اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پُرعزم ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کا نوٹس لے۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی بربریت جاری ہے، پاکستان فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ غزہ پر اسرائیلی حملوں کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
گزشتہ دنوں بشام میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے سے متعلق انہوں نے کہا کہ بشام واقعے میں 5 چینی باشندے ہلاک ہوئے، واقعے کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پاکستان چینی حکومت کیساتھ مکمل رابطے میں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور چین برادر دوست ممالک ہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے۔ بشام حملہ پاک چین دوستی کے دشمنوں کی طرف سے کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف پالیسی غیر متزلزل ہے۔ پاکستان میں چینی انجینئرز اور ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
Basham-attack-Pak-China-made-by-the-enemies-of-friendship
29/03/24