وزیراعظم شہباز شریف نے شینزن میں پاک چائنا بزنس فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کی ترقی ہم سب کے لیے قابل تقلید مثال ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے پاس ہر قسم کے وسائل ہیں، ہماری سب سے بڑی طاقت ہماری نوجوان افرادی قوت ہے، چین کی ترقی ہم سب کے لیے قابل تقلید مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں آسانی کے لیے بزنس کونسل قائم کی۔
انہوں نے کہ چند ماہ قبل دہشت گردی کا ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا جس میں 5 چینی باشندیں مارے گئے، اس واقعے پر انتہائی دکھ ہے، اس دن پورا پاکستان رنجیدہ تھا،
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی پاکستان میں بڑا مسئلہ ہے، مہنگائی کی شرح میں کمی آ رہی ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معاشی اشاریے درست سمت میں جارہے ہیں، رواں سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ایک ارب ڈالر سے کم رہے گا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 38 سے کم ہوکر 11 فیصد تک آگئی ہے، اشیائے خور و نوش کی قیمتیں تیزی سے کم ہو رہی ہے، شرح سود کے معاملے پر ہمیں رواں سال دیکھنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی کرنسی چند ماہ میں مستحکم ہوئی ہے، حکومت کی اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر توجہ مرکوز ہے۔
اس سے قبل چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے پاک چین بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شینزن اسپیڈ ترقی کی منازل طےکرنےکے حوالے سے ایک مثال ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ بزنس فورم مختلف شعبوں میں تعاون، شراکت داری کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئی ٹی، معدنی وسائل سمیت مختلف شعبوں میں بے پناہ مواقع ہیں، ایس آئی ایف سی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
قبل ازیں، وزیراعظم شہباز شریف سے چینی کمپنی ترانشیئن ہولڈنگزکے بانی و چیئرمین ژو ژاؤجیانگ کی شینزن میں ملاقات ہوئی، چینی کمپنی نے پاکستان میں اپنے موبائل بنانے کے یونٹ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے وفاقی وزراء اور پاکستان کے چین میں سفیر کو ٹرانشیئن ہولڈنگز کے ساتھ مل کر جلد ایک لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی، وزیرِ اعظم نے چینی کمپنی کو پاکستان میں مقامی سطح پر اشیاء تیار کرکے پاکستان سے بیرونِ ملک برآمد کرنے کی دعوت بھی دی۔
ملاقات میں ٹرانشیئن ہولڈنگز کے چیئرمین نے وزیراعظم کو کمپنی کے پاکستان میں موجودہ آپریشنز، عالمی سطح پر کمپنی کی برآمدات اور پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
چیئرمین ٹرانشیئن ہولڈنگز نے وزیراعظم کو بتایا کہ کمپنی کا پاکستان میں موبائل فونز کی تیاری کے حوالے سے پہلے سے ایک یونٹ قائم ہے جس میں 5 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو روزگار فراہم کیا گیا ہے، کمپنی پاکستان میں موبائل فونز کے حوالے سے اپنی سرمایہ کاری میں وسعت میں گہری دلچسپی رکھتی ہے جس سے موبائل فونز کی تیاری کے بعد پاکستان سے انکی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں و کاروباری شخصیات کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے، پاکستان کے پاس ہر قسم کے وسائل ہیں، ہماری سب سے بڑی طاقت ہماری نوجوان افرادی قوت ہے۔
واضح رہے کہ ملاقات کے موقع پر وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان، جام کمال، عطاء اللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ بھی موجود تھیں۔