لندن(مانیٹرنگ سیل) برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کو آخری بار دسمبر میں منظر عام پر دیکھا گیا تھا اور پھر ان
کے اسپتال میں داخل ہونے اور پیٹ کی سرجری کی پُر اسرار خبر سے شکوک و شبہات نے جنم لیا جو آپریشن کے 2 ماہ بعد بھی ان کے منظر عام پر نہ آنے اور اپنی شاہی ذمہ داریاں نہ نبھا پانے پر مضبوط ہوتے جا رہے ہیں۔
پرنس ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کو دو ماہ قبل کچھ روز کے لیے اسپتال میں داخل ہونا پڑا تھا۔ برطانوی شاہی محل نے صرف یہ بتانے پر اکتفا کیا تھا کہ شہزادی کی پیٹ کی سرجری ہوئی اور وہ تیزی سے روبہ صحت ہیں۔
تاہم آپریشن کی نوعیت اور دیگر تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا جس سے طرح طرح کی افواہیں گردش کرنے لگی تھیں۔ کہا جا رہا تھا کہ شہزادی کو کینسر ہوگیا اور وہ آخری اسٹیج پر ہے۔
یہ افواہیں اتنی تواتر سے پھیلیں کہ کیٹ مڈلٹن کی ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی جس میں وہ اہل خانہ کے ساتھ شاپنگ کر رہی ہیں اور ہشاش بشاش نظر آرہی تھیں تاہم لوگوں نے اس پر بھی اعتراض اُٹھایا۔
سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ جہاں کی یہ ویڈیو ہے وہاں سجاوٹ کرسمس کی لگ رہی ہے اس لیے یہ ویڈیو گزشتہ برس کی ہوسکتی ہے ۔