وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت کابینہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا چوتھا اجلاس ہوا، اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پنجاب میں 19.85 ملین رہائشی یونٹس، 20 لاکھ کمرشل یونٹس ہیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 10 مرلے کے گھروں پر 2 سو روپے اور 10 مرلہ سے بڑے گھروں پر 5 سو روپے سینٹری چارجز لاگو ہوں گے، مریم نواز نے محکمہ بلدیات کو مجوزہ سینیٹیشن چارجز 50 فیصد سے زائد کم کرنے کی ہدایت کردی۔
اجلاس میں پرائیویٹ سیکٹر ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کے لیے واٹر چارجز میں اضافے کی تجویز پیش کی گئی، اس تجویر کو مسترد کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھاکہ ہائیڈور پاور پروجیکٹس واٹر چارجز میں اضافے سے بجلی مزید مہنگی ہونے کا اندیشہ تھا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چارجز بڑھانے سے ریونیو بڑھے گا لیکن بجلی کی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے، مخالفت کریں گے۔
اجلاس میں گرین پاکستان پروگرام کے لیے فنڈز کی منظوری دی جب کہ اولڈ ایج ہوم میں رہائش پذیر 10 خواتین کے لیے حج کا وعدہ پوراکرنے کےلیے 2 کروڑ روپے فنڈز کی منظوری بھی دی گئی، مریم نواز کا کہنا تھاکہ حج پر جانے والی خواتین کو خود روانہ کریں گی۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہاؤسنگ ڈپارٹمنٹ سے متعلق اجلاس ہوا۔
اس اجلاس میں سیکریٹری ہاؤسنگ پنجاب اسد اللہ خان نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو ’اپنی چھت، اپنا گھر پروجیکٹ‘ پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی، اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید، چیف سیکریٹری پنجاب اور پرنسپل سیکریٹری بھی موجود تھے، مریم نواز نے پروجیکٹ کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔