صوبائی حکومت نے 22 اپریل بروز منگل تعطیل کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق تعطیل کا اطلاق صرف ضلع لاہور پر ہوگا جبکہ پنجاب سول سیکریٹریٹ سے منسلک محکموں میں تعطیل نہیں ہوگی۔ چیف سیکریٹری پنجاب کی منظور ی سے سیکشن افسر صفدر شبیر نے نوٹی فکیشن جاری کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کمشنر کراچی نے بھی ایرانی وفد کی آمد کے موقع پر منگل کو عام تعطیل کا اعلان کردیا تھا۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی کے نوٹی فکیشن کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی 23 اپریل کو کراچی آمد پر عام تعطیل ہوگی۔ اس دن تمام نجی اور سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ تعلیمی ادارے بھی بند رہیں گے۔
خیال رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 3 روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچے ہیں۔
ایرانی خاتون اول، وزیر خارجہ، کابینہ ارکان، اعلیٰ حکام اور بڑا تجارتی وفد بھی ان کے ساتھ ہیں، وفاقی وزیر حسین پیرزادہ نے نورخان ایئر بیس پر ان کا استقبال کیا، پاکستانی ثقافت کے مطابق بچوں نے ایرانی صدر کو گلدستے پیش کیے۔
بعد ازاں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی وزیر اعظم ہاؤس میں شہباز شریف سے ملاقات ہوئی جس دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے پاکستان آمد پر پرتپاک استقبال کرنے پر وزیراعظم کا شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے بعد آپ پہلے سربراہ مملکت ہیں جو پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، پوری قوم آپ کے دورے کا خیر مقدم کرتی ہے۔