قومی اسمبلی کے حلقے این اے 81 گوجرانوالہ پی ٹی آئی امیدوار چوہدری بلال اعجاز کی درخواست پر جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔
عدالت نے بلال اعجاز کی درخواست منظور کرتے ہوئے ن لیگی ایم این اے اظہر قیوم ناہرا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا جبکہ مخالف امیدوار بلال اعجاز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بحال کر دیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو کیسے نظر انداز کیا، کیا سپریم کورٹ کا فیصلہ نظر انداز کرنا توہین عدالت نہیں، جب الیکشن پراسس مکمل ہو جائے تو الیکشن کمیشن کیسے مداخلت کرسکتا ہے۔
درخواست گزار کا موقف تھا کہ 8 فروری کے عام انتخابات میں درخواست گزار سات ہزار سے زائد ووٹوں سے منتخب ہوا، دوبارہ گنتی میں ن لیگی امیدوار اظہر قیوم ناہرا کو 3100 ووٹوں سے جتوا دیا گیا، دوبارہ گنتی میں درخواست گزار کے 10 ہزار سے زائد ووٹ مسترد کیے گئے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ قانون کے مطابق ٹربیونل بننے کے بعد الیکشن کمیشن گنتی کا حکم جاری نہیں کر سکتا، عدالت الیکشن کمیشن کا دوبارہ گنتی کا حکم کالعدم قرار دے اور ن لیگی امیدوار اظہر قیوم ناہرا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔