چیئرمین سینیٹ کے لیے پیپلز پارٹی نے یوسف رضا گیلانی کو امیدوار نامزد کردیا ہے اور ان کی نامزدگی کا باضابطہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی پچھلے ماہ سینیٹ کی چھ خالی نشستوں پر سے ایک پر سینیٹر منتخب ہوئے تھے۔
قومی اسمبلی میں ہونے والے سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی 204 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار الیاس مہربان کو 88 ووٹ ملے تھے۔
فی الحال سینیٹ کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کے لیے کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن اس میں تاخیر متوقع ہے۔
گزشتہ دنوں سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا تھا کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب اس وقت نہیں ہوسکتا جب تک کے پی میں سینیٹ انتخاب نہیں ہوجاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ 30 نشستوں کو نظرانداز کرکے سینیٹ کا انتخاب کرانا آئین کی خلاف ورزی ہے، جب تک صوبائی اسمبلی میں ان ارکان کا حلف نہیں ہوتا تب تک الیکشن کمیشن سینیٹ کاالیکشن مؤخر رکھے گا۔
انہوں نے کہا تھا کہ تین صوبوں میں الیکٹورل کالج تو مکمل ہورہاہے لیکن کے پی میں الیکٹورل کالج کا مسئلہ ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی درخواست پر خیبر پختونخوا اسمبلی کے سینیٹ انتخابات ملتوی کردیے تھے۔