وزیراعظم کی ایرانی سفارتخانے آمد، صدر ابراہیم رئیسی کے جاں بحق ہونے پر اظہار تعزیت

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایران کے سفارت خانے پہنچ کر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبدالہیان کے جاں بحق ہونے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی حکومت اور عوام ایرانی قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔

ایرانی صدر کی شخصیت پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ابراہیم رئیسی گہرے علم کے حامل اور صاحب بصیرت شخصیت تھے۔

قبل ازیں وزیر اعظم نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یوم سوگ کا اعلان کیا اور کہا تھا کہ ڈاکٹر ابراہیم رئیسی پاکستان کے اچھے دوست تھے، ہمیں اچھی خبر کی امید تھی لیکن افسوس ایسا نہیں ہوا، صدر رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے احترام اور برادر ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق

واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان دیگر ساتھیوں کے ساتھ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

آج صبح حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملا تھا جس کے بعد ایرانی صدر اور ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کے بچ جانے کی امیدیں دم توڑ گئی تھیں۔

 

بعدازاں ایرانی حکام نے بھی ابراہیم رئیسی اور ساتھیوں کی موت کی تصدیق کردی تھی۔