گزشتہ روز طالب علم کی والدہ نے تھانہ سیکریٹریٹ میں بیٹے کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرایا تھا۔ ہفتےکی صبح طحٰہ ٹریل 5 پر دوستوں کے ساتھ ہائیکنگ کے لیے گیا اور واپس نہیں آیا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کھائی میں موجود لاش کے قریب پہنچ گئی، لاش پیر سوہاوہ اور بری امام کے درمیان میں واقع گہری کھائی سے ملی ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ 15 سالہ طحٰہ کے ماموں نے بچے کی لاش شناخت کر لی ہے، ایس پی سٹی اور اے ایس پی سیکریٹریٹ واقعے کی جگہ پر موجود ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بچے کی واٹر بوتل، موبائل فون اور بیگ لاش کے پاس ہی پڑے ہیں، موبائل فون بند ہونے کے باعث بچے سے رابطہ نہیں ہو پا رہا تھا۔
پولیس کے مطابق لاش کو کھائی سے نکال کر لانے میں انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا ہے، ریسکیو 1122، ایم سی آئی حکام، وائلڈ لائف، محکمۂ جنگلات کی ٹیمیں بھی موجود ہیں، کھائی سے لاش نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
15 سالہ طحٰہ کی ہلاکت کی وجہ فی الحال سامنے نہیں آ سکی ہے۔