مریم نواز کا صوبے میں اسکول ٹرانسپورٹ سسٹم اور نوجوانوں کو ماہانہ وظیفہ دینے کا اعلان
پنجاب اسمبلی سے نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
اپوزیشن کے لیے میرے دل اور چیمبر کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں
سب کے ساتھ مل کر ٹیم کی طرح کام کرنا چاہتی ہوں۔
میرے دل میں انتقام اور بدلے کا کوئی جذبہ نہیں، امتحانات اور قیدی تنہائی سے گزر کر یہاں پہنچی ہوں
اپوزیشن ارکان کا ایوان میں موجود نہ ہونا افسوسناک ہے
مشکلات کے باوجود ہم نے میدان خالی نہیں چھوڑا، میں سب کی وزیراعلیٰ ہوں
دل میں کسی کے لیے کوئی بدلے کا جذبہ نہیں۔
اپنے پہلے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے منتخب ہونے پر اللہ کا شکرادا کرتی ہوں
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو بھی مبارکباد پیش کرتی ہوں
امید کرتی ہوں یہ ایوان جمہوریت کے پرچم کو بلند رکھے گا، افسوس ہے آج اپوزیشن نے ایوان کا بائیکاٹ کیا
ہم پر بھی مشکل وقت آیا تھا، جو کافی لمبے عرصے تک رہا
ہم نے اپنے مشکل وقت میں بھی کبھی میدان خالی نہیں چھوڑا۔
مریم نوازکا کہنا تھا کہ سب کا شکریہ جنہوں نے مجھے ووٹ دیا،نوازشریف، شہبازشریف اور پوری جماعت کا شکریہ ادا کرتی ہوں
پیپلزپارٹی، آئی پی پی، ق لیگ اورمسلم لیگ ضیا کی شکر گزار ہوں جنہوں نے ووٹ دیا، میں صرف مسلم لیگ ن کی نہیں آپ سب کی وزیراعلیٰ ہوں۔
اس موقع پر انہوں نے پنجاب کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا ان کا کہنا تھا کہ اپنے مخالفین کی شکر گزار ہوں
جنہوں نے مجھ ہر مشکل سہنے کے لیے تیار کیا،میری فتح ہر خاتون، ہر بیٹی اور ہر ماں کی فتح ہے۔
اپنے خطاب کے دوران مریم نواز نے اپنی مرحوم والدہ کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ
میری والدہ کہاکرتی تھی کہ زندگی آسان نہیں، انہوں نے سکھایاکہ کس طرح حوصلے سے کام کرتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ میری ترجیح نوجوان ہوں گے، میرے لیے اعزاز ہے کہ اس کرسی پر پنجاب کے خادم اعلیٰ شہبازشریف بھی بیٹھ چکے
شہبازشریف کی کارکردگی کا اعتراف صرف پاکستان نہیں بلکہ دنیا کر چکی ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ امید کرتی ہوں کہ سیاسی تفریق سے بالا تر ہو کر تمام اراکین اسمبلی
میرا ہاتھ مضبوط کریں گے، تمام اپوزیشن اراکین سے کہتی ہوں میں ہر حلقے کے مسائل کے لیے آپ سے معاونت کروں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج سے اپنے منشور پر عمل درآمد شروع کروں گی
میری ترجیح ہوگی کہ عوام کو ون ونڈو سہولت فراہم کی جائے
بزنس کمیونٹی کو مکمل سہولیات فراہم کریں گے، کرپشن کے لیے زیرو ٹولرینس ہوگی، ہم عوام کے خادم ہے۔
نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رمضان ریلیف پیکج کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ
عوام کو راشن ان کی دہلیز تک پہنچایا جائے گا۔مریم نوازنے رمضان میں نگہبان کے نام سے ریلیف پیکج کااعلان کیا۔
نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب نے سستے رمضان بازار لگانے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ
آج سے ہی پرائس کنٹرول اتھارٹی کے ساتھ اجلاس شروع کر رہی ہوں، 60ہزار سے کم آمدن والے مستحق ہیں
ان کی مدد ہم پر فرض ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوجوان طلبا کو بیرون ملک تعلیم کے لیے بھیجیں گے
طلبا کو لیپ ٹاپ، آئی پیڈز دیں گے، نوجوان کو 25 ہزارماہانہ وظیفہ دیا جائے گا
خواب ہے کہ پنجاب کا کوئی بچہ وسائل کی کمی سے اسکول سے باہر نہ ہو۔
مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ غریب کا بچہ مفت پڑھے گا
پنجاب میں پورا اسکول ٹرانسپورٹ سسٹم بنائیں گے
انہوں نے اسکول کے نصاب کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کا اعلان بھی کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج سے پنجاب کے اسپتالوں کی ایمرجنسی میں فری ادویات کی فراہمی یقینی بنائیں گے
اگلے 20 دنوں میں پنجاب کی پہلی ایئرایمبولنس شروع کرنے جارہے ہیں۔
نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ریسکیو1122کوکہا کہ موٹروے ایمبولینس سروس شروع کریں
ان کا کہنا تھا کہ کسی خاتون کو ہراساں کرنا میری ریڈلائن ہے
انہوں نے ورکنگ ویمن کے لیے مزید ہوسٹلز بنانے کا اعلان بھی کیا۔
مریم نواز نے ٹرانسجینڈر کو جلد عزت والا روزگار فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا
انہوں نے اقلیتوں کے بارے میں کہا کہ اقلیتیں ہمارے سروں کا تاج ہیں۔
26/02/24