صدر آصف علی زرداری سے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل ساحر شمشاد مرزا کی ایوان صدر میں ملاقات ہوئی جس میں قومی تعاون سے دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
صدر مملکت کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں جنرل ساحر شمشاد نے صدر مملکت کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ملک کی سیکیورٹی صورتحال کے ساتھ ساتھ مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ملک کی مسلح افواج اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
بیان کے مطابق اس موقع پر صدر مملکت آصف زرداری نے قومی سرحدوں کے دفاع اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔
آصف زرداری نے کہا کہ انہیں ملک کی سیکیورٹی فورسز پر مکمل اعتماد ہے کہ وہ اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی چیلنجز پر کامیابی سے قابو پالیں گی۔