ملاقات کے دوران فرشتے ساری گفتگو سنتے ہیں ، شیر افضل مروت

ملاقات کے دوران ایک فرشتہ عمران خان ، ایک ہمارے ساتھ ہوتا ہے ، ساری گفتگو سنتے ہیں ، شیر افضل مروت

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، ڈیلی سرزمین)تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پچھلے 8 ماہ سے بانیٔ پی ٹی آئی سے کوئی ملاقات 2 فرشتوں کے بغیر نہیں ہوئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران ایک فرشتہ بانیٔ پی ٹی آئی اور ایک ہمارے ساتھ موجود ہوتا ہے، وہ اہلکار ہماری تمام گفتگو سنتے ہیں۔

شیر افضل نے کہا کہ قانون کے مطابق وکیل اور مؤکل کے درمیان بات چیت میں کوئی حائل نہیں ہو سکتا، عدالت نے حکم دیا ہے کہ آئندہ بانیٔ پی ٹی آئی اور وکلاء کی ملاقات کے دوران گفتگو کوئی نہیں سنے گا۔

انہوں نے کہا کہ جیل حکام کا مؤقف ہے کہ ہفتے میں صرف 2 ملاقاتیں ہو سکتی ہیں
تاہم عدالت نے جیل حکام کے اس مؤقف کو مسترد کر دیا ہے، عدالت نے پیر سے ہفتے تک بانیٔ پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کے دنوں میں ہمارے کاغذات لے لیے جاتے تھے، بہت ساری اہم معلومات خان صاحب تک نہیں پہنچنے دی گئیں، سپریم کورٹ میں ہم نے انتخابات سے متعلق کیس دائر کیا ہے
مینڈیٹ پر جو ڈاکا ڈالا ہے ہم توقع کرتے ہیں سپریم کورٹ اسے واپس کرے گی۔

شیر افضل کا کہنا تھا کہ عمر ایوب سے کوئی اختلافات نہیں، جب بھی ملوں گا بغلگیر ہو کر ملوں گا۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ بڑی تعداد میں آزاد امیدوار سنی اتحاد کونسل میں شامل نہ ہو سکے، یہ کدھر جائیں گے
شیرافضل مروت نے جواب دیا کہ یہ سنی اتحاد کونسل میں ہی جائیں گے۔

articlecolumnsdailyelectionsgoogleimran khannewspakistanptisarzameentodayupdates
Comments (0)
Add Comment