“بنیان مرصوص” افواج، قوم اور میڈیا کا متحد محاذ

تحریر: حافظ عرفان کھٹانہ سعودی عرب

پاکستان کی تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی ملکی خودمختاری اور سلامتی کو خطرہ لاحق ہوا، افواجِ پاکستان نے قربانیاں دے کر قوم کو سربلند رکھا۔ حالیہ “بنیان مرصوص” آپریشن بھی ایک ایسا ہی فیصلہ کن مرحلہ ہے، جس نے نہ صرف دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، بلکہ پوری قوم کو ایک لڑی میں پرو دیا۔ یہ صرف ایک عسکری آپریشن نہیں بلکہ ایک ہمہ گیر قومی ردعمل ہے، جس میں ہر پاکستانی نے اپنی ذمہ داری نبھائی۔”بنیان مرصوص” قرآن پاک کی سورۃ الصف کی ایک آیت سے ماخوذ ہے، جس میں مومنین کو ایسی سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ اسی تصور کو سامنے رکھتے ہوئے اس آپریشن کو یہ نام دیا گیا، جو نہ صرف عسکری حکمت عملی کی علامت ہے بلکہ اتحاد و یگانگت کا پیغام بھی ہے۔یہ آپریشن محض فوجی کارروائیوں تک محدود نہیں بلکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، سائبر نگرانی، بارڈر مینجمنٹ، اور اطلاعاتی جنگ جیسے جدید تقاضوں کو بھی شامل کرتا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد دشمن کے ہائبرڈ وار فئیر، بالخصوص بھارت کے پروپیگنڈا اور سازشوں کا منہ توڑ جواب دینا ہے۔ سیسہ پلائی دیوار
پاکستانی عوام نے سیاسی، مذہبی اور لسانی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اس موقع پر قومی اتحاد کا عملی مظاہرہ کیا۔ ہر پاکستانی، خواہ وہ کسی بھی طبقے یا نظریے سے ہو، افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا۔ یہ جذبہ دراصل اس سیسہ پلائی دیوار کی تشکیل ہے جس کا ذکر قرآن میں آیا ہے۔
میڈیا کا مؤثر اور ذمے دار کردار
ملکی میڈیا، جو بعض اوقات سیاسی تقسیم کا شکار نظر آتا ہے، اس آپریشن کے دوران ایک متحد قومی ترجمان کے طور پر سامنے آیا۔ الیکٹرانک، پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا نے دشمن کے پروپیگنڈا کا بھرپور توڑ کیا، عوام کو درست معلومات فراہم کیں، اور قومی بیانیے کو مضبوط کیا۔نوجوانوں کا مورچہ
نوجوانوں نے ٹوئٹر، فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب جیسے پلیٹ فارمز پر دشمن کی جھوٹی معلومات اور پراپیگنڈا کا مؤثر جواب دیا۔ سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین نے حب الوطنی، اتحاد اور شعور کے ساتھ اپنا کردار ادا کیا، جو جدید دور کے محاذ پر ایک بڑی کامیابی ہے۔
اس آپریشن کے دوران ایک غیر معمولی امر یہ دیکھنے میں آیا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود تمام جماعتوں اور طبقات نے وطن کے مفاد کو فوقیت دی۔ یہی وہ قومی یکجہتی ہے جس کی دشمن توقع نہیں کرتا، اور یہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔آزاد جموں و کشمیر کیی عوام نے جس صبر، حوصلے اور وفاداری کا مظاہرہ کیا، وہ ناقابلِ فراموش ہے۔ سرحدی علاقوں میں بھارتی جارحیت کے باوجود کشمیری عوام نے افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی دکھائی، قربانیاں دیں، اور دشمن کو واضح پیغام دیا کہ کشمیر ہمیشہ پاکستان کے ساتھ ہے۔ ہم ان عظیم لوگوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔”بنیان مرصوص” کی اصل طاقت اس اتحاد میں ہے جو فوج، عوام، میڈیا اور کشمیری بھائیوں کے درمیان نظر آیا۔ یہ آپریشن صرف عسکری محاذ پر نہیں، بلکہ فکری، معلوماتی اور قومی بیانیے کے محاذ پر بھی ایک بڑی کامیابی ہے۔ یہی اتحاد، یہی شعور، اور یہی یکجہتی پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بناتی ہے۔

Comments (0)
Add Comment