ماہر فلکیات ڈاکٹر جاوید اقبال نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے بتایا کہ چاند کی عمر 19 گھنٹے 30 منٹ ہے تو عمر کم ہونے کی وجہ سے چاند کافی باریک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چاند کی پوزیشن کافی بہتر ہے یہ اس وقت 10 (altitude) پر ہے اور چاند کا دورانیہ بھی 50 منٹ کے قریب ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پیش گوئی یہ ہے کہ جہاں آسمان صاف ہو گا اور مطلع صاف ہو گا وہاں چاند نظر آنے کا امکان ہے۔
ڈاکٹر جاوید اقبال نے کہا کہ ملک کے شمالی علاقہ جات میں تو اس وقت اکثر علاقوں میں تو مطلع ابر آلود ہے لیکن زیریں سندھ جیسے بدین، تھرپارکر اور بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں آسمان صاف ہے تو وہاں چاند نظر آنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ امید یہی ہے کہ آج چاند نظر آ جائے گا اور عید کل ہو گی۔
سعودی عرب میں کل چاند نظر نہ آنے اور پاکستان اور سعودی عرب میں ایک ساتھ عید منانے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ چاند کل پاکستانی وقت کے مطابق 11بجکر 20منٹ پر پیدا ہوا تھا تو اس لیے کل سعودی عرب میں سورج غروب ہوا ہو گا تو اس وقت تک چاند پیدا ہی نہیں ہوا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ کل شمالی امریکا میں سورج گرہن بھی تھا تو چاند 11 بجکر 20 منٹ پر امریکا کی طرف تھا تو سعودی عرب میں تو نظر آنا ممکن بھی نہیں تھا اور سعودی عرب نے اعلان کیا ہے کہ آج ان کے ہاں روزہ ہے تو فلکیاتی اعتبار سے یہ بالکل درست ہے کہ ایک ہی دن میں دونوں ملکوں میں عید ہو۔
چاند کا کیلنڈر جاری کرنے کے حوالے سے سوال پر انہوں نے بعض اوقات جیسے رمضان کے بارے میں ہم واضح طور پر بتا سکتے تھے کہ پہلا روزہ کب ہو گا لیکن جو آج کا چاند ہے تو اس کا تعلق موسمیاتی صورتحال سے بھی ہے کہ اگر مطلع صاف ہو گا تو نظر آئے گا۔
ان کا کا کہنا تھا کہ بعض اوقات چاند نظر آنے یا نہ آنے کا امکان 50-50 فیصد ہوتا ہے، وہ صرف دوربین سے نظر آئے گا، ہر دفعہ صورتحال مختلف ہوتی ہے تو ایسی صورت میں کیلنڈر بنانے پر غلطی کے امکانات ہیں۔