پاک فوج سے محبت کا والہانہ اظہار

تحریر: صفدر علی خاں

نومئی کے ریاست پر حملوں نے پاکستان سے محبت اور نفرت کرنے والوں کے درمیان لکیر کھینچ دی ہے ،ریاست پر حملے کرنے والوں نے اقتدار کی خاطر ملک کو مشکلات اور مسائل کی دلدل میں پھینک دیا جبکہ پاکستان کے سچے محب بڑے حوصلے اور صبر واستقامت کیساتھ اپنے اصولی موقف پر ڈٹے رہے ،انتشار پھیلانے والوں نے نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی خاطر ہر حربہ استعمال کیا ۔سوشل میڈیا اور کچھ ریگولر میڈیا کی کالی بھیڑوں نے بھی افراتفری پھیلانے کیلئے ہراس پھیلایا مگر پاکستان کے باشعور عوام نے وطن کی آبرو پر جانیں نچھاور کرنے والی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر ملک دشمنوں کو دھتکار دیا ۔پوری قوم نے ریاست مخالف عناصر کا یہ بیانیہ یکسر مسترد کردیا ۔9 مئی بلا شبہ ملکی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے جس نے وطن دشمنوں کے چہرے بے نقاب کر دیئے۔اقتدارکے لالچ میں بدبختوں نے سیاست کے نام پر ملکی اداروں کو نشانہ بنایا۔شہدا کی یادگاروں کو جلاکر پوری قوم کی تضحیک کی گئی۔ اس دن پاکستان پر براہ راست حملہ کیا گیا۔ اس سانحہ کو تقریبا ایک سال بیت گیا ۔ مختلف حلقوں کی جانب سے 9 مئی کے حوالے سے سوالات اٹھائے جارہے ہیں کہ 9 مئی کے واقعات کے ذمہ داروں، سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کو قانون کے کٹہرے میں کیوں نہیں لایا گیا؟اِس سوال کے جواب میں پچھلے ایک سال کے حالات و واقعات کا بنظرِغائر جائزہ لینا بھی ضروری ہے۔9 مئی کے واقعات کا “ماسٹر مائنڈ ” پارٹی کا سربراہ پچھلے آٹھ مہینوں سے جیل میں ہے اور اقتدار کے چھن جانے پر حواس باختہ ہوکر ٹامک ٹوئیاں مار رہا ہے ۔ پارٹی کے کئی معاملہ فہم اہم رہنما انکی ریاست مخالف پالیسیوں پر تین بار لعنت بھیج کر پارٹی چھوڑ کر نئے راستے پر چل پڑے ہیں ۔ بلکہ بہت سارے تو سیاست سے ہی تائب ہو چکے ہیں۔ پارٹی کی باگ دوڑ اب کچھ وکیلوں کے ہاتھ آ چکی ہے اور پارٹی کی پرانی لیڈر شپ اور نئے پیرا شوٹرز کے درمیان آ ئے روز کی چپقلش نے پارٹی کو تتر بتر کر دیا ہے۔ پارٹی اپنا وجود برقرار رکھنے میں ناکام ہو چکی ہے اور اپنی رہی سہی نام نہاد پارلیمانی حیثیت کو برقرار رکھنے کیلئے سنی اتحاد کونسل جیسی غیر معروف جماعت کے رحم و کرم پر ہے۔ بار بار انٹراپارٹی الیکشنز کرانے کی تابڑ توڑ کوششیں بھی ناکام رہی ہیں ۔ مسترد بیانیہ کی بحالی کی خواہش اہلیہ کی بیماری اور اداروں پر بے بنیاد الزام تراشی کے درمیان دم توڑ رہی ہے ۔دوسری طرف ملک میں اِس پارٹی کے سیاسی مخالفین اگلے پانچ سال کے لیے منتخب ہوکر اتحادی حکومت بنا چکے ہیں اور ملک میں سیاسی استحکام اور معیشت کی بحالی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔مرکز اور تین صوبوں میں 9 مئی برپا کرنے والوں کے مخالفین اس وقت اقتدار میں ہیں۔ جبکہ پارٹی کی حکومت والے صوبے کے وزیرِ اعلی 9 مئی کے واقعات سے خود کو الگ کرکے افواجِ پاکستان سے تعلقات بہتر بنانے کے لیے سر گرمی دکھا رہے ہیں۔نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف معاشی بحرانوں کو ٹالنے کی خاطر ایکشن سے بھرپور تیز رفتاری دکھا رہے ہیں ، دوست ممالک کے ساتھ تعاون کی راہیں ہموار کررہے ہیں۔ اِس سلسلے میں سعودی وفد اور ایرانی صدر کے دورے انکی سفارتی و سیاسی حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔ امریکا بھی اب پاکستان کی اہمیت کا پھر سے اعتراف کررہا ہے ،امریکی پالیسی ساز پاکستان کو خطے میں اہم ترین شراکت دار ہونے کی بات کررہے ۔ چین کے ساتھ سی پیک کا منصوبہ دوسرے مرحلے میں ہے۔معیشت کی بحالی کے لیے افواجِ پاکستان کے تعاون سے SIFC کا قیام عمل میں آچکا ہے ۔ انتہا ئی قلیل عرصہ میں SIFC اہم کامیابیاں سمیٹ رہا ہے ۔ چیف آف آرمی سٹاف کی ذاتی دلچسپی اور توجہ سے یہ پلیٹ فارم ملکی معشیت کی بحالی میں اہم کردار نبھا رہا ہے۔ بیرونی ممالک سے کیے گئے حالیہ معاہدےSIFC کی کامیابی کا آئینہ دار ہیں۔ حکومت اور فوج کی مشترکہ کاوشوں سے سمگلنگ کی روک تھام میں اہم پیشرفت سے بہتری آرہی ہے اور ملکی اقتصادی حالت سنور رہی ۔ سٹاک مارکیٹ کا 72000 کا سنگِ میل عبور کرنا پاکستان کی بہترین معاشی پالسیوں کا عکاس ہے۔9مئی کے حملوں کا نشانہ بننے والی فوج پہلے سے زیادہ متحرک ،مستعد اور متحد دِکھا ئی دیتی ہے۔ ملک دشمنوں کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے مشن کو کامیابی سے آگے بڑھایا جارہا ہے ۔پاکستان کے مفاد کو ہر حال میں مقدم رکھنے والی فوج معاشی ترقی کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں ختم کررہی ہے ۔نئی نسل کو انتشار پھیلانے والوں سے بچاکر فوج نے ملک کا مستقبل روشن کردیا ہے ۔ 9 مئی کے کچھ ذمہ دار، سہولت کار اور منصوبہ ساز اپنے جرا ئم کی پاداش میں اپنے منتقی انجام کو پہنچ چکے اور کچھ پہنچنے کے قریب ہیں جبکہ اِن کے مجرمانہ حملوں کا نشانہ بننے والی ریاست ترقی اور خوشحالی کے حقیقی سفر پر گامزن ہے ۔9مئی برپا کرنے والوں کے تمام ناپاک عزائم خاک میں ملائے جاچکے ہیں ۔سب سے اہم انتشار اور نفرت کی سیاست کرنے والوں کے چہرے بے نقاب ہوگئے ہیں ۔پاک فوج نے تحمل ،برد باری اور دوراندیشی سے معاملات کو سلجھا کر پوری قوم کے دل جیت لئے ہیں ،9مئی کے سانحے نے پاکستانی سیاست کو نیا موڑ دیدیا ہے اب ریاست پر حملے کرنے والوں کا بیانیہ ہمیشہ کیلئے دفن ہوچکا ہے کیونکہ پاکستان کے باشعور عوام پاک فوج سے محبت کا والہانہ اظہار کرتے ہوئے شانہ بشانہ اسکے ساتھ کھڑے ہیں ۔


Comments (0)
Add Comment