چینی صدر کی جانب سے تہنیتی پیغام پر صدر مملکت آصف زرداری نے ایک خط لکھ کر ان کا شکریہ ادا کیا ہے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے دوبارہ صدر منتخب ہونے پر چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے مبارکباد دینے پر ان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ باہمی احترام، افہام و تفہیم سے پاک۔چین تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔
چینی صدر کی جانب سے تہنیتی پیغام پر صدر مملکت نے ایک خط لکھ کر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے چینی صدر شی جن پنگ کے خط کا جواب دیتے ہوئے باہمی عملی تعاون کو گہرا کرنے، سدا بہار شراکت داری کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے مفاد کے لیے مشترکہ کمیونٹی کو فروغ دینے کے لیے چینی صدر کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین محض پڑوسی نہیں بلکہ آہنی بھائی ہیں، دونوں ممالک نے پاک۔چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سمیت دوطرفہ تعاون کے مختلف شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی ہے، پاکستان اور چین کی مضبوط دوستی علاقائی امن، استحکام اور ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
دونوں ممالک سدابہار تزویراتی تعاون کی شراکت داری کی کامیابی کے لیے پرعزم ہیں، صدر شی جن پنگ کی غیر متزلزل حمایت سی پیک کی ترقی کے لیے ناگزیر رہے گی۔