبول نہیں۔ تاہم اس سخت موقف کے پس منظر میں سندھ کی سیاست، قوم پرست حلقوں کے ردعمل اور پیپلز پارٹی کے سیاسی مفادات کو بھی سمجھنا ضروری ہے۔ تھر کی دو نہروں کے معاملے پر حمایت کے بعد جس شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑا، اس نے پیپلز پارٹی کو دفاعی پوزیشن اختیار کرنے پر مجبور کردیا تھا۔ شاید اسی تجربے نے بلاول کو یہ احساس دلایا کہ سندھ کے حساس معاملات پر اب کوئی ایسا مبہم موقف اختیار نہیں کیا جاسکتا جو سیاسی مشکلات کا باعث بنے۔لیکن سوال یہ ہے کہ سندھ کی تقسیم ناقابلِ قبول ہے تو پنجاب کی تقسیم کے مطالبے میں کون سا اصول کارفرما ہے؟ کیا صوبوں کی تقسیم کا معیار عوامی ضرورت، انتظامی سہولت اور محرومیوں کا خاتمہ ہونا چاہیے یا سیاسی جماعتوں کی انتخابی حکمت عملی اور اقتدار کے امکانات کو مدِنظر رکھنا ہونا چاہیے؟ اگر نئے صوبوں کا قیام عوام کی سہولت کے لیے ضروری ہے تو اس اصول کا اطلاق تمام صوبوں پر یکساں ہونا چاہیے۔ سندھ کے لیے وحدت اور پنجاب کے لیے تقسیم کی حمایت سیاسی موقف تو ہوسکتی ہے، لیکن اسے اصولی سیاست قرار دینا مشکل ہے۔بلاول بھٹو آج جس نظام پر تنقید کررہے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ ان کی جماعت اسی نظام کی اہم شراکت دار اور اس سے مستفید ہونے والی بڑی سیاسی قوت ہے۔ سندھ حکومت پیپلز پارٹی کے پاس ہے، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں بھی اس کی سیاسی و حکومتی حیثیت ہے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں گورنر کے عہدوں پر نامزدگیاں، وفاق میں صدرِ مملکت کا منصب، چیئرمین سینیٹ اور قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر جیسے اہم عہدے بھی اسی سیاسی بندوبست کا حصہ ہیں۔ آئینی ترامیم کی منظوری، پارلیمانی عددی قوت اور جوڈیشل کمیشن میں نمائندگی کے معاملے میں بھی پیپلز پارٹی کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں۔اس صورت حال میں بلاول بھٹو کی حکومت پر تنقید کئی سوالات اٹھاتی ہے۔ اگر موجودہ نظام اتنا ہی غیرجمہوری ہے تو اس نظام کے تحت حاصل کیے گئے عہدے اور مراعات کیوں برقرار ہیں؟ اگر پارلیمانی اکثریت کو غیرجمہوری طریقے سے حاصل کرنا قابلِ اعتراض ہے تو اسی اکثریت سے منظور ہونے والی ترامیم اور حاصل ہونے والے سیاسی فوائد پر خاموشی کیوں؟ اگر جمہوری اقدار پامال ہورہی ہیں تو کیا ان اقدار کے تحفظ کے لیے اپنی جماعت کو بھی کوئی قربانی دینا ہوگی یا ساری ذمہ داری مخالفین پر ڈال کر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہی کافی سمجھی جائے گی؟بلاول بھٹو یہ بھی کہتے ہیں کہ حکومت کو شرم و حیا کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور جمہوری روایات کا خیال رکھنا چاہیے۔ یہ بات اپنی جگہ درست ہے، لیکن جمہوریت صرف مخالفین کے لیے اخلاقی ضابطہ نہیں ہوتی۔ جمہوری اصولوں کا اطلاق اپنے سیاسی اتحادیوں، اپنی جماعت، اپنے ارکان اور اپنے حاصل کردہ عہدوں پر بھی ہونا چاہیے۔ اگر سیاسی وفاداریاں تبدیل کرکے عددی اکثریت بڑھانے، مخصوص نشستوں کے حصول اور آئینی ترامیم کی منظوری کے طریقہ کار پر اعتراض ہے تو اس اعتراض کی بنیاد اصول ہونا چاہیے، نہ کہ سیاسی ضرورت۔بلاول بھٹو اگر واقعی موجودہ سیاسی بندوبست سے اختلاف رکھتے ہیں تو انہیں اپنے موقف کو عملی شکل دینے میں پہل کرنی چاہیے۔ اپنی جماعت کے حاصل کردہ آئینی عہدوں سے دستبرداری، اتحادیوں کو مراعات واپس کرنے کی ترغیب اور اپنے پارلیمانی ارکان کو اصولی سیاست کا پابند بنانے جیسے اقدامات ان کے بیانیے کو حقیقی وزن دے سکتے ہیں۔ اگر وہ یہ سمجھتے ہیں کہ موجودہ نظام جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہے تو پھر اس نظام سے حاصل ہونے والے فوائد چھوڑنے کا حوصلہ بھی دکھانا ہوگا۔ سیاست میں اخلاقی ساکھ بیانات سے نہیں، قربانی سے پیدا ہوتی ہے۔پاکستان کی سیاست پہلے ہی اعتماد کے بحران کا شکار ہے۔ عوام مہنگائی، بے روزگاری، بجلی کے بلوں، معاشی بدحالی اور بنیادی سہولتوں کی کمی سے نبردآزما ہیں۔ انہیں سیاسی جماعتوں کے درمیان اقتدار کی تقسیم، عہدوں کی بندربانٹ اور موقع کے مطابق بدلتے بیانیوں سے کوئی دلچسپی نہیں۔ عوام یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ ان کے رہنما جو بات زبان سے کہتے ہیں، کیا وہی عمل میں بھی دکھائی دیتی ہے؟بلاول بھٹو نوجوان قیادت کے نمائندے ہیں۔ ان سے توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ روایتی سیاست کے تضادات سے نکل کر ایک نیا سیاسی معیار قائم کریں گے۔ لیکن اگر وہ بھی دوسروں کو آئینہ دکھاتے ہوئے اپنے کردار کو اس آئینے سے دور رکھیں گے تو ان کی سیاست محض ایک اور سیاسی چال بن کر رہ جائے گی۔ بالکل اسی طرح جیسے انہوں نے 2022ئ میں اس وقت کی حکومت کے خلاف کراچی تا اسلام آباد مہنگائی مارچ کیا تھا مگر عدمِ اعتماد کے بعد بننے والی پی ڈی ایم کی حکومت میں وزارتِ خارجہ کا عہدہ لے کر پوری دنیا کی یاترا کو نکل گئے تھے جبکہ عوام کو پہلے سے زیادہ شدیدترین مہنگائی کا سامنا تھا مگر انہوں نے اس پر کبھی ایک لفظ بھی منہ سے نہ نکالا تھا۔اب وقت آگیا ہے کہ سیاسی قیادت بیانات کی سیاست سے آگے بڑھے۔ جمہوریت کا نام لے کر اقتدار حاصل کرنا اور اقتدار میں رہ کر جمہوریت کی شکایت کرنا عوام کو مطمئن نہیں کرسکتا۔ اگر اصول ہیں تو سب کے لیے، اگر احتساب ہے تو سب کا، اگر قربانی ہے تو اپنی بھی۔بلاول بھٹو کو اب دوسروں سے شرم و حیا کا مطالبہ کرنے سے پہلے اپنے سیاسی کردار کا حساب دینا ہوگا۔ عوام اب سیاسی سمارٹ گیمز سے متاثر ہونے والے نہیں۔ انہیں الفاظ کی شعبدہ بازی نہیں، کردار کی سچائی چاہیے۔ اب سمارٹ گیم نہیں چلے گی!

اب سمارٹ گیم نہیں چلے گی!

خدمتِ خلق کی روشن روایت

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے