لاہور بار ایسوسی ایشن کا وکلا پر دہشتگری کے مقدمات کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے باہر احتجاج جاری ہے جبکہ پولیس کی جانب سے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جارہی ہے۔
لاہور بار ایسوسی ایشن کی ریلی لاہور ہائی کورٹ پہنچی، اس موقع پر وکلا نے عمارت میں داخل ہونے کی کوشش کی، اس پر پولیس نے احتجاج کرنے والے کئی وکلا کو گرفتار کرلیا۔
بعد ازاں پولیس کی بھاری نفری نے لاہور ہائی کورٹ کی عمارت کا مرکزی دروازہ بند کردیا اور رکاوٹیں کھڑی کردیں۔
لاہور ہائی کورٹ کے باہر پولیس اور وکلا کی آپس میں دھکم پیل جاری ہے جس دوران پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج شروع کردیا۔
یہ ریلی لاہور ہائی کورٹ بار کی جانب سے ریلی نکالنے کا اعلان کیا گیا تھا، یہ ریلی اعوان عدل سے شروع ہوئی اور اس نے ہائی کورٹ تک آنا تھا، لاہور ہائی کورٹ میں پہلے سے ہی پولیس کی بھاری نفری اور واٹر کینن موجود تھے۔
ہائیکورٹ کے باہر جی پی او چوک پر صورتحال تشویشناک ہے، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں جاری ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ صورتحال تب خراب ہوئی جب وکلا نے ہائیکورٹ میں گھسنے کی کوشش کی اور پتھراؤ کیا، وکلا کو عدالت میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پولیس کی اضافی نفری بھی صورتحال کو قابو کرنے اور وکلا کو منتشر کرنے کے لیے طلب کرل گئی ہے۔