الیکشن متنازعہ ہوا، اسے ہر صورت درست کرنا ہوگا: مولانا فضل الرحمان

جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہر الیکشن ہی متنازعہ ہوا اب اسے ہر صورت درست کرنا ہوگا، اسٹیبلشمنٹ بند گلی میں جا چکی ہے، آئین کیلئے سب سیاستدانوں کو مل کر بیٹھنا ہو گا۔

فیصل آباد میں جامعہ عبیدیہ کے محتمم کی وفات پر تعزیت کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جے یو آئی کے ساتھ سیز فائر ہو چکا ہے، عمران خان سے جیل میں ملاقات نہیں کر رہا۔ آج کل ایسے سوالات پتا نہیں کیوں کیے جا رہے ہیں؟

جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی تو آئینی عہدے بھی لے رہی ہے اور کہتی ہے ہم حکومت میں نہیں ہیں، پیپلز پارٹی حکومت میں نہیں ہے اس کا مطلب حکومت اقلیتی چل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاستدانوں کو فکر کرنا ہوگی کہ ہمارے الیکشن متنازعہ ہوتے ہیں، ملک کا نظام اس وقت خراب ہے، آئین موجود ہے لیکن عمل درآمد نہیں ہے، اٹھارویں ترمیم کیلئے بھی بیٹھے تھے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن تو ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھا دیکھتا رہتا ہے، جب آئین پر عمل ہی نہیں ہوگا تو پھر آئین کیوں بنایا؟