سندھ ہائیکورٹ: پی ٹی اے کو ملک بھر میں ’ایکس‘ کو مکمل طور پر بحال کرنے کا حکم
کراچی(کورٹ رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو ملک بھر میں سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ کو مکمل طور پر بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس کی ملک بھر میں 5 روز سے بندش کے خلاف سینئر صحافی ضرار کھوڑو، عنبر شمسی اور دیگر نے ایڈووکیٹ عبدالمعیز جعفری کے توسط سے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔
رخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وزیرِ داخلہ نے بیان دیا ہے کہ ایکس بند کرنے کی ہدایت جاری نہیں کی گئی ہیں، نگران وزیر آئی ٹی عمر سیف کے مطابق آئی ٹی سیکٹر کو چار چاند لگا دیئے گئےہیں، وزیر اعظم، وزیر داخلہ، وزیر آئی ٹی وی پی این لگا کر ایکس استعمال کر کے قوم کو بتارہے ہیں کہ ایکس بند نہیں ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ جس دن سابق کمشنر راولپنڈی نے بیان دیا تھا کہ ہم نے کس طرح دھاندلی کرائی اس دن سے ہی ایکس بند ہے، کمشنر راولپنڈی کے اعتراف کے بعد لوگ تنقید کررہے تھے۔
بعد ازاں عدالت عالیہ نے ہدایت دی کہ ایکس کی سروس بغیر کسی خلل اور بندش کے بحال رکھی جائے۔
سندھ ہائی کورٹ نے پی ٹی اے اور دیگر فریقین سے اس حوالے سے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب طلب کرتے ہوئے پی ٹی اے کو بلا جواز انٹر نیٹ ویب سائٹس ایکس سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند کرنے سے روک دیا۔